0
Thursday 9 Oct 2014 20:46

پاکستان سرحد پر اپنی ناپاک حرکتیں بند کرے، ارون جیٹلی کی ہرزہ سرائی

پاکستان سرحد پر اپنی ناپاک حرکتیں بند کرے، ارون جیٹلی کی ہرزہ سرائی
اسلام ٹائمز۔ ہندوستانی وزیر دفاع ارون جیٹلی نے پاکستان کو وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ لائن آف کنٹرول اور ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر پر فائرنگ اور شیلنگ کا سلسلہ ختم کردے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق نئی دہلی میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران ہندوستانی وزیر دفاع ارون جیٹلی کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان اپنے ایڈونچر سے باز نہ آیا تو ہماری افواج ان کے اس ایڈونچر کو ان کے لیے ناقابل برداشت بنا دیں گی۔ ارون جیٹلی نے کہا کہ اگر پاکستان سرحد پر امن چاہتا ہے تو اسے بلا اشتعال فائرنگ اور شیلنگ کا سلسلہ روک دینا چاہیئے۔ دونوں ہمسایہ ایٹمی ممالک پاکستان اور ہندوستان ورکنگ باؤنڈری پر ہونیوالی سرحدی خلاف ورزیوں کا ذمہ دار ایک دوسرے کو ٹہرا رہے ہیں جس کے نتیجے میں اس ہفتے کے دوران اب تک کم از کم 12 شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔ ورکنگ باؤنڈری کے دونوں اطراف مقیم ہزاروں افراد اپنے گھروں کو چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہو چکے ہیں۔ ورکنگ باؤنڈری پر فائرنگ کے نتیجے میں پیر کو 9 افراد ہلاک ہوئے، جو ایک عشرے کے دوران ایک ہی روز میں ہلاک ہونے والے شہریوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

خطہ کشمیر ایک متنازعہ علاقہ تصور کیا جاتا ہے اور پاکستان اور ہندوستان دونوں اس خطے پر اپنی ملکیت کا دعویٰ کرتے ہیں۔ پاکستان اور ہندوستان کے مابین متنازعہ لائن آف کنٹرول اور ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر اور پاکستان کے صوبہ پنجاب کو جدا کرنے والے بارڈر پر سرحدی خلاف ورزیاں ایک معمول ہیں۔ ان واقعات کو روکنے کی غرض سے 2004ء میں دونوں ممالک نے ایک سیز فائر معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ تاہم حالیہ چند ہفتوں کے دوران ہندوستان کی جانب سے پاکستانی سرحدی علاقے میں فائرنگ کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور متعدد بار دونوں ملکوں کے درمیان سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔ گذشتہ سال دسمبر میں پاکستان اور ہندوستان نے ایل او سی سیز فائر معاہدے کی پاسداری کرنے کے عزم کا اظہار کیا تھا، لیکن اس کے باوجود اس قسم کے واقعات کا سلسلہ رک نہیں سکا ہے۔ قیاس کیا جا رہا ہے ہندوستان کی نئی دائیں بازو سے تعلق رکھنے والی جماعت اس معاملے پر ایک سخت نکتہ نظر رکھتی ہے۔

اسلام ٹائمز مقبوضہ کشمیر کے نمائندہ کے مطابق بھارتی وزیر دفاع نے اب تب کے سب سے سخت انتباہ میں زور دیا ہے کہ اگر اس طرح سے بلا اشتعال جارحیت جاری رہی تو اس ایڈونچر کی قیمت پاکستان برداشت نہیں کر پائے گا، بھارتی وزیر دفاع ارون جیٹلی نے نامہ نگاروں سے کہا کہ ان حملوں میں واضح طور پر پاکستان گھرا ہوا ہے، لیکن اسے اس بات کو سمجھنا چاہیئے ہماری مزاحمت مستند ہو گی، اگر پاکستان اسی طرح سے ایڈونچر کو جاری رکھتا ہے، تب ہمارے فوجی اسے اس ایڈونچر کی قیمت کو برداشت نہ کرنے کے قابل بنا دیں گے، انہوں نے کہا کہ بھارت کا سخت پیغام پاکستان پہنچ چکا ہے۔ جیٹلی نے کہا کہ اگر پاکستان سرحد پر امن چاہتا ہے، پھر وہ جو کر رہا ہے، اسے بند کرنا چاہیئے۔ پاکستان کو بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری بند کرنی چاہیئے، جب تک ایسا جاری رہے گا، امن کیسے ہو سکتا ہے، دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان بات چیت کے امکان کے بارے میں کئے جانے والے سوال پر انہوں نے کہا کہ جب فائرنگ جاری ہو، تب آپ گفتگو کیسے کرسکتے ہیں، بھارتی وزیر دفاع نے کہا کہ ہماری سکیورٹی فورسز قابل ستائش کام کر رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ بھارت ایک ذمہ دار ملک ہے اور وہ اپنے لوگوں اور زمین کی مکمل حفاظت کے لئے ذمہ دار ہے، انہوں نے کہا کہ ہماری افواج اپنے لوگوں اور اپنی زمین کی حفاظت کے لئے اٹھائے جا سکنے والے تمام اقدامات بہت ذمہ داری کے ساتھ اٹھا رہی ہیں۔

دیگر ذرائع کے مطابق بھارت بغل میں چھری منہ میں رام رام کی عملی تصویر بن گیا ہے۔ انڈین سرکار نے بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں بکھیرنے پر شرمندہ ہونے کی بجائے پاکستان کو ہی دھمکیاں دینا شروع کر دی ہیں۔ بھارتی وزیر دفاع بھی نہایت ڈھٹائی سے اپنی فوج کے پیچھے کھڑے ہو گئے ہیں۔ بھارتی فوج نے کئی روز سے پاکستان کی سرحد پر جارحیت شروع کر رکھی ہے جس سے پاکستانی علاقوں میں متعدد افراد شہید ہو چکے ہیں۔ امریکا بھی اس جارحیت کی مذمت کر چکا ہے لیکن بھارت کسی طور باز نہیں آ رہا ہے۔ اب بھارتی وزیر دفاع نے ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیا پینترا بدلا ہے اور اپنی فوج کو لگام ڈالنے کے بجائے پاکستان کو دھمکی دی ہے۔ وزیر دفاع نے ہرزہ سرائی کی ہے کہ سرحد پر فائرنگ کی صورت میں مذاکرات کیسے ہو سکتے ہیں۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے مسلسل پاکستانی سرحد کی خلاف ورزی عالمی قوانین کی دھجیاں اُڑانے کے مترادف ہے۔ عالمی برادری کو چاہیئے کہ وہ بھارت کو لگام دے۔
خبر کا کوڈ : 413863
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش