0
Saturday 27 Sep 2014 00:05

کشمیر پر اقوام متحدہ کی قرارداد آج بھی عمل درآمد کی منتظر ہے، نواز شریف

کشمیر پر اقوام متحدہ کی قرارداد آج بھی عمل درآمد کی منتظر ہے، نواز شریف
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاک بھارت سیکرٹری خارجہ ملاقات کی منسوخی پر افسوس ہوا جبکہ بھارت نے مذاکرات کا موقع گنوا دیا، جسے دنیا بھر نے دیکھا۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن  اور برابری کی بنیاد پر ہمسایہ ممالک سے تعلقات چاہتا ہے، لیکن بھارت کی جانب سے سیکرٹری خارجہ کی سطح پر طے شدہ مذاکرات کی منسوخی پر افسوس ہوا اور بھارت نے مذاکرات کا موقع گنوا دیا جسے پوری دنیا نے دیکھا۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا کے عوام نہ حل ہونے والے تنازعات میں گھرے رہنے کے باعث خوشحالی سے دور ہیں، تاہم اب دو ہی راستے ہیں یا تو موجودہ مسائل کے ساتھ رہا جائے، یا بات چیت کے ذریعے تنازعات کا خاتمہ کرتے ہوئے آگے بڑھا جائے، کیونکہ پاکستان تنازعات کے حل، تجارتی تعلقات اور معاشی ترقی پر یقین رکھتا ہے، جو قیام امن کے لئے انتہائی ضروری ہیں، جبکہ دہشتگردی کے خاتمے کے لئے پاکستان اہم جنگ میں مصروف ہے اور دہشتگردی کے خاتمے تک اس جنگ سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
 
وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ 6 دہائیاں قبل اقوام متحدہ نے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے قرارداد منظور کی تھی اور آج تک مقبوضہ کشمیر کے عوام ان قراردادوں پر عملدرآمد کے منتظر ہیں جبکہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ کشمیری عوام سے کئے گئے وعدوں پر عمل کرائے کیونکہ مقبوضہ کمشیر کے عوام کئی دہائیوں سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا شکار ہیں اور پاکستان بات چیت کے ذریعے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے تیار ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے افغانستان کے حوالے سے کہا کہ پاکستان افغانستان کے عوام کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتا ہے اور نئی منتخب حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کی دعوت دیتا ہے۔

فلسطین پر اسرائیلی جارحیت سے متعلق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ غزہ میں اسرائیل کی جانب سے فلسطینی عوام کی نسل کشی کی مذمت کرتے ہیں، غزہ اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی خوش آئند ہے، تاہم غزہ کا محاصرہ ختم کروا کر فوری طور پر مسئلہ فلسطین کا نتیجہ خیز حل نکالا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان متفق ہے کہ ہر قوم کو عالمی امن کے لئے کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے، جبکہ پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشن میں سب سے زیادہ فوجی بھیجنے والا ملک ہے، وزیراعظم نواز شریف نے واضح کیا کہ پاکستان ایٹمی عدم پھیلاؤ کے خلاف ہے اور خطے میں جاری ہتھیاروں کی دوڑ میں شریک نہیں جبکہ نیو کلئیر سیفٹی کے لئے پاکستان نے مختلف اقدامات اٹھائے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 411821
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش