0
Thursday 18 Sep 2014 22:55

حالات سازگار ہیں، سرمایہ کار بلوچستان آکر سرمایہ کاری کریں، محمد خان اچکزئی

حالات سازگار ہیں، سرمایہ کار بلوچستان آکر سرمایہ کاری کریں، محمد خان اچکزئی
اسلام ٹائمز۔ گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ صوبے میں پہلی مرتبہ مقامی سیاسی پارٹیوں کی حکومت قائم ہوئی جو اپنے عوام کے سامنے خود کو جوابدہ سمجھتی ہیں۔ موجودہ صوبائی حکومت میں شامل وزراء اور مشیران کی جانب سے عوامی فلاح و بہبود کے حوالے سے بھرپور عملی اقدامات اس بات کا ثبوت ہیں کہ عوام کے ووٹوں سے منتخب نمائندے قابل اعتبار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع پشین پشتونوں کا ایک تاریخی مرکز ہے۔ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے پشین میں قیام کیا جبکہ خان آف قلات میر خدائیداد خان کی یہاں تدفین سے اس کی تاریخی اہمیت اور بھی بڑھ جاتی ہے۔ یہاں کے غیور فرزندوں نے انگریز سامراج کے خلاف جدوجہد آزادی میں بھرپور کردار ادا کیا اور تاریخ گواہ ہے کہ یہاں کے علماء کرام نے بھی اسلام کی سربلندی کیلئے بیش بہا قربانیاں دی ہیں۔ یہاں کے علماء برطانوی سامراج کے خلاف اور اس وقت آزاد افغانستان کے ساتھ تھے۔ گورنر نے علماء کرام پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنا کردارا دا کریں۔ گورنر نے کہا کہ پشتون بلوچ ہزاروں سال سے ایک دوسرے کے بہترین ہمسائے رہے ہیں۔ دونوں اقوام اپنی اپنی آبائی سرزمین پر آباد ہیں۔ پشتون بلوچ کی دوستی تاریخ میں احمد شاہ بابا کے دور میں عروج پر پہنچی۔ گورنر نے اس موقع پر سرمایہ کاروں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ یہاں پر صنعتیں اور کارخانے قائم کریں تاکہ مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع حاصل ہو سکیں۔

گورنر نے شرکاء کی توجہ ایک اہم مسئلے کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہا کہ صوبے میں پرائمری سطح پر ہر سال 8 لاکھ بچے سکولوں میں داخل کرائے جاتے ہیں اور سیکنڈری لیول پر ان کی تعداد کم ہوکر 1.5 لاکھ جبکہ اعلیٰ سطح پر یہ تعداد چند ہزار تک محدود ہوجاتی ہے جوکہ قابل تشویش بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ مادری زبان میں تعلیم کے ذریعے بچوں میں بہتر سمجھ بوجھ اور علم کی گہرائی تک پہنچنے میں مدد مل سکتی ہے۔ مادری زبان کو ذریعہ تعلیم بنانے سے بچوں کے وقت اور توانائی کی بچت ہوگی۔ گورنر نے ضلع پشین میں ریذیڈنشل سکول کے قیام کے حوالے سے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ جرگے سے صوبائی وزیر سردار مصطفی خان ترین، رکن صوبائی اسمبلی سید لیاقت آغا، پشتونخوا میپ کے صوبائی صدر عثمان خان کاکڑ اور عیسٰی روشان نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں گورنر بلوچستان نے کلی ابراہیم زئی کربلا پشین میں آبنوشی منصوبہ کا افتتاح بھی کیا۔ 20ہزار گیلن گنجائش کے اس منصوبے سے 10ہزار لوگوں کو پینے کا صاف پانی فراہم ہوسکے گا۔
خبر کا کوڈ : 410369
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش