8
3
Wednesday 20 Mar 2024 01:43

شتر مرغ کی سیاست اور ظفر عباس کیخلاف مافیاز کا پروپیگنڈہ

شتر مرغ کی سیاست اور ظفر عباس کیخلاف مافیاز کا پروپیگنڈہ
خصوصی تحریر

میری نظر میں دو وجوہات ایسی ہیں، جن کے باعث ظفر عباس یا جے ڈی سی کو لوگ تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔ اول یہ کہ پاکستان کا یہ فیشن بن گیا ہے کہ آپ نے زندگی میں کوئی کام اچھا کیا ہو یا نہ کیا ہو، لیکن ہر اچھے کام کرنے والے کی ٹانگ کھنچنا فرض سمجھتے ہیں، کچھ لوگوں کو ہر بات میں کیڑے نکالنے کا مرض ہوتا ہے، یہ بیماری آپ کو آج کل "شتر مرغ" کے ایشو پر سوشل میڈیا پر زیادہ نظر آرہی ہے۔ دوئم یہ کہ اگر آپ نے کبھی ظفر عباس یا جے ڈی سی یا کسی اور اچھا کام کرنے والے پر تنقید کی ہے یا وہ تنقیدی پوسٹ شئیر کی ہے تو آپ غور کریں کہ کہیں آپ نادانستہ طور پر کسی کے آلہ کار تو نہیں بن گئے۔؟

گذشتہ چند مہینوں سے (2024ء کے رمضان سے بہت پہلے) ظفر عباس اور جے ڈی سی کے خلاف مورچہ بناکر ایک مخصوص لابی کیوں سرگرم عمل ہوگئی ہے؟ کیوں میڈیا سے وابستہ کچھ افراد نے جے ڈی سی یا ظفر عباس کے خلاف محاذ کھول لیا ہے؟ میڈیا بکتا ہے یا میڈیا کے لوگ بکتے ہیں، اس کا اندازہ آپ کو تب ہوتا ہے، جب آپ فیلڈ میں اترتے ہیں اور آپ کا رپورٹنگ سے وابستہ لوگوں سے واسطہ پڑتا ہے، آج کل کے دور میں آپ کو رپورٹنگ میں تین طرح کے لوگ زیادہ دکھائی دیتے ہیں۔

وہ لوگ جو خوشامدی رپورٹنگ کرکے فائدہ اٹھاتے ہیں اور جن سے پیسہ لیتے ہیں، ان کے مخالفین کے خلاف مہم کا حصہ بن جاتے ہیں۔
یہ وہ لوگ ہوتے ہیں، جو کسی صحیح کام کرنے والے کی منفی رپورٹنگ کرکے پیسہ بنا رہے ہیں، انہیں اس کام کے عوض صحیح کام کرنے والے شخص یا ادارے کے مخالف سے بھاری بھرکم رقم ملتی ہے۔
تیسرے قسم کے لوگ نیوٹرل ہوتے ہیں، ان کو یا تو کمانے کا ڈھنگ نہیں آتا یا پھر زیادہ سے زیادہ کسی ایونٹ میں جاتے ہیں تو میزبان انہیں کوریج کرنے پر لفافہ تھما دیتا ہے، یا پھر چند صحافی ایسے بھی ہوتے ہیں، جو اپنے شعبے سے انتہائی مخلص ہوتے ہیں اور صرف تنخواہ پر گزارا کرتے ہیں۔

اب اوپر دی گئی مثال نمبر ایک اور مثال نمبر 2 جیسی قسم کے افراد ظفر عباس کے پیچھے پڑگئے ہیں، جنہیں صحافی کہنا بھی صحافت کی توہین ہے۔ کیا وجہ ہے کہ گذشتہ چند مہینوں سے پوری قوت سے ظفر عباس یا جے ڈی سی کے خلاف مہم چلائی جا رہی ہے اور آپ انجانے میں اس کا حصہ بن رہے ہیں۔

وجہ یہ ہے
پاکستان میں سب سے زیادہ کمانے والا شعبہ صحت کا ہے اور اس کے بعد دوسرا نمبر تعلیم کا ہے، ایک مافیا ہے، جو ماہانہ اربوں روپے صحت و تعلیم کے نام پر شہریوں سے لوٹ رہا ہے، جے ڈی سی کا جنرل سیکریٹری ظفر عباس اس مافیا کے خلاف تنہاء کھڑا ہوگیا ہے۔

فری ڈائیگونسٹک بلڈ ٹیسٹ لیب
گذشتہ برس نمائش چورنگی پر جے ڈی سی نے اربوں روپے مالیت کی دنیا کی جدید ترین مشینوں سے لیس فری ڈائیگونسٹک بلڈ ٹیسٹ لیب کھولی، جس میں سینکڑوں ضرورت مند افراد روزانہ ہزاروں ٹیسٹ مفت کرا رہے ہیں، مستحق افراد کے ان ہزاروں ٹیسٹ کی مالیت لاکھوں روپوں میں ہے، جی آپ درست پڑھ رہے ہیں، روزانہ سینکڑوں لوگ اس لیبارٹری کے ذریعے ہزاروں مہنگے مہنگے ٹیسٹ مفت کراتے ہیں، نمائش پر قائم اس لیبارٹری میں روزانہ کم از کم 16 سے 17 لاکھ روپے کے ٹیسٹ ہوتے ہیں، جو سب کے سب مفت ہوتے ہیں۔ یعنی کراچی کے شہریوں کے ماہانہ 5 کروڑ روپے اور سالانہ 60 کروڑ روپے صرف ایک لیبارٹری سے بچ رہے ہیں۔

اس تصویر کا دوسرا رخ یہ ہے کہ کراچی میں جو لوٹنے والی لیبارٹریز موجود ہیں، ان کے لوٹنے والے بجٹ میں سے ہر ماہ 5 کروڑ روپے کم ہو رہے ہیں اور ان کو انفرادی طور پر اپنے کاروبار میں ہر مہینے لاکھوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔ ابھی جے ڈی سی نے صرف ایک مفت لیبارٹری کھولی ہے اور اگر مزید لیبارٹریز کھل گئیں تو اس مافیا کے نہ صرف کاروبار چوپٹ ہو جائیں گے بلکہ عوام کو بھی بڑا ریلیف ملے گا، اسی خسارے کے پیش نظر اس لیبارٹری مافیا نے اپنے کالے دھن سے جمع شدہ خزانے کے منہ کھول دیئے ہیں اور میڈیا سے وابستہ کچھ افراد کو خرید لیا ہے۔

22 ارب روپے
آپ کو گذشتہ چند ہفتوں سے اگر جے ڈی سی یا ظفر عباس کے خلاف کچھ مخصوص لوگ مسلسل زہر اگلتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں تو یہ لوگ رانگ نمبرز ہیں، یہ صرف اپنے فائدے کے لیے غریب عوام کا نقصان کر رہے ہیں، یہ زرد صحافت کے وہ بھیڑیئے ہیں، جو اپنے ہی لوگوں کا خون چوس کر اپنا پیٹ بھر رہے ہیں، جے ڈی سی کو پہلی بار حکومت سندھ کی جانب سے ان کے امدادی کاموں کے پیش نظر سالانہ گرانٹ دی جا رہی تھی، لیکن اسی مافیا نے اپنے بلیک میلرز سوکالڈ صحافیوں کے ذریعے ایک مہم چلائی، جس کے بعد نگران سندھ حکومت نے وہ گرانٹ روک دی، اس گرانٹ سے نہ صرف نمائش پر موجود لیبارٹری کو چلانے میں مدد ملتی بلکہ مزید لیبارٹریز کے قیام کی راہ بھی ہموار ہو جاتی اور ساتھ ہی جے ڈی سی کے دیگر فلاحی کاموں میں بھی یہ گرانٹ کام آتی ہے، یہ گرانٹ سالانہ تقریباً 22 ارب روپے تھی۔

بعض رپورٹرز نے تو یہ خبر دے دی کہ یہ 22 ارب روپے جے ڈی سی کو مل گئے ہیں، ہوسکتا ہے بعض افراد کے لئے 22 ارب بہت بڑی رقم ہوگی، لیکن یہ بتاتا چلوں کہ سندھ حکومت کئی فلاحی اداروں اور اسپتالوں کو ماہانہ کروڑوں روپے امداد دیتی ہے، مثال کے طور پر انڈس اسپتال کی بات کریں تو یہ صرف صحت کے شعبے میں کام کر رہا ہے اور کروڑوں کی فنڈ لے رہا ہے جبکہ جے ڈی سی صحت اور تعلیم کے علاوہ کئی اور پراجیکٹ چلا رہا ہے۔ مثال کے طور پر جے ڈی سی کے اولڈ ایج ہومز، دستر خوان، فری ٹرانسپورٹ، روزگار اسکیم، اجتماعی قربانی، یتیم بچیوں کی شادی اور ریسکیو سروس جیسے درجنوں بڑے پراجیکٹ کامیابی کے ساتھ چل رہے ہیں۔

فری ڈائلیسز سینٹرز
اوپر ہم نے جے ڈی سی کی فری لیبارٹری کی بات کی، اگر آپ جے ڈی سی کے فری ڈائلیسز سینٹرز کی بات کریں تو یہ خود ایک عجوبہ ہے، پاکستان میں ایس آئی یو ٹی کے علاوہ کتنے ادارے ہیں، جو مفت ڈائلیسز کر رہے ہیں؟ اس کا جواب ہے ایک بھی نہیں، اگر جے ڈی سی شہر شہر مفت ڈائلیسز سینٹر کھول رہا ہے تو اس سے غریب عوام کا ہی فائدہ ہو رہا ہے، ہاں نقصان اس مافیا کا ہو رہا ہے، جو ڈائیلسز کے نام پر ایک مریض سے ماہانہ کم ازکم ایک لاکھ اور زیادہ سے زیادہ 5 لاکھ روپے بٹور رہا ہے، جی آپ درست سمجھے صرف ایک مریض سے کم از کم ایک لاکھ روپے ڈائلیسز کے مد میں لیے جاتے ہیں، پرائیوٹ اسپتال ہر ماہ کروڑوں روپے ڈائلیسز کرکے ہی کمالیتے ہیں۔

جے ڈی سی کے ڈائلیسز سینٹرز بننے کے بعد ان بڑے بڑے اسپتالوں کی کمائی میں کروڑوں روپے کا نقصان بھی ہو رہا ہے، اس میں سے چند لاکھ روپے یہ میڈیا والوں کو دیکر اس ملک و قوم کے لیے کام کرنے والے ادارے جے ڈی سی اور اس کے جنرل سیکریٹری ظفر عباس کے خلاف مہم چلا رہے ہیں اور آپ بھی نادانی میں اس کا حصہ بن رہے ہیں۔ کیا اس لیبارٹری یا ڈائلیسز سینٹر سے ظفر عباس کے رشتے دار فائدہ اٹھا رہے ہیں، کون لوگ مفت ٹیسٹ کرانے یا ڈائلیسز سینٹرز آتے ہیں؟ یہ جاننے کے لئے آپ کسی بھی دن ان مقامات پر آجائیں تو آپ کو اندازہ ہو جائے گا، حکمرانوں اور سیٹھوں نے تو غریب عوام پر زندگی تنگ کر دی ہے، آپ ان غریبوں سے جینے کا حق بھی چھیننا چاہتے ہیں؟ یہ صرف صحت کی بات نہیں ہے، جے ڈی سی کی فری آئی ٹی سٹی سے ہزاروں طلباء جدید کورسز کرکے ڈالرز میں کما رہے ہیں۔

ہاؤس آف ایجوکیشن
جے ڈی سی کا فری اسکول (ہاؤس آف ایجوکیشن) جس کا اسٹینڈرڈ کسی بھی انٹرنیشنل اسکول سے کم نہیں ہے، اس میں چھوٹے چھوٹے بچوں کو لیپ ٹاپ سے تعلیم دی جا رہی ہے۔ تعلیم کے شعبے میں جے ڈی سی کے صرف ان دو کاموں نے ایجوکیشن مافیا کے پیروں تلے زمین نکال دی ہے، آپ کو بخوبی اندازہ ہے کہ ہمارے ملک میں تعلیم کتنی مہنگی ہے، ایسے میں جے ڈی سی غریب کے بچوں کو مفت اور معیاری تعلیم دے رہا ہے تو ایجوکیشن مافیا کو اس میں کروڑوں کا نقصان ہو رہا ہے، یہ بھی ظفر عباس کے خلاف مہم میں ہر ماہ لاکھوں روپے پھونک رہا ہے، آپ بھی انجانے میں ظفر عباس کے خلاف مہم میں اس مافیا کا ساتھ دے رہے ہیں؟ آج جے ڈی سی نے انٹرنیشنل اسٹینڈرڈ کا ایک فری اسکول بنایا ہے، کل مزید مفت اسکول اس کے پلان میں شامل ہیں۔

ذرا سوچئے، مفت اسکول، مفت آئی ٹی کی تعلیم، فری ڈائلیسز سینٹر اور مفت میں مہنگے ترین بلڈ ٹیسٹ سے کس کا فائدہ اور کس کا نقصان ہو رہا ہے؟ اور آپ "شتر مرغ" مہم کے ذریعے کس کو فائدہ پہنچا رہے ہیں۔ "شتر مرغ" کے نام پر ظفر عباس یا جے ڈی سی کے خلاف مہم میں میڈیا کے کچھ لوگ یا ایک مخصوص لابی سے وابستہ افراد کے منہ نوٹوں سے بھر دیئے گئے ہیں، آپ ان لوگوں کو پہچانیں اور ان لوگوں کے شر سے دوسرے لوگوں کو محفوظ رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں، یہ اپنی قسم میں ایک جہاد ہے، جو آپ برائی کے خلاف کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 1123695
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

Pakistan
شاباش ظفر عباس، سلامت رہو، مافیاز کیخلاف اللہ آپ کی حفاظت کرے۔ آمین
Japan
ظفر عباس کے اچھے کام اپنی جگہ قابل تحسین، لیکن شتر مرغ کے علاوہ بھی سحری کے کھانے کے لیے انواع و اقسام کی غذائیں موجود ہیں اور اس پر تو علامہ ضمیر اختر نقوی تک ظفر عباس پر تنقید کرچکے تھے۔ حالانکہ ظفر عباس انکے دوست تھے۔ بقول علامہ اقبال "تھا جو ناخوب بتدریج خوب ہوا" بعض اوقات بعض کام ناقابل دفاع بھی کر جاتے ہیں۔ محض ریکارڈ پر لانے کے لیے کمنٹ لکھا ہے کہ ظفر اور جے ڈی سی کو پسند کرنے والے بھی شتر مرغ کو ناپسند کرتے ہیں۔۔۔۔
Pakistan
اللہ سلامت رکھے، اللہ اور کامیاب کرے، انسان کو اچھے کام دیکھنے چاہیئے اور اس کی تعریف کرنی چاہیئے۔ غلطیاں انسان سے ہی ہوتی ہیں، اللہ آپ کا ہر راستہ آسان کرے، ظفر بھائی مشکل راستوں پر کانٹے ضرور اتے ہیں، جو کچھ نہیں کرتے، وہ تنقید کرتے ہیں۔
Pakistan
ایسا لگ رہا ہے کہ اس قوم کا اصل مسئلہ شتر مرغ بن گیا ہے۔
Pakistan
ایک شتر مرغ سارے منافقوں کو ننگا کرگیا ہے۔ شاباش ظفر عباس، لگے رہو۔
Pakistan
ایم کیو ایم اور تکفیری افراد ظفر عباس کے خلاف پروپیگنڈے میں پیش پیش ہیں۔
Pakistan
ظفر بھائی اللہ آپ کے لیے آسانیاں کریں، جو کچھ نہیں کرسکتے، وہ صرف تنقید کرتے ہیں، انسان کو اچھے کام دیکھنے چاہیئے، غلطیاں انسان سے ہی ہوتی ہیں۔
Japan
بھائیو اور دوستو، تکفیریت اور دیگر خبیثوں لعنت اللہ علیھم اجمعین کی وجہ سے ظفر عباس کی غلط پالیسی کا دفاع کرنے پر مجبور ہے تشیع، ورنہ یہ کوئی انا کی بات نہیں ہے۔ شتر مرغ کے علاوہ بھی انواع و اقسام کے طعام سحر و افطار میں پیش کیے جاسکتے ہیں۔ بلاوجہ اسلام ٹائمز کو اکھاڑہ نہ بنائیں. سیٹھوں کی ہی جنگ ہے۔ چھاردہ معصومین (ع) کی سیرت طیبہ کو معیار اصول پیمانہ بناکر کمنٹ کریں۔ کیا مولا امیر المومنین کی سیرت یہ ہے؟
اسلام ٹائمز ایک نظریاتی اسلام ناب محمدی ویب سائٹ رہ سکتی ہے تو رہے تو میرے جیسے لوگ اپنی پالیسی پر نظر ثانی کریں۔۔۔ یہ استثماری نظام کا مدافع ہے، جو سحری پر کیا جا رہا ہے۔ کیا اسلام ٹائمز کی ٹیم میں کوئی استثماری نظام سے موازنہ کرسکتا ہے؟؟ کہ قرآن و اھل بیت (ع) سے تمسک کے تحت ظفر عباس کی اس حرکت پر تنقید بنتی ہے یا تعریف۔
ہماری پیشکش