0
Saturday 11 Oct 2014 19:02

جے ایس او کے مرکزی کنونشن کی دوسری نشست سے سابق مرکزی صدر افتخار حسین نقوی کا خطاب

جے ایس او کے مرکزی کنونشن کی دوسری نشست سے سابق مرکزی صدر افتخار حسین نقوی کا خطاب
اسلام ٹائمز۔ جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کا دو روزہ تعمیر سیرت و ارتقاء پاکستان مرکزی کنونشن امام بارگاہ قصر رضا (علیہ السلام)، رضا آباد فیصل آباد میں جاری ہے۔ کنونشن کی دوسری نشست میں سکھر، گجرانوالہ، ملتان، خیر پور، ڈی جی خان، لاڑکانہ، کراچی، فیصل آباد، بلوچستان سمیت مختلف ڈویژنز نے اپنی کارکردگی رپورٹس پیش کیں ہیں۔ دوسری نشست کے مہمان خصوصی جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے بانی اور پہلے مرکزی صدر افتخار حسین نقوی تھے، جنہوں نے اپنے خطاب میں سب عہدیداران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میرے لئے باعث اعزاز ہے کہ مجھے محبان ولایت و قیادت کے جم غفیر کے درمیان بات کرنے کا موقع ملا۔ افتخار حسین نقوی نے جے ایس او کے قیام اور بنیاد کی وجوہات اور تنظیم کی تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہم نے ہرگز کسی کے مدمقابل کے طور پر تنظیم بنانے کی کوشش نہیں کی، بلکہ ہم اس وقت میدان میں آئے جب استعماری آلہ کاروں نے قومی پلیٹ فارم اور قومی قیادت پر ضرب لگانے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ جب طاغوتی اور استعماری ایجنٹوں نے ملت تشیع کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی اور قومی پلیٹ فارم پر ظالمانہ پابندی لگا دی تو اس وقت جے ایس او قومی پلیٹ فارم کا وہ حصہ تھا، جو قوم و ملت کے خدمت کیلئے رات دن ایک کرکے میدان میں حاضر نظر آیا۔

جے ایس او کے مرکزی کنونشن کی دوسری نشست سے خطاب کرتے ہوئے سابق مرکزی صدر افتخار حسین نقوی نے مزید کہا کہ الہی تنظیم میں کام کرنا ہر کسی کا نصیب نہیں، بلکہ اس کے لئے توفیق اور صلاحیت لازمی ہے۔ انہوں نے شہداء کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آج اپنے تمام شہداء کے ساتھ عہد کرنا ہے کہ اے شہداء! آج ہم آپ ہی کے علم کو ہاتھوں میں تھامے ہوئے ہیں اور آپ کے ہی الہی مشن کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے کنونشن کے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے حالات اس بات کا تقاضا کر رہے ہیں کہ ہم قومی قیادت کے بازو بنیں اور تعلیمی میدانوں میں متحرک اور فعال ہو کر اپنی علمی صلاحیتوں میں اضافہ کریں۔ واضح رہے کہ کنونشن میں شیعہ علماء کونسل خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر علامہ رمضان توقیر، شیعہ علماء کونسل کے رہنما اور جے ایس او کے مجلس نظارت کے رکن علامہ احسان علی اتحادی سمیت دیگر بزرگ علماء شریک ہیں۔
خبر کا کوڈ : 414171
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

متعلقہ خبر
ہماری پیشکش