0
Friday 22 Aug 2014 00:00
ہفتے کی رات کو ایمپائر کی انگلی اوپر چلی جائیگی

ڈکٹیشن کی ضرورت نہیں، امریکہ کون ہوتا ہے یہ کہنے والا کہ نواز شریف جمہوری وزیراعظم ہیں، عمران خان

ملک کو نواز شریف سے آزاد کئے بغیر اسلام آباد سے نہیں جائوں گا
ڈکٹیشن کی ضرورت نہیں، امریکہ کون ہوتا ہے یہ کہنے والا کہ نواز شریف جمہوری وزیراعظم ہیں، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک اںصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ امریکہ کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ ہمیں کہیں کہ نواز شریف ایک جمہوری وزیراعظم ہیں۔ میں اس ملک کو نواز شریف سے آزاد کئے بغیر اسلام آباد سے نہیں جائوں گا۔ حکمران فیصلہ کر لیں کہ وہ عزت سے اقتدار چھوڑیں گے یا نہیں۔ پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ میری زندگی کا ایک بہت بڑا عرصہ مغرب میں گزرا ہے۔ میں مغرب کی جمہوریت کو نواز شریف سے بہت اچھے طریقے سے جانتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کیساتھ کون کون کھڑا ہے، آج سامنے آگیا۔ امریکی سفیر رچرڈ اولسن سے مودبانہ گزارش ہے کہ اگر آپ کے ملک میں الیکشن میں دھاندلی ہو تو آپ اسے تسلیم کر لیں گے۔؟ میں اور آپ جانتے ہیں کہ اگر امریکہ اور مغرب میں ہونے والے انتخابات میں ووٹوں کی تصدیق نہ ہو تو اس کو کبھی تسلیم نہیں کیا جائے گا۔ امریکی سفیر ایک سمجھدار آدمی ہیں، میری ان سے گزارش ہے کہ وہ اپنے حکام کو سمجھائیں کہ پاکستان کی سیاست میں اپنا کردار ادا نہ کریں۔ 
انہوں نے امریکہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی محکمہ خارجہ سن لو! آپ کو ہمارے اندرونی معاملات میں مداخلت کا کوئی اختیار نہیں ہے۔ امریکہ سے مودبانہ گزارش ہے کہ ہمیں آپ کی ڈکٹیشن اور این او سی کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے اپنے ورکروں سے وعدہ کیا کہ میں نواز شریف کی طرح امریکہ سے مدد نہیں مانگتا۔ عمران خان بطور وزیراعظم امریکی ہتھیار نہیں بنے گا۔ انقلاب مارچ سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم کسی سے لڑائی نہیں چاہتے، ہم پرامن لوگ ہیں۔ تحریک انصاف کے کارکن گذشتہ ایک ہفتے سے سڑکوں پر ہیں لیکن اسلام آباد کا ایک گملہ بھی نہیں ٹوٹا۔ ان کا کہنا تھا کہ محمود خان اچکزئی نے اپنا ضمیر بھائی کی گورنر شپ پر بیچ دیا جبکہ مولانا فضل الرحمان اپنا ضمیر ڈیزل کے پرمٹ پر بیچ دیتے ہیں۔ ''مولانا فضل الرحمان ڈیزل کے جتنے پرمٹ لینے ہیں لے لیں، نئے پاکستان میں جیل ملے گی۔ عمران خان نے ملک بھر میں اپنے کارکنوں کو دھرنے دینے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ میرا دل کہتا ہے کہ دو دن میں ایمپائر کی انگلی اٹھ جائے گی۔ عمران خان نے انقلاب مارچ کے شرکاء سے امریکہ کا جو یار ہے، غدار ہے، غدار ہے اور امریکا کا جو یار ہے وہ غلام ہے، غلام ہے، کے نعرے بھی لگوائے۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ ہفتے کی رات کو ایمپائر کی انگلی اوپر چلی جائے گی، امریکہ کسی کی حمایت نہ کرے، امریکا کون ہوتا ہے یہ کہنے والا کہ نواز شریف جمہوری وزیراعظم ہیں۔ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ زیادہ سے زیادہ ہفتے کی رات تک معاملہ ختم ہوجائےگا، ہفتے کی رات کو ایمپائر کی انگلی اوپر چلی جائے گی، وزیراعظم نواز شریف کے استعفٰی دینے تک یہاں سے نہیں جاؤں گا، میں اس کنٹینر میں ہوں، جتنی دیر لگ جائے کارکنوں کے لیے کھڑا ہوں، پاکستان کو نواز شریف سے آزاد کئے بغیر نہیں جاؤں گا۔ عمران خان نے جیو نیوز کی ٹیم بالخصوص خاتون رپورٹر فرحت جاوید سے تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے بدتمیزی اور تضحیک آمیز رویے پر کارکنوں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کارکن مجھے شرمندہ نہ کریں، کسی قسم کی بدتمیزی نہیں کرنی، خواتین کی عزت کریں۔ عمران خان نے اس موقع پر امریکہ پر بھی اپنا غصہ نکالا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کسی کی حمایت نہ کرے، امریکہ کون ہوتا ہے یہ کہنے والا کہ نواز شریف جمہوری وزیراعظم ہیں۔ انہوں نے عالمی مالیاتی اداروں کو تنبیہ کی کہ عالمی اداروں نے آج کے بعد جو بھی قرضہ دیا وہ ہماری حکومت واپس نہیں کرے گی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت سن لو! پولیس کا استعمال کرکے احمقانہ حرکت نہیں کرنا، سیکریٹری داخلہ سے کہتا ہوں کہ کچھ ہوا تو انہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملےگی، 200 ارب ڈالر واپس اس ملک میں لاؤں گا۔
خبر کا کوڈ : 406026
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش