0
Tuesday 5 Aug 2014 09:12

مسئلہ کشمیر کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے، شبیر احمد ڈار

مسئلہ کشمیر کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے، شبیر احمد ڈار
اسلام ٹائمز۔ مسلم کانفرنس کے چیئرمین شبیر احمد ڈار نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ بھارت کشمیر میں جس منصوبہ بند نسل کشی پر عمل پیرا ہے اسے روکا جا سکے۔ سنگرامہ سوپور میں کارکنوں کی ایک نشست سے خطاب کرتے ہوئے شبیر ڈار نے کہا کہ مسلم کانفرنس اپنے وجود سے ہی مسئلہ کشمیر کے دائمی اور منصفانہ حل کے لئے کوششیں کر رہی ہے اور حقیقت بھی یہی ہے کہ مسلم کانفرنس کا وجود کشمیریوں کو غلامی کی ذلت بھری زندگی سے نجات دلانے کے لئے عمل میں لایا گیا۔ انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کی آزادی کیلئے ایک منظم اور مربوط سیاسی جدوجہد مسلم کانفرنس کے جھنڈے تلے ہی شروع ہوئی اور آج بھی اسی جذبے اور لگن سے جاری ہے۔ 

انھوں نے کہا کہ اپنے سیاسی حقوق کیلئے میدان کار زار میں اس تنظیم کے کارکنوں نے قربانیوں کی ایسی تاریخ رقم کی ہے جو ہمارے لئے سب سے قیمتی اثاثہ ہے اور آج بھی ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ شبیر ڈار نے کہا مسئلہ کشمیر کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ بھارت کشمیر میں جس منصوبہ بند نسل کشی میں عمل پیرا ہے اسے روکا جا سکے اور جس مطالبے کو لیکر کشمیر کے لوگ جدوجہد میں مصروف ہیں انہیں وہ حق مل سکے جس سے برصغیر پاک و ہند میں امن اور ترقی کا دور شروع ہو سکے۔ انہوں نے کہاکہ اس تلخ سیاسی حقیقت کو بھی ہمیں نہیں بھولنا چاہیے کہ اگر برصغیر کے امن کو کسی چیز سے سب سے زیادہ خطرات لاحق ہے تو وہ مسئلہ کشمیر کے حل میں تاخیر اور یہاں معصوم لوگوں کیخلاف جاری ریاست تشدد اور ظلم جبر ہے۔ 

انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کو حل کرنے میں مجرمانہ تاخیر کر رہا ہے۔ شبیر ڈار نے کہا کہ بھارت اپنے فوجی قبضے کو دوام بخشنے کیلئے کتنے ہی دائو پیچ استعمال کرے، ترقی اور تعمیر کے کتنے ہی کھوکھلے اعلانات کرے لیکن وہ کشمیریوں کے آزادی کے مطالبے کے اجتماعی اور شعوری فیصلے کو کسی طور بھی بدل نہیں سکتا ہے۔ شبیر ڈار نے کہا کہ قربانیاں جو عظیم مقاصد کی عمل آوری کیلئے دی گئی ہوں ہر حال میں رنگ لاتی ہیں ہم نے بھی بحثیت مجموعی قربانیوں کا جو نہ رکنے والا سلسلہ شروع کیا ہے وہ بہت جلد آزادی کی شکل میں ہمارے شہداء کے دیکھے ہوئے خوابوں کی تعبیر بن کر سامنے آئے گا۔
خبر کا کوڈ : 403109
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش