0
Sunday 28 Apr 2024 20:52

معاشرتی ترقی کیلئے تعلیم کا فروغ انتہائی ضروری ہے، ڈاکٹر راغب نعیمی

معاشرتی ترقی کیلئے تعلیم کا فروغ انتہائی ضروری ہے، ڈاکٹر راغب نعیمی
اسلام ٹائمز۔ دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا کہ معاشرتی ترقی کیلئے تعلیم کا فروغ انتہائی ضروری ہے۔ مدارس کے نظام تعلیم کو جدید تقاضے سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے۔ دینی اساتذہ علوم کیساتھ ساتھ طلباء کی اخلاقیات پر بھی بھرپور توجہ دیں، انہیں اچھے اخلاق اور اعلیٰ اوصاف سے مزین کریں تاکہ طلباء جب یہاں سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد معاشرہ میں قدم رکھیں تو لوگ ان کے اچھے اوصاف و عمدہ اخلاق اور تہذیب کے سبب اس کے ادارہ کی بھی تعریف کئے بغیر نہ رہ سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ نعیمیہ میں اساتذہ کے سالانہ مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس کی صدارت شیخ الحدیث مفتی عبدالعلیم سیالوی نے کی جبکہ اجلاس میں مفتی انور القادری، مولانا غلام نصیر الدین چشتی، مولانا محبوب احمد چشتی، مولانا کلیم فاروقی، مفتی محمد عمران حنفی، مولانا ارشد جاوید قادری، مولانا محب الرسول، مفتی محمد عارف حسین، مفتی سید زین العابدین شاہ، مولانا غلام مرتضیٰ نقشبندی، مولانا غلام یاسین قادری، قاری ذوالفقار احمد، قاری محمد رفیق احمد نقشبندی، قاری اشفاق قصوری سمیت جامعہ نعیمیہ کے اساتذہ، مدرسین نے شرکت کی۔

علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے مزید کہا کہ اسلام کا دامن حکمت اور دانائی کے موتیوں سے بھرا پڑا ہے۔ دین اسلام تمام دنیا کے انسانوں کو فکر و عمل کی دعوت دیتا ہے۔ آج کے جدید اور ترقی یافتہ دور میں اگر کسی بھی ملک وقوم کو آگے بڑھنا ہے تو یہ بات تو طے ہے کہ ان کی ترقی کا سفر حصول علم اور فروغ علم کے بغیر جاری نہیں رہ سکتا۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ہر اس ملک میں جہاں تعلیم کی شرح تسلی بخش نہیں وہاں پر ترقی کی رفتار خود بخود سست پڑنے لگتی ہے۔ اس لئے اگر یہ کہاجائے تو غلط نہ ہوگا کہ آج کادور تعلیم اور تحقیق کادور ہے۔
خبر کا کوڈ : 1131776
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش