0
Tuesday 28 Oct 2014 17:03

باجوڑ دھماکے میں 9 سیکورٹی اہلکار زخمی

باجوڑ دھماکے میں 9 سیکورٹی اہلکار زخمی
اسلام ٹائمز۔ باجوڑ ایجنسی کی تحصیل نواگئی میں سڑک کنارے ایک بم دھماکے میں نو سیکورٹی اہلکار زخمی ہو گئے۔ سرکاری حکام نے پیر کو بتایا کہ بم ڈسپوزل سکواڈ کے ارکان عسکریت پسندوں کی جانب سے نصب ایک بم کو ناکارہ بنانے جا رہے تھے لیکن اس سے پہلے کہ سکواڈ وہاں پہنچتا اور بم ناکارہ بناتا وہ خود ہلال خیل چارمنگ میں ایک بم کا نشانہ بن گیا۔ زخمی اہلکاروں میں حوالدار گل حسن، نائک برکت، نذیر، منصور، رحیم خان، جاوید، عمران اور عبدالوحید شامل ہیں جبکہ نویں اہلکار کی شناخت نہ ہو سکی۔ واقعہ کے بعد سیکورٹی فورسز، دیہاتیوں اورایک گاؤں کی دفاعی کمیٹی نے ریسکیو سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہوئے زخمیوں کو خار کے ایجنسی ہیڈ کواٹر ہسپتال منتقل کیا۔ ایک سرکاری افسر نے میڈیا کو بتایا کہ دو شدید زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور بھیج دیا گیا ہے۔ ابھی تک کسی نے بم دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ واقعہ کے بعد انتظامیہ نے علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔

خیال رہے کہ اتوار کی شام سیکورٹی فورسز نے باجوڑ لیویز کی مدد سے نواگئی تحصیل میں ایک لنک روڈ پر سڑک کنارے بم ناکارہ بنایا تھا۔ دوسری جانب حکام نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے ایک دن پہلے مومند تحصیل میں سرچ آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا۔ حکام کے مطابق، یہ سرچ آپریشن مقامی افراد کی نشان دہی پر کیا گیا اور اس دوران مختلف مقامات سے شیل، راکٹ، دستی بم، برآمد کیے گئے۔
خبر کا کوڈ : 416919
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش