0
Monday 8 Sep 2014 09:26

مقبوضہ کشمیر میں شدید سیلاب

مقبوضہ کشمیر میں شدید سیلاب
اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر میں جہاں عام حالات میں خوبصورت اور بھرپور نظاروں کے ساتھ ساتھ جدید طرز زندگی کی گہماگہمی دیکھنے کو ملتی ہے وہاں آج کل جس طرف نظر دوڑائیں تو دہشت سے دل ڈوبنے لگتا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سیلاب کے پانی سے جہاں خالی زمین ٹھاٹھیں مارتے ہوئے سمندر کا نقشہ پیش کرتی ہے وہیں کثیر منزلہ جدید طرز کی عمارتوں کو بھی سیلابی پانی نے اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے۔ سرینگر کے بائی پاس روڑ پر جب انسان کھڑا ہو جاتا ہے تو پانی کی خاموش موجوں میں سے چیخنے چلانے کی آوازیں آ رہی ہیں لوگ رورو کر پانی میں ڈوبے ہوئے گھروں سے اپنے پیاروں کو باہر نکالنے کیلئے مدد طلب کر رہے ہیں۔ خواتین کی آنکھیں آنسوئوں سے نمناک ہیں۔

سڑک پر رو رہے ایک شخص نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ سیلابی پانی نے اس کے گھر کو تمام اہلخانہ سمیت اپنے اندر ڈبو دیا۔ نظر دوڑانے پر جھیل نما سیلابی صورتحال کے درمیان کہیں کہیں کسی مکان کی صرف چھت نظر آتی ہے۔ ایک خاتون نے روتے ہوئے کہا کہ اس کا سب کچھ آنکھوں کے سامنے برباد ہو گیا لیکن کوئی مدد کو نہیں آیا اپنا نام نور بیگم بتانے والی بزرگ خاتون کا کہنا تھا کہ اس کا گھر پانی میں ڈوبا ہوا ہے اور وہ لوگ پچھلے کئی روز سے بے بسی کے عالم میں دور کھڑے اس وحشت ناک صورتحال کو دیکھ رہے ہیں۔

ایک سیلاب زدہ علاقے سے کشتی کے ذریعے کچھ افراد جب محفوظ مقام پر پہنچے تو ایک شخص نے بس اتنا بتایا کہ انہوں نے وہ تباہی دیکھی جس کا کبھی سوچا بھی نہیں تھا۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ ان کا سب کچھ اجڑ چکا ہے۔ ایک خاتون نے کہا کہ لوگ زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں لیکن انتظامیہ کی طرف سے انہیں کسی قسم کی کوئی مدد فراہم نہیں کی جا رہی۔ خاتون کا کہنا تھا کہ متاثرین بے یار ومدد گار پڑے ہوئے ہیں اور انہیں کھانے پینے کو کچھ میسر نہیں۔
خبر کا کوڈ : 408743
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش