0
Tuesday 8 Apr 2014 14:30

جعفر ایکسپریس میں دھماکہ، خواتین اور بچوں سمیت 14 افراد جاں بحق، 40 سے زائد زخمی

جعفر ایکسپریس میں دھماکہ، خواتین اور بچوں سمیت 14 افراد جاں بحق، 40 سے زائد زخمی
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان میں دہشت گردوں نے مسافر ٹرین جعفر ایکسپریس کو اپنی بربریت کا نشانہ بنا دیا۔ کوئٹہ سے راولپنڈی جانے والی جعفر ایکسپریس دوپہر سوا ایک بجے سبی پہنچی، جہاں اس کا آدھے گھنٹے کا سٹاپ تھا۔ بیشتر مرد مسافر ٹرین سے اُترے ہوئے تھے جبکہ خواتین اور بچے بوگیوں میں ہی بیٹھے تھے کہ اچانک ٹرین کی پہلی بوگی میں خوفناک دھماکہ ہوگیا اور ہر طرف قیامت صغریٰ برپا ہوگئی۔ دھماکے سے بوگی کو آگ لگ گئی جو اتنی شدید تھی کہ اس میں سوار بیشتر مسافروں کو اترنے کی مہلت ہی نہ مل سکی اور وہ بُری طرح جُھلس گئے۔ امدادی کارکنوں نے ٹرین میں پھنسے ہوئے مسافروں کو انتہائی مشکل سے نکالا۔ مرنے والوں میں کئی خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ پولیس اور امدادی ٹیموں نے جائے وقوع سے زخمیوں کو اہسپتال منتقل کیا، جہاں بعض کی حالت تشویشناک ہونے کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
 
ایم ایس سول ہسپتال سرور ہاشمی کا کہنا ہے کہ بہت سے مریض جُھلسے ہوئے ہیں۔ ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ شدید نوعیت کے زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کیا جا رہا ہے۔ سبی آنے اور جانے والی تمام ٹرینوں کو دوسرے سٹیشنوں پر ہی روک لیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے سبی دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے 12 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دھماکے میں ممکنہ طور پر کوئی خاتون بھی ملوث ہوسکتی ہے۔ ریلوے حکام سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے زخمیوں کو مکمل طبی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل نصیر آباد میں بگٹی ایکسپریس پر بھی فائرنگ کی گئی تھی، جس کے نتیجے میں 2 مسافر جاں بحق ہوگئے تھے۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق سبی ریلوے اسٹیشن پر جعفر ایکسپریس کی بوگی میں دھماکے سے جاں بحق افراد کی تعداد 15 ہوگئی ہے۔ ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلویز کوئٹہ محمد اشرف لنجار کے مطابق کوئٹہ سے راولپنڈی جانیوالی جعفر ایکسپریس شیڈول سے دس منٹ پہلے ایک بجکر دس منٹ پر سبی ریلوے اسٹیشن پہنچی، جہاں سکیورٹی کلیرنس سے پہلے ٹرین کی ایک بوگی میں زوردار دھماکے کے بعد آگ لگ گئی، زیادہ تر ہلاکتیں آگ سے جھلسنے کے باعث ہوئیں، دھماکے سے ٹرین کی مزید تین بوگیوں کو نقصان پہنچا، دھماکے کے بعد ریلوے اسٹیشن پر افراتفری پھیل گئی، زخمیوں کو سول اسپتال، سی ایم ایچ اور ریلوے اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے، زخمیوں میں کچھ افراد کی حالت تشویشناک ہے، دھماکے کے بعد ریلوے اسٹیشن کو ایف سی اور پولیس نے گھیرے میں لے لیا ہے اور دھماکے کی نوعیت سے متعلق تفتیش کی جا رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 370551
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش