0
Friday 15 Jun 2012 03:12

روہنگیا سالیڈریٹی آرگنائزیشن کے وفد کی ادارہ نور حق میں محمد حسین محنتی سے ملاقات

روہنگیا سالیڈریٹی آرگنائزیشن کے وفد کی ادارہ نور حق میں محمد حسین محنتی سے ملاقات
اسلام ٹائمز۔ روہنگیا سالیڈریٹی آرگنائزیشن کے صدر مولانا ادریس کی قیادت میں نمائندہ وفد نے ادارہ نور حق میں امیر جماعت اسلامی کراچی محمد حسین محنتی سے ملاقات کی اور برما کے صوبے اراکان کے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم سے انہیں آگاہ کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری، روہنگیا سالیڈریٹی آرگنائزیشن کے جنرل سیکریٹری ذبیح اللہ قریشی، محمد سلیم، محمد جنید، محمد طاہر اور دیگر بھی موجود تھے۔ وفد نے محمد حسین محنتی کو بتایا کہ برما میں ایک منظم سازش کے تحت اراکان کے مسلمانوں کی نسل کشی کی جارہی ہے، روزانہ سیکڑوں کی تعداد میں مسلمانوں کو شہید کیا جارہا ہے، میڈیا پر یہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ بدھسٹوں پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں جب کہ حقیقت یہ ہے کہ وہاں کے مسلمان انتہائی مظلومیت کا شکار ہیں اور 1942ء سے وہاں کے مسلمانوں کو ظلم و تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور انہیں اقلیت میں تبدیل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

وفد نے بتایا کہ روہنگیا سالیڈریٹی آرگنائزیشن کے تحت جمعہ 15 جون کو سہ پہر تین بجے کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ وفد نے محمد حسین محنتی کو اس مظاہرے میں شرکت کی دعوت بھی دی جسے انہوں نے قبول کرتے ہوئے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محمد حسین محنتی نے کہا کہ بدقسمتی سے پوری دنیا میں مسلمانوں پر مظالم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں، برما کے صوبے اراکان کے مسلمانوں کو نصف صدی سے ظلم و تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور پوری عالمی برادری خاموش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور او آئی سی کو برما کے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کا فی الفور نوٹس لینا چاہیے اور تشدد بند کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
خبر کا کوڈ : 171380
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش