0
Sunday 11 May 2014 02:14

سہولیات کی کمی بلوچستان میں دوران زچگی ہلاکتوں کی اہم وجہ ہے، ڈاکٹر شمع اسحاق

سہولیات کی کمی بلوچستان میں دوران زچگی ہلاکتوں کی اہم وجہ ہے، ڈاکٹر شمع اسحاق

اسلام ٹائمز۔ نیشنل پارٹی کی رہنماء شمع اسحاق نے کہا ہے کہ بلوچستان میں تربیت یافتہ طبی عملہ کی شدید کمی ہے، ہمیں اس کا احساس ہے۔ ہم نے ڈاکٹرز کو صوبہ کے دیہی علاقوں تعینات کرنے کا قانوں منظور کیا ہے۔ جس کے تحت ڈاکٹرز کو بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں تعینات کیا جائے گا۔ عوام کو بہتر صحت کی سہولتیں مہیا کرنا ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ہمارے صوبہ میں ایک لاکھ حاملہ خواتین میں سے 785 مائیں زچگی کے دوران ہلاک ہو جاتی ہیں۔ جبکہ ایک ہزار بچوں میں سے 63 نوزائیدہ بچے انتقال کر جاتے ہیں۔ ماں اور بچوں کی شرح اموات کو کم کرنے میں کمیونٹی مڈوائفز کی تعداد بڑھانا ناگزیر ہے۔ ڈاکٹر شمع اسحاق ممبر صوبائی اسمبلی بلوچستان میٹرنل اینڈ نیو بارن چائلڈ ھیلتھ پروگرام، سیو دی چلڈرن اور مرسی کور کے زیراہتمام عالمی یوم مڈوائف کی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ ڈاکٹر تاج رئیسانی صوبائی سربراہ میٹرنل اینڈ نیو بارن چائلڈ ھیلتھ پروگرام نے بتایا کہ اس وقت 167 کمیونٹی مڈوائفز کی فیلڈ میں تعیناتی کر دی گئی ہے۔ بلوچستان کی 15 کمیونٹی مڈوائفز اسکولوں میں 165 خواتین زیرتربیت ہیں۔ جبکہ 421 خواتین کمیونٹی مڈوائفز کا کورس مکمل کر چکی ہیں اور جلد ہی ان کو ان کے اپنے اضلاع میں تعینات کر دیا جائے گا۔ بلوچستان میں مرحلہ وار 1800 کمیونٹی مڈوائفز کو تربیت کے بعد صوبہ کے مختلف اضلاع میں تعینات کیا جائے گا۔

سیو دی چلدرن کے منیجر ایڈوکیسی ندیم شاہد نے کہا کہ تربت سے تعلق رکھنے والی کمیونٹی مڈوائف مس راحت نور سیو دی چلڈرن کی کاوشوں سے چیک ریپبلک میں ہونے والے عالمی مڈوائف ایوارڈ کے لیے نامزد ہوئی ہے۔ مس راحت نور پاکستان کی جانب سے عالمی مڈوائف ایوارڈ حاصل کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ سیو دی چلڈرن کے زیراہتمام گوادر، زیارت اور لسبیلہ کی 43 خواتین کمیونٹی مڈوائفری کی تربیت حاصل کر رہی ہیں۔ سیو دی چلڈرن کے ندیم شاہد کا کہنا تھا کہ ماں اور بچوں کی شرح اموات کم کرنے کے لئے حکومت کو کمیونٹی مڈوائفز لیڈی ھیلتھ ورکرز اور ویکسینیٹرز کی تعداد میں اضافہ کرنا ہو گا۔ ڈاکٹر سعید اللہ خان ٹیم لیڈر مرسی کور نے شرکاء کو بتایا کہ مرسی کور محکمہ صحت کے تعاون سے بلوچستان کے تین اضلاع میں کمیونٹی مڈوائفز کو ضروری آلات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ دوران ڈیوٹی تربیت مہیا کر رہی ہے۔ انھوں نے بلوچستان کی خواتین سے درخواست کی کہ وہ آگے آئیں اور کمیونٹی مڈوائف کے شعبہ کو بطور کیرئیر اپنا کر اپنے علاقے میں ماں اور بچوں کی زندگیاں بچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ اس دوران مڈوائفری اسکول کوئٹہ اور HRD کی کمیونٹی مڈوائفز کورس کی طالبات نے ماں اور بچوں کی صحت اور کمیونٹی مڈوائفز کے کام کے حوالے سے خاکے پیش کئے۔ پروگرام کے اختتام پر سیو دی چلڈرن کی جانب سے طالبات کو شیلڈز دی گئیں۔

خبر کا کوڈ : 381326
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش