0
Wednesday 23 Apr 2014 20:16

پیمرا نے جیو نیوز کا لائسنس منسوخ کرنے کیلئے درخواست لیگل ڈیپارٹمنٹ کو بھجوا دی

پیمرا نے جیو نیوز کا لائسنس منسوخ کرنے کیلئے درخواست لیگل ڈیپارٹمنٹ کو بھجوا دی
اسلام ٹائمز۔ سینئر صحافی حامد میر پر حملے کے بعد آئی ایس آئی کے سربراہ پر متاثرہ خاندان کے الزامات کی خبریں جیو نیوز پر نشر ہونے کے بعد انٹر سروسز انٹیلی جنس نے وزارت دفاع سے تحریری شکایت کردی، وزارت دفاع نے جیو نیوز کو بند اور اس کی ادارتی ٹیم اور انتظامیہ کے خلاف مقدمے کیلئے پیمرا کو درخواست بھجوا دی۔ رپورٹس کے مطابق وزارت دفاع نے جیو نیوز کو بند کرنے کے لیے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کو درخواست بھجوائی ہے۔ وزارت دفاع کے ترجمان ناریتہ فرحان نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ وزیر دفاع خواجہ آصف کی جانب سے پیمرا آرڈیننس 2002ء سیکشن 33 اور 36 کے تحت پیمرا حکام کو درخواست دی گئی ہے کہ جیو نیوز کی ادارتی ٹیم اور انتظامیہ کے خلاف مقدمے کا آغاز کریں۔ وزارت دفاع کا موقف ہے کہ ریاست کے ایک ادارے کے خلاف توہین آمیز مواد چلایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ پیمرا حکام کو بھجوائی گئی درخواست میں یہ بھی کہا ہے کہ جیو کے خلاف ثبوت اور حقائق دیکھنے کے بعد فوری طور پر جیو نیوز کا لائسنس منسوخ کیا جائے۔ دوسری جانب جیو نیوز سے گفتگو میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا کہ جب یہ کیس پیمرا میں جائے گا تو جیو نیوز اپنے خدشات کا اظہارکر سکے گا۔ جیو نیوز پیمرا جا کر بتا سکتا ہے کہ اس نے ایسا کچھ نہیں کیا جس سے کسی ادارے کی تضحیک ہو۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پیمرا دوسرے فریق کا بھی موقف سنتا ہے اور یہ پیمرا کی ذمہ داری ہے کہ وہ کسی بھی شکایت کا جائزہ لے۔

دیگر ذرائع کے مطابق پیمرا نے وزارت دفاع کی جانب سے جیو نیوز کے خلاف دائر درخواست لیگل ڈیپارٹمنٹ کو بھجوا دی۔  ذرائع کے مطابق پیمرا کا لیگل ڈیپارٹمنٹ وزارت دفاع کی درخواست کے تناظر میں نوٹس تیار کر کے جیو نیوز کو بھجوائے گا، نوٹس میں جیو نیوز کو ایک سے دو ہفتے کا وقت دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق نوٹس کے جواب کے بعد جیو نیوز کے خلاف کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا۔ وزارت دفاع نے پیمرا میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ نجی ٹی وی چینل نے ملکی دفاعی ادارے آئی ایس آئی کے خلاف بے بنیاد الزامات لگائے۔ درخواست میں جیو نیوز کا لائسنس منسوخ کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 375824
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش