0
Tuesday 3 Dec 2013 11:18

غزہ کے شہریوں کا سمندر میں احتجاج

غزہ کے شہریوں کا سمندر میں احتجاج
اسلام ٹائمز۔ فلسطین کے علاقے غزہ کے سیکڑوں نوجوانوں نے اسرائیل کی جانب سے ماہی گیری پر عائد پابندیوں اور کئی برسوں سے جاری محاصرے کے خلاف کھلے سمندر میں احتجاج کیا ہے۔ غزہ کی ایک مقامی تنظیم کی جانب سے منظم کیے جانے والے اس احتجاج کے دوران پیر کو قومی پرچم اٹھائے سیکڑوں فلسطینی نوجوان ماہی گیروں کی کشتیوں میں سوار ہو کر غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کی جانب سے مقرر کی جانے والی بحری سرحد تک گئے اور اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔ منتظمین کے مطابق بعض نوجوان اسرائیلی محاصرے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے زیادہ گہرے پانی تک بھی گئے۔ نوجوانوں کے اس علامتی احتجاج کے موقع پر کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا اور تمام فلسطینی کچھ دیر سمندر میں ٹہرنے کے بعد بحفاظت غزہ کے ساحل پر واپس لوٹ آئے۔

احتجاج منظم کرنے والے ادارے کی ایک خاتون ترجمان کے مطابق احتجاج کا مقصد غزہ کے ماہی گیروں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرنا اور دنیا کی توجہ اسرائیلی محاصرے کی جانب مبذول کرانا تھا تاکہ وہ کئی برسوں سے جاری اس محاصرے کو ختم کرانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ اسرائیلی فوج کی ایک خاتون ترجمان نے کہا ہے کہ مظاہرین کی کسی کشتی نے اسرائیلی ناکہ بندی کی خلاف ورزی نہیں کی۔ ماضی میں اسرائیلی فوج مقررہ حد سے باہر نکلنے والے فلسطینی ماہی گیروں کی کشتیوں پر فائرنگ کرتی رہی ہے۔ 2007ء میں حماس کی جانب سے غزہ کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد سے اسرائیل نے اس علاقے کی زمینی اور بحری ناکہ بندی کر رکھی ہے۔
خبر کا کوڈ : 326881
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش