0
Sunday 24 Mar 2024 12:29
ملی یکجہتی کونسل کے زیراہتمام

پشاور، ”تحریکِ آزای فلسطین میں امتِ مسلمہ کا کردار“ کانفرنس

پشاور، ”تحریکِ آزای فلسطین میں امتِ مسلمہ کا کردار“ کانفرنس
رپورٹ: سید عدیل زیدی

غاصب اور وحشی صفت ناجائز ریاست اسرائیل کی جانب سے گذشتہ برس 7 اکتوبر سے مظلوم اور نہتے فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کا سلسلہ اب تک جاری ہے، اب تک کی اطلاعات کے مطابق غزہ میں پینتیس ہزار کے قریب مظلوم فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، جن میں ایک بہت بڑی تعداد بچوں اور خواتین کی بھی ہے۔ پورا غزہ اس وقت قبرستان کا منظر پیش کر رہا ہے، لیکن ماسوائے چند مسلم ممالک کہ، امت مسلمہ کا کردار اس حوالے سے زیرسوال ہے۔ پاکستان میں مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں اور سماجی و غیر سیاسی تنظیمی کی جانب سے مظلوم فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرنے کا سلسلہ کسی نہ کسی شکل میں جاری ہے، تاہم اس حوالے سے حکومت پاکستان کا کردار بھی دیگر مسلم ممالک کی طرح بے حسی پر مبنی رہا ہے۔ ملک میں سرگرم مختلف مذہبی جماعتوں کے مشترکہ پلیٹ فارم ملی یکجہتی کونسل نے عالمی یوم القدس کی مناسبت سے مسئلہ غزہ پر امت مسلمہ کے کردار کے حوالے سے پشاور میں ایک کانفرنس کا اہتمام کیا۔

ملی یکجہتی کونسل خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام اور جماعت اسلامی کی میزبانی میں المرکز الاسلامی پشاور میں ”تحریکِ آزای فلسطین میں امتِ مسلمہ کا کردار“ کے عنوان پر کانفرنس منعقد کی گئی۔ اس کانفرنس میں ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر اور شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ عارف حسین واحدی، جماعت اسلامی کے صوبائی امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان، ملی یکجہتی کونسل خیبر پختونخوا کے صدر عبدالواسع، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل پاکستان و چیئرمین البصیرہ ڈاکٹر علی عباس نقوی، صوبائی رہنماء مجلس وحدت مسلمین علامہ ارشاد علی، نائب امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مولانا ڈاکٹر محمد اسماعیل، خطیب جامع مسجد ہری پور مفتی معرفت شاہ، صوبائی نائب صدر ملی یکجہتی کونسل مقصود احمد سلفی، رہنماء تحفظ بیت المقدس غازی انعام اللہ، مولانا سید تقی زیدی، مولانا اصغر رجائی و دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر مقررین نے ”تحریکِ آزای فلسطین میں امتِ مسلمہ کا کردار“ کے موضوع پر خطابات کئے اور اسرائیلی جارحیت و دہشتگردی کی کھل کر مذمت کی۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملی یکجہتی کونسل کے صوبائی صدر عبدالواسع نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ فلسطین پر اسرائیل نے ناجائز طور پر قبضہ کر رکھا ہے، غزہ کے مسلمان اسرائیلی ظلم و جارحیت کا استقامت کے ساتھ مقابلہ کررہے ہیں۔ غزہ کے مسلمانوں کی استقامت اسرائیل کی شکست اور فلسطین کی آزادی کی نوید ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فلسطین کے مسئلہ پر جو کردار ادا کرسکتی ہے اس سے وہ غافل ہے۔ حکومت کو جھنجھوڑنے اور میدان میں نکلنے کی ضرورت ہے۔ مسئلہ فلسطین پاکستان کی دینی جماعتوں کا نہیں پوری امت مسلمہ کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پچیس رمضان المبارک جمعۃ الوداع کو پورے صوبے میں یوم القدس کی مناسبت سے ریلیاں اور مظاہرے ہوں گے۔ ہم ان مظاہروں اور ریلیوں کے ذریعے فلسطین کی آواز کو دنیا تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا کے غیور عوام جمعۃ الوداع کو فلسطینی مسلمانوں کی آواز بنیں اور پروگرامات کو کامیاب بنائیں۔

چیئرمین البصیرہ و مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل پاکستان ڈاکٹر علی عباس نقوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ غزہ کی صورتحال آئے روز گھمبیر ہوتی جارہی ہے، غزہ کے نوجوان، بچے، بوڑھے اور خواتین آئے روز اسرائیلی بمباری سے شہید ہورہے ہیں لیکن امت مسلمہ کے حکمران ٹس سے مس نہیں ہورہے۔ حکمرانوں کی یہ صورتحال افسوسناک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ غزہ کے ساتھ ساتھ کشمیر بھی بھارتی جارحیت کے نشانے پر ہیں۔ دونوں جگہوں پر مسلمانوں کو بے دردری سے شہید کیا جا رہا ہے، اگر خدانخواستہ غزہ کو شکست ہوئی تو کشمیر بھی ہاتھ سے نکل جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم حکمران ہوش کے ناخن لیں۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے صوبائی امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا کہ فلسطین میں 07 اکتوبر سے اسرائیلی وحشت اور بربریت کا بازار گرم ہے، اسرائیلی بمباری میں ہزاروں افراد جن میں بڑی تعداد میں بچے اور خواتین شامل ہیں، اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرچکے ہیں۔

جماعت اسلامی کے صوبائی امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی جارحیت روز بروز بڑھتی جارہی ہے لیکن امت مسلمہ کے حکمرانوں کی بے حسی ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی۔ حکمران خواب غفلت کے مزے لوٹ رہے ہیں اور اسرائیل اپنے مظالم بڑھاتا جا رہا ہے، فلسطین کی سرزمین نہر (دریائے آمو) سے بحر (بحرِ احمر) تک فلسیطینی مسلمانوں کی ہے۔ ان شاء اللہ اسرائیل کے وجود کے خاتمے اور فلسطین پر مسلمانوں کی حکمرانی کا دن اللہ امت کو دکھائے گا۔ پروفیسر ابراہیم خان نے مزید کہا کہ فلسطین کے مسئلہ کا کوئی دو ریاستی حل کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ پاکستان کے عوام قائداعظم کے فرمان کے مطابق اسرائیل کو کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت مظلوموں کا ساتھ دینے کا ہے، مسلم حکمرانوں کو یہ ظلم روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے، اللہ ہمارے حکمرانوں اور جرنیلوں کو مظلوم فلسطینی مسلمانوں کی مدد کے لیے پہنچنے کی توفیق دے۔

”تحریکِ آزای فلسطین میں امتِ مسلمہ کا کردار“ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی نائب صدر ملی یکجہتی کونسل اور نائب صدر شیعہ علماء کونسل پاکستان علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ امریکہ، اسرائیل اور بھارت منحوس تکون ہے، اسرائیل اور بھارت امریکی آشیر باد سے ہی غزہ اور کشمیر میں ظلم و ستم ڈھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ اور فلسطین میں قتل عام کے لیے امریکہ اسرائیل کو براہِ راست مالی و مادی امداد فراہم کررہا ہے، سب سے بڑے دہشت گرد امریکہ، اسرائیل اور بھارت ہیں۔ ان بے حس حکمرانوں کو مظلوم فلسطینیوں کا خون اور آہ و بکا کیوں نظر نہیں آرہے؟ انہوں نے پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) میں فلسطینی جھنڈوں پر پابندی اور شائقین سے زبردستی چھیننے کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جیسے اسلامی ملک میں فلسطین کے جھنڈے کے ساتھ ایسا رویہ افسوسناک ہے۔ کانفرنس کے آخر میں فلسطین کی آزادی اور امت مسلمہ کے حکمرانوں کی بیداری کے لیے دعا کی گئی۔ 
خبر کا کوڈ : 1124198
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش