0
Sunday 18 Dec 2011 23:25

نیٹو سپلائی لائن بحال کی گئی تو پوری قوم سڑکوں پر نکل کر احتجاج کرے گی، دفاع پاکستان کونسل کا حکومت کو انتباہ

نیٹو سپلائی لائن بحال کی گئی تو پوری قوم سڑکوں پر نکل کر احتجاج کرے گی، دفاع پاکستان کونسل کا حکومت کو انتباہ
اسلام ٹائمز۔ ملک بھر کی مذہبی وسیاسی جماعتوں اور کشمیری تنظیموں کے قائدین، عسکری ماہرین، جید علماء کرام، طلباء، وکلاء اور تاجر رہنماؤں نے دفاع پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیٹو سپلائی لائن بحال کی گئی تو پوری قوم سڑکوں پر نکل کر احتجاج کرے گی امریکہ بھارت اور نیٹو فورسز نے پاکستان پر جارحیت کی کوشش کی تو کروڑوں پاکستانی قومی جذبے اور غیرت و حمیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے منہ توڑ جواب دیں گے، جب تک انڈیا کی غاصب فوج کشمیر سے نہیں نکلتی کشمیرمیں جہاد جاری رہے گا، شمسی ایئر بیس کی طرح امریکیوں سے تمام اڈے خالی کروائے جائیں، حکمران امریکہ کی نام نہاد دہشت گردی کے خلاف جنگ سے الگ ہو جائیں، بھارت سے آلو پیاز کی تجارت کی بجائے قوم لاکھوں مسلمانوں کے خون کا انتقام لینا چاہتی ہے، سیاسی و عسکری قیادت پاکستانی قوم کے جذبات کا خیال رکھیں ملکی و قومی مفادات کے خلاف کئے گئے فیصلے قبول نہیں کئے جائیں گے، پارلیمنٹ سے بھارت کو پسندیدہ ترین ملک کا درجہ دینے کی قرارداد منظور نہیں ہونے دیں گے، 13 جنوری کو لیاقت باغ راولپنڈی اور 22 جنوری کو مزار قائد کراچی میں دفاع پاکستان کانفرنسیں ہوں گی، انڈیا کی غاصب فوج کشمیر سے نکل جائے، مینار پاکستان جیسا اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ عوام الناس ہر شہر میں کریں گے۔ دفاع پاکستان کونسل انقلاب اور جہاد کی تحریک ہے۔ 

دفاع پاکستان کونسل کے زیراہتمام مینار پاکستان گراؤنڈ میں کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق کی زیرصدارت ہونے والی کانفرنس سے امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان حافظ محمد سعید، جنرل (ر) حمید گل،شیخ رشید احمد، مولانا محمد احمد لدھیانوی، اعجاز الحق، صاحبزادہ ابوالخیر زبیر، حافظ عبدالرحمن مکی، لیاقت بلوچ، غلام محمد صفی، علامہ ابتسام الہٰی ظہیر، حافظ عاکف سعید، اعجاز احمد چوہدری، مولانا امیر حمزہ، مولانا عبدالرؤف فاروقی، پیر سیف اللہ خالد، عبدالرشید ترابی، مولانا عبدالعزیز علوی، حافظ عبدالغفار روپڑی، سید ضیا ء اللہ شاہ بخاری، قاری یعقوب شیخ، مولانا عطاء المھمین بخاری، کفیل شاہ بخاری، مولانا اجمل قادری، طاہر محمود اشرفی، مولانا زاہد الراشدی، مولانا عبدالرشید حدوٹی، حافظ سیف اللہ منصور، مولانا عبدالجلیل نقشبندی، عبداللہ گل، ملک شاہ احمد خان، مولانا بشیر احمد شاد، مولانا محمد اسماعیل شجاع آبادی ،مولانا عبدالخالق رحمانی، صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی، شیخ نعیم بادشاہ، عبداللہ شاہ مظہر، مولانا شمس الرحمان معاویہ، مولانا حبیب الرحمن درخواستی، مخدوم منظور احمد، مفتی مبشر احمد ربانی، مفتی عبدالرحمن عابد، مولانا عبدالعزیز المدنی، مولانا سیف اللہ اعظم، سیف اللہ خالد، غلام قادر سبحانی، مولانا یونس حسن، مولانا محمد یوسف ربانی، مولانا محمد اکرم عثمانی، مرزا عثمان بیگ، مولانا محمد قاسم کوئٹہ، حافظ طلحہ سعید، محمد شفیق رضا قادری، مولانا سیف الرحمن درخواستی، شیخ نعیم بادشاہ، حافظ خالد ولید، قاری ضیاء الرحمان فاروقی، مولانا عاصم مخدوم، علی عمران شاہین و دیگر نے خطاب کیا۔ 

اس موقع پر محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا پیغام بھی پڑھ کر سنایا گیا پیغام مولانا امیر حمزہ نے پڑھ کر سنایا کانفرنس کے لاکھوں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق نے کہا کہ محب وطن قوتوں کو دفاع پاکستان کونسل کے ذریعہ ایک نیا ولولہ ملا ہے 18 کروڑ عوام کی وحدت کا فورم ہمیں اللہ نے دیا ہے یہ قافلہ چلے گا کونسل ایک وقتی اتحاد نہیں یہ غیروں سے ملک کو نکالنے اور سامراجی قوتوں کا قلع قمع کرنے کی تحریک ہے ہم نے اس ملک کے نظام کو بہتر بنانا ہے یہ انقلاب اور جہاد کی تحریک ہے انہوں نے کہا کہ ہم نے تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کو اخلاص سے دعوت دی مگر امریکی طاغوت کے حامی و اتحادیوں نے ہماری دعوت کو نظرانداز کر دیا نیٹو سپلائی لائن بحال کی گئی تو پوری قوم سڑکوں پر نکل کر احتجاج کرے گی امریکہ بھارت اور نیٹو فورسز نے پاکستان پر جارحیت کی کوشش کی تو ہم سب قومی جذبے اور غیرت و حمیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے منہ توڑ جواب دیں گے۔ 

امیر جماعۃالدعوۃ حافظ محمد سعید نے کہا کہ افغانستان میں شکست خوردہ امریکہ پاکستان کی سالمیت و خودمختاری پر حملے کر رہا ہے جب تک انڈیا کی غاصب فوج کشمیر سے نہیں نکلتی کشمیری مسلمان جہاد جاری رکھیں گے حکمران امریکہ کی نام نہاد دہشت گردی کیخلاف جنگ سے الگ ہو جائیں اب ہم نے امریکہ کی نہیں پاکستان کے دفاع کی جنگ لڑنی ہے پاکستان کیخلاف سازشیں کرنیوالے خود مٹ جائیں گے ایٹمی پاکستان کا تحفظ خون دیکر کریں گے قوم متحد و بیدار ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان لاالہ الا اللہ کی جاگیر ہے اس کے چپے چپے کا دفاع ہمارا دینی فریضہ ہے ڈرون حملے بزور بازو روکے جائیں سلالہ چیک پوسٹ پر شہید ہونیوالے فوجی اور ڈرون حملوں کا نشانہ بننے والوں کا خون برابر ہے۔ حافظ محمد سعید نے کہا امریکہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو نشانہ بنانا چاہتا ہے انڈیا اور اسرائیل اس کی مدد کر رہے ہیں، شمسی ایئر بیس کی طرح دیگر اڈے بھی خالی کرائیں جائیں افغانستان و پاکستان جڑواں بھائی ہیں امریکہ اور نیٹو فورسز کو خطہ سے نکالنے کیلئے ملک گیر تحریک جاری رکھیں گے حکمران امریکہ کے ساتھ کئے گئے تمام معاہدے ختم کریں انہوں نے سید علی گیلانی اور دیگر کشمیری قیادت کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کو نقصان پہنچانے کی سازشیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے انڈیا کو پسندیدہ قرار دینے والی قرار داد منظور نہیں ہونے دی جائے گی بھارت سے مشرقی پاکستان کی علیحدگی، بابری مسجد کی شہادت اور سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس کا انتقام لینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ مینار پاکستان گراؤنڈ میں ہوا ہے اسی اتحاد کا مظاہرہ ہر شہر میں ہونا چاہیے۔ 

دفاع پاکستان کونسل کی رابطہ کمیٹی کے کنوینئر جنرل (ر) حمید گل نے کہا کہ مولانا سمیع الحق اور حافظ محمد سعید اتنا عظیم الشان اجتماع مبارک ہو یہ دیکھ کر 70 سال پہلے کی وہ قرارداد مقاصد یاد آ گئی جس پر ملک حاصل کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ چوٹ کھائے ہوئے پاکستان پر حملے کیلئے بے تاب ہے ہمارا اجتماع اس اعلان کیلئے ہے کہ اگر تم آؤ گے تو پھر یہاں جا نہیں سکو گے ہم جنگ کا ارادہ نہیں رکھتے مگر شہیدوں کے خون کا بدلہ ضرور لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ د س سال حکومتوں نے ہمارے ساتھ ظلم کیا اپنے بندوں پر بم برسائے گئے اب سلالہ کی بمباری کے بعد جرأت دکھائی ہے تو عوام عسکری و سیاسی قیادت کے ساتھ ہے نیٹو کی سپلائی بند ہونے پر چیخ و پکار شروع ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی جرنیل شکست تسلیم کرنے کو تیار نہیں مگر تاریخ نے یہ فیصلہ کر دیا بھارت کی بالادستی قبول نہیں ہے اور پاکستان کو نیو کلیئر صلاحیت سے محروم کرنے کی سازشیں نا کام ہوں گی بھارت کشمیریوں کو آزادی دے کشمیر کے ساتھ غداری کا سوچ بھی نہیں سکتے۔ 

جمعیت علماء پاکستان کے سربراہ صاحبزادہ ابو الخیر زبیر نے کہا کہ حقیقت میں دفاع پاکستان دفاع اسلام ہے دشمنان اسلام پاکستان کیخلاف سازشیں کر رہے ہیں کیونکہ پاکستان اسلام کا قلعہ ہے یہاں اسلام کا پرچم بلند ہوگا تو کوئی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بھارت اور امریکہ کی طرح ان کی ایجنٹوں کی سازشیں بھی ناکام بنانی ہیں امریکی انخلاء کے بعد پاکستان مستحکم ہو جائے گا۔ اب پاکستان میں نبی اکرم (ص) کا لایا ہوا نظام نافذ ہوگا۔ اہلسنت والجماعت پاکستان (سپاہ صحابہ) کے سربراہ مولانا محمد احمد لدھیانوی نے کہا کہ قوم پاکستان سے محبت اور امریکہ سے نفرت کا اظہار کرنے کیلئے دفاع پاکستان کونسل کے قائدین کی قیادت پر اعتماد کر چکی ہے یہاں 70 سال قبل قرارداد پاکستان منظور ہوئی تھی اب اس قرارداد کا مذاق اڑایا جا رہا ہے آج وہ قرارداد آپ کی طرف دیکھ رہی ہے اب ملک کو بچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قادیانیوں کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں قادیانی 1973ء کے آئین کو تسلیم نہیں کرتے جو پارلیمنٹ کے فیصلوں کو نہیں مانتا اس منصور اعجاز نے میمو سکینڈل چلا کر ملک میں سازش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کا سورج غروب ہو رہا ہے اسلام کا سورج طلوع ہو رہا ہے اب باری اسلام کی آچکی ہے کسی رکاوٹ کو برداشت نہیں کریں گے۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان کو امریکہ اور انڈیا سے زیادہ اندرونی خطرات لاحق ہیں بجلی، گیس، پی آئی اے، ریلوے، سٹیل مل، این ایل سی سب بند ہو گئے ہیں جب معیشت بند ہو گی تو ملک کا پہیہ کیسے چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ خلافت راشدہ کا نظام مصر، یمن ، کویت سے بڑھتا چلا آ رہا ہے اگر ملک بچانا ہے اور ختم نبوت کا جھنڈا لہرانا تو چوروں، ڈاکوؤں سے ملک کو بچانا ہو گا پھر کسی کو پاکستان کی طرف دیکھنے کی جرأت نہیں ہو گی۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ انڈیا کے خلاف حافظ محمد سعید جہاد کا اعلان کرتے ہیں جبکہ حکومت آلو، پیاز کی تجارت کر رہی ہے انڈیا نے میرا ویزہ بند کر رکھا ہے بھارت کبھی پاکستان کا پسندیدہ ترین ملک نہیں ہو سکتا۔ پاکستان مسلم لیگ ض کے سربراہ محمد اعجاز الحق نے کہا کہ آج اس اجتماع، تمام قائدین، مولانا سمیع الحق حافظ محمد سعید کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں کہ 10 لاکھ لوگوں سے زیادہ اجتماع رات کے اندھیرے میں نہیں بلکہ دن کے اجالے میں ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپر پاور ہمیں للکار رہی ہے نیٹو اور اس کے اتحادیوں کو منہ توڑ جواب دینا ہوگا افغانستان پر قبضے کی تمام کوششیں ناکام ہو گئیں۔ انہوں نے کہا کہ آج وقت آ گیا ہے کہ 15 لاکھ افغانیوں کی شہادت کے بعد امریکہ بھاگ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت انڈیا کے پسندیدہ ملک قرار دینے سے باز آئے، انڈیا کشمیر میں سب سے بڑی ریاستی دہشت گردی کر رہا ہے۔ 

جماعۃ الدعوۃ پاکستان کے مرکزی رہنما پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی نے کہا کہ افغانستان کے مسلمانوں نے قرآن پر عمل پیرا ہو کر امریکہ کو شکست سے دو چار کر دیا ہے27 صلیبی ممالک کا اکٹھ نیٹو عبرتناک شکست سے دوچار ہو چکا ہے ہارا ہوا امریکہ اپنی ذلت کا بدلہ لینے کیلئے پاکستان کو گھیر رہا ہے پاکستان کو فوجی چوکیوں پر حملے اور ہر طرح کی سازشیں کی جا رہی ہیں دوسری طرف امریکہ انڈیا کو اسلحہ دے رہا ہے اسرائیل راجھستان میں انڈیا کے ساتھ جنگی مشقیں کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مشرقی و مغربی بارڈر سے خطرات میں گھرا ہوا ہے آج کا جلسہ سیاسی نہیں حدنگاہ تک مجمع ہے مگر یہ اس مجمع سے چھوٹا ہے جو امریکہ و انڈیا کی طرف جہاد کیلئے روانہ ہو گا۔ جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا کہ میں دفاع پاکستان کونسل کی قیادت اور جماعۃالدعوۃ کے کارکنان و ذمہ داران کو تاریخی کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتا ہوں دنیا تبدیل ہو رہی ہے استعماری اور سرمایہ دارانہ نظام ڈوب گیا مستقبل صرف اسلام کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سن لے کہ پاکستانی عوام کشمیریوں کے پشتبان ہیں پاکستانی عوام امریکی غلام قبول کرنے کو تیار نہیں اب پاکستان میں فوجی آپریشن بند ہونے چاہئیں لاپتہ افراد بازیاب اور قوم کی بیٹی عافیہ کی رہائی کیلئے آواز بلند ہونی چاہیے۔

آل پارٹیز حریت کانفرنس کے مرکزی رہنما غلام محمد صفی نے کہا کہ ہم دفاع پاکستان کانفرنس کا انعقاد کر رہے ہیں ہمیں دشمن کا تعین کرنا ہوگا سقوط ڈھاکہ کے وقت ہمارے دشمن کی نشاندھی ہو چکی انڈیا نے کشمیر پر تسلط جمایا اور پاکستان کو آبی جارحیت کا نشانہ بنایا عدم استحکام سے دو چار کرنے کی سازش میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کا پیغام حافظ محمد سعید کے نام لایا ہوں سید علی گیلانی اکیلا پاکستان کی جنگ لڑ رہا ہے سرنڈر ہمارا کوئی آپشن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران خود کو عوام کی امنگوں کے مطابق ڈھال لیں۔ تنظیم اسلامی کے امیر حافظ عاکف سعید نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا مگر آج ہم ذلت و رسوا ہو رہے ہیں کیونکہ اسلام کے نظام کو ملک میں نافذ نہیں کیا گیا سب سے پہلے اسلام کی بجائے سب سے پہلے پاکستان کا نعرہ لگایا گیا صلیبی قوتوں کو کچلنے کیلئے قوم کو متحد ہو کر کھڑا کرنا ہوگا۔ تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر اعجاز احمد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کی عدالتوں کے اندر بھٹو کے مقدمات کھولے جا رہے ہیں پاکستان دولخت ہونے کے مقدمے کو بھی کھولا جانا چاہیے تاکہ پتہ چلے کلمے کی بنیاد پر بننے والے پاکستان کو کس نے دولخت کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسی صورت میں قائم رہ سکتا کہ اس میں عدل کا نظام موجود ہو۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کے نظام کے بغیر پاکستان میں استحکام نہیں آ سکتا۔ 

جمعیت اہلحدیث کے ناظم اعلیٰ حافظ ابتسام الٰہی ظہیر نے کہا کہ پرویز مشرف افغانستان پر حملے کیلئے ایئر پورٹ امریکہ کے حوالے کر دیے اور کلمہ طیبہ کے رشتے کو بھول گیا تھا حافظ محمد سعید نے علم جہاد بلند کیا ان کی قیادت میں پوری قوم متحد ہو کر لڑنے کو تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج کو جغرافیائی سرحدوں کا دفاع کرنا چاہیے نظریاتی دفاع نظام خلافت راشدہ سے ہو گا۔ تحریک حرمت رسول (ص) کے کنوینئر مولانا امیر حمزہ اور قاری محمد یعقوب شیخ نے کہا کہ امریکہ و نیٹو کی جارحیت کیخلاف آج قوم متحد ہے کیپٹن عثمان کے والد نے پیغام دیا ہے کہ ہم اپنے بیٹے کی شہادت کا بدلہ لیں گے ابھی صرف نیٹو کی سپلائی بند ہوئی ہے امریکیوں سے سبھی اڈے خالی کروائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا شرارتوں سے باز آ جائے۔ جماعت اہلحدیث کے سربراہ عبدالغفار روپڑی نے کہا کہ پاکستان خطرات میں گھرا ہوا ہے ہم اعلان کرتے ہیں کہ بھارت کو پسندیدہ ملک نہیں قرار دینے دیں گے۔ جمعیت مشائخ اہلسنت کے سربراہ پیر سیف اللہ خالد نے کہا کہ ہندو کی غلامی سے نکلنے اور علیحدہ مسلم ریاست کیلئے اسی مینار پاکستان گراؤنڈ میں قرار داد پیش ہوئی تھی آج پاکستان کے غیور مسلمان امریکہ و نیٹو کیخلاف اسی گراؤنڈ میں جمع ہیں۔ 

متحدہ جمعیت اہلحدیث کے صدر سید ضیا اللہ شاہ بخاری نے کہا کہ نیٹو نے ہماری فوج پر حملہ کر کے ہماری غیرت کو للکارا آج لاکھوں کا اجتماع اس بات کا عہد کرنے آیا ہے کہ ہم ڈٹ چکے ہیں نیٹو کو یہ بتانا چاہتے ہیں کہ ہم نے ان قائدین کی قیادت میں شہادت کے راستے پر نکل چکے ہیں۔ جمعیت علماء اسلام نظریاتی کے رہنما مولانا عبدالرشید حدوٹی نے کہا کہ پاکستان کے گلی کوچے کوچے میں پیغام جانا چاہیے کہ پاکستان کلمہ طیبہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا یہاں امریکی ایجنسیوں کے نمائندے دندناتے پھرتے ہیں حکومت امریکی این جی اوز کو ملک سے باہر نکالے ورنہ پاکستان کا سونامی اب متحد ہو چکا ہے۔ جماعۃ الدعوۃ آزاد کشمیر کے امیر مولانا عبدالعزیز علوی نے کہا کہ کشمیری استحکام پاکستان کیلئے اپنی جانیں پیش کر رہے ہیں جب تک کشمیر پاکستان کا حصہ نہیں بن جاتا کشمیری قربانیاں پیش کرتے رہیں گے پاکستان کی عوام میں دفاع پاکستان کیلئے اتحاد کی اشد ضرورت ہے۔ 

مجلس احرار اسلام کے امیر مولانا عطاء المھمین بخاری اور نائب امیر محمد کفیل شاہ بخاری نے کہا کہ صلیبی قوتیں پاکستان کی نظریاتی بنیادوں کو منہدم کرنا چاہتی ہے اگر نظریات محفوظ نہیں تو سرحدات بھی محفوظ نہیں رہتی ضرورت اس بات کی ہے کہ تمام جماعتیں متحد ہو کر پاکستان کے دفاع کا جھنڈا بلند کریں۔ تحریک آزادی کشمیر کے رہنما حافظ سیف اللہ منصور نے کہا کہ حکمران انڈیا کو پسندیدہ ملک قرار دینے کا فیصلہ واپس لیں بصورت دیگر 18 کروڑ عوام انہیں پسندیدہ ملک میں بھیج دیں گے۔ جمعیت علماء اسلام کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالجلیل نقشبندی نے کہا کہ پاکستان سے انڈیا کا مکمل انخلاء ہونا چاہیے اور پاکستان میں اسلام کا نفاذ ہونا چاہیے دفاع پاکستان کیلئے ہروال دستے کا کردار ادا کرنا ہوگا انڈیا کو پسندیدہ ترین ملک قرار دینا غدار ی ہے ہمارا پسندیدہ ملک مدینہ ہے۔ پاکستان علماء کونسل کے سربراہ حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم دفاع پاکستان کونسل کے قیادت پر اعتماد کرتی ہے اگر نیٹو کیخلاف لڑنا پڑا تو لڑیں گے قائدین ملت آپ کے کھڑے ہو جائیں ہم نعرہ تکبیر لگا کر سروں میں کفن باندھ کر نکلیں گے۔ 

مولانا زاہد الراشدی نے کہا کہ نیٹو حملے میں شہید فوجیوں کو خراج عقیدت جبکہ ڈرون حملوں میں شہید ہونے والوں کو بھی خراج عقیدت کے مستحق ہیں، پاکستان کی خود مختاری اور سالمیت کیلئے ہماری جنگ ہمیشہ ساتھ رہے گی۔ ممتاز عالم دین عبداللہ شاہ مظہر نے کہا کہ قائدین کی تائید کے ساتھ کہنا چاہتا ہوں کہ شہیدوں کے خون کی برکت ہے کہ ہم سر اٹھانے کے قابل ہوئے ہیں۔ محسنان پاکستان فاؤنڈیشن کے رہنما اور جنرل حمید گل کے فرزند عبداللہ گل نے کہا کہ ہم میں داڑھی کے بغیر بھی جہادی موجود ہیں پاکستانی نوجوان غافل نہیں شوق شہادت کیلئے تڑپتے ہیں۔ قائداعظم محمد علی جناح کے ساتھی اور تحریک پاکستان کے کارکن ملک شاہ احمد خان نے کہا کہ قائداعظم نے جب قرارداد پیش کی تھی میں اسی جگہ پر موجود تھا پوری جدوجہد کے ساتھ پاکستان بنایا تھا اب قائداعظم کا پاکستان بچانے کی جدو جہد کرنی ہے۔ کانفرنس سے مولانا بشیر احمد شاد، مولانا محمد اسماعیل شجاع آبادی، مولانا عبدالخالق رحمانی، صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی، اہلسنت و الجماعت کے صوبائی صدر مولانا شمس الرحمان معاویہ، مولانا حبیب الرحمن درخواستی، مخدوم منظور احمد، مفتی مبشر احمد ربانی، مفتی عبدالرحمن عابد، مولانا عبدالعزیز المدنی، مولانا سیف اللہ اعظم، سیف اللہ خالد، غلام قادر سبحانی، مولانا یوسف حسن، مولانا محمد یوسف ربانی، مولانا محمد اکرم عثمانی، مرزا عثمان بیگ، مولانا محمد قاسم کوئٹہ، حافظ طلحہ سعید، محمد شفیق رضا قادری، مولانا سیف الرحمن درخواستی، شیخ نعیم بادشاہ، مخدوم منظور احمد، حافظ خالد ولید، قاری ضیاء الرحمان فاروقی، مولانا عاصم مخدوم، علی عمران شاہین و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری پاکستانی قوم وطن عزیز کے دفاع کیلئے متحد ہے پاکستان کی زمین زرخیز ہے یہاں کے بسنے والوں نے مدینے والا پرچم تھام کر اسلام دشمنوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بننے کا فیصلہ کیا ہے دفاع پاکستان کانفرنس کفر کیلئے موت کا پیغام ثابت ہو گی۔ پاکستان میں اسلامی نظام کے نفاذ کے علاوہ کوئی نظام قبول نہیں کیا جائے گا امریکہ مسلم امہ کیخلاف بر سر پیکار ہے پاکستان کا بچہ بچہ امریکہ کیخلاف میدان میں اتر چکا ہے جب قومیں میدان میں آئیں تو دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔
خبر کا کوڈ : 123370
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش