0
Saturday 5 Jul 2014 20:45

افغانستان، طالبان کی جانب سے نیٹو ٹینکرز پر حملہ، 400 ٹینکر نذرِ آتش

افغانستان، طالبان کی جانب سے نیٹو ٹینکرز پر حملہ، 400 ٹینکر نذرِ آتش
اسلام ٹائمز۔ کابل کے مضافاتی علاقے میں آئل ٹینکروں پر راکٹ حملہ کیا گیا ہے جس کے بعد درجنوں ٹینکروں کو آگ لگ گئی ہے۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ پیش آنے والے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان تو نہیں ہوا۔ آگ بجھانے والا عملہ ساری رات آگ پر قابو پانے کی کوشش کرتا رہا، تاہم آج سنیچر کی صبح تک آگ بھڑک رہی تھے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ ٹینکر نیٹو افواج کے لیے ایندھن لے کر جا رہے تھے مگر حملے کے وقت وہ کھڑے ہوئے تھے۔

افغان سکیورٹی حکام نے بتایا کہ کم از کم چار سو ٹینکروں کو آگ لگی ہے۔ کابل میں پولیس سربراہ کے ترجمان حشمت ستانزئی کا کہنا ہے کہ پولیس آگ کے بھڑکنے کی وجہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ادھر طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ طالبان نے غیر ملکی افواج کو تیل کی رسد کو نشانہ بنایا ہے۔ اس سے پہلے پاکستان میں نیٹو کے آئل ٹینکروں پر حملے معمول کی بات بن گئے تھے، تاہم افغانستان میں یہ کبھی کبھار ہی ہوا کرتے تھے۔

دیگر ذرائع کے مطابق کے مطابق نیٹو کو تیل کی سپلائی کرنے والے ٹرک پارکنگ میں موجود تھے کہ حملہ کرکے انہیں آگ لگا دی گئی۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ رات ساڑھے دس بجے کے قریب نجی کمپنی کے درجنوں ٹینکروں نے آگ پکڑ لی۔ ان کے مطابق اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ ایک ٹرک ڈرائیور جنت گل نے میڈیا کو بتایا کہ میں اپنے ٹرک میں سو رہا تھا جب میں نے تین زور دار دھماکوں کی آوازیں سنیں۔ اس کے بعد ٹرکوں میں آگ بھڑک اٹھی، جس پر میں فوراً اُس جگہ سے نکل گیا۔ کابل پولیس کے کرائم انویسٹی گیشن ڈائیریکٹر گل افغان ہاشمی نے بتایا کہ دھماکہ ایک میگنیٹک بم کی مدد سے کیا گیا جس کے نتیجے میں ٹرکوں نے فوراً آگ پکڑ لی۔ 

خیال رہے، بدھ کے روز طالبان کے ایک خودکش بمبار نے کابل میں فضائیہ کی ایک بس پر حملے کیا جس میں آٹھ سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔ اس کے علاوہ گذشتہ ماہ بھی کابل میں ہونے والے ایک خودکش حملے میں ایک اعلیٰ سرکاری عہدیدار محمد معصوم ستانکزئی کو نشانہ بنایا گیا تھا جس میں وہ بال بال بچ گئے۔ وہ اس سرکاری گروپ کے مشیر ہیں جو طالبان کے ساتھ امن مذاکرات کا ذمہ دار ہے۔
خبر کا کوڈ : 397560
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش