1
0
Monday 30 Jul 2012 10:13

بزرگ عالم دین آغا علی الموسوی انتقال کرگئے

بزرگ عالم دین آغا علی الموسوی انتقال کرگئے
اسلام ٹائمز۔ بزرگ شیعہ عالم دین حجتہ الاسلام  و المسلمین علامہ آغا علی الموسوی اندرون موچی گیٹ لاہور میں انتقال کرگئے ہیں۔ وہ کافی عرصہ سے علیل تھے۔ سحری کے وقت نماز شب کی ادائیگی کے لئے اٹھے۔ تو خالق حقیقی سے جا ملے۔ انہوں نے تین بیوگان، بیٹے اور بیٹیاں سوگوار چھوڑی ہیں۔ وہ شیعہ جامع مسجد کشمیریاں کے امام آغا حیدر علی الموسوی اور آغا مظاہر حسین موسوی کے والد گرامی تھے۔ آغا علی الموسوی قائدین ملت جعفریہ مفتی جعفر حسین مرحوم، علامہ شہید عارف حسین الحسینی اور علامہ ساجد علی نقوی کے قریبی رفقا میں سے رہے ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین کو بھی ان کی سرپرستی حاصل تھی۔ 

مرحوم کی نماز جنازہ باغ بیرون موچی گیٹ لاہور میں ادا کی جائے گی۔ مرحوم علامہ موسوی متعدد شیعہ تنظیموں کے بانی اور سرپرست تھے۔ خصوصاً امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے بانی علماء اور سرپرستوں میں سرفہرست تھے۔ آئی ایس او کا نام بھی انہوں نے قرآنی استخارہ سے رکھا۔ وہ اپنی زندگی کی آخری سانسوں تک آئی ایس او کی مجلس نظارت کے مستقل رکن اور مالی حوالے سے بھی اس طلبہ تنظیم کی مدد کرتے رہے۔ 

علامہ آغا علی الموسوی کی وفات پر مختلف سیاسی، مذہبی اور سماجی رہنماوں نے شدید غم کا اظہار کیا ہے۔ شیعہ علماء کونسل کے سربراہ علامہ ساجد علی نقوی، مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی صدر اطہر عمران، جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی صدر ساجد علی ثمر اور دیگر رہنماوں نے علامہ آغا علی الموسوی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے اسے قومی سانحہ قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملت اسلامیہ ایک جید عالم دین اور متحرک رہنما سے محروم ہوگئی ہے۔ ان کا خلا صدیوں پر نہیں ہو سکے گا۔ انہوں نے مرحوم کے خانوادے اور ملت اسلامیہ سے اظہار تعزیت کیا ہے۔
آئی ایس او لاہور ڈویژن کے صدر ناصر عباس نے آغا علی الموسوی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن شفیق باپ سے محروم ہوگئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 183387
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

Pakistan
قالوانا للہ وانا الیہ راجعون
واقعا آج ہم ایک جید مفکر اسلام عالم مبارز سے محروم ہوگئے، آئی ایس او پاکستان کے لئے ایک شفیق باپ کی حیثیت رکھتےتھے۔اللہ ان کی درجات کو بلند کرے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطاکرے ۔آمین ثم آمین،شریک غم
علی احمد نوری
ہماری پیشکش