0
Saturday 16 Aug 2014 10:16
ظالموں اور مظلوموں کی جنگ میں آخری فتح مظلوموں کی ہوگی

طاہرالقادری کا 10 نکاتی ایجنڈا ہی تمام مسائل کا حل ہے، صاحبزادہ حامد رضا

ہمارا ہدف عوام دشمن استحصالی اور فرسودہ نظام کا خاتمہ ہے
طاہرالقادری کا 10 نکاتی ایجنڈا ہی تمام مسائل کا حل ہے، صاحبزادہ حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ حکومت کا کوئی حربہ انقلاب مارچ نہیں روک سکا۔ پرامن عوامی جمہوری انقلاب کی عظیم منزل قریب ہے۔ انقلاب مارچ کے دوران لاکھوں کارکنان نے پرامن رہ کر امن پسندی ثابت کر دی ہے۔ عوامی طاقت فتح یاب اور حکومتی چالیں ناکام ہوں گی۔ انقلاب اور آزادی مارچ میں شریک لاکھوں افراد نے حکمرانوں پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا ہے۔ قوم جاگ اٹھی ہے اور پورا ملک عوامی انقلاب کے جذبوں سے جھوم اٹھا ہے۔ غیرآئینی الیکشن کمیشن کے تحت منتخب ہونے والی حکومت کی کوئی آئینی حیثیت نہیں۔ عوام کی طاقت سے حکمرانوں کا تخت الٹائیں گے۔ آدھے آئین کو معطل رکھنے والے حکمرانوں پر آرٹیکل 6 کے تحت مقدمات چلنے چاہئیں۔ ظالموں اور مظلوموں کی جنگ میں آخری فتح مظلوموں کی ہوگی۔ ہم بارود والے نہیں درود والے ہیں۔ عدم تشدد کی پالیسی ہماری پہچان اور امن ہماری شناخت ہے۔ حکومت گرفتاریوں اور رکاوٹوں کے باوجود انقلاب مارچ کو ناکام نہیں بنا سکی۔ ہمارا ہدف عوام دشمن استحصالی اور فرسودہ نظام کا خاتمہ ہے۔ انقلاب اور تبدیلی کی آرزو طوفان بن چکی ہے۔ انقلاب مارچ ہر صورت نتیجہ خیز ہوگا۔ قوم کو مایوس نہیں کریں گے اور انقلاب کی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

اسلام آباد سے ’’اسلام ٹائمز‘‘سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ جمہوریت کے نام پر 67 سال سے مخصوص خاندانوں نے ملک یرغمال بنایا ہوا ہے۔ فرسودہ نظام ہی تمام مسائل کی جڑ ہے اس لیے موجودہ عوام دشمن نظام ختم کیے بغیر کوئی تبدیلی نہیں آسکتی۔ حکمرانوں نے انقلاب مارچ کو ناکام بنانے کے لیے ڈرانے دھمکانے کا ہر حربہ استعمال کیا۔ حکمرانوں کا بھیانک انجام قریب ہے۔ عدالتوں کو سیاست میں ملوث نہیں ہونا چاہیے۔ عدلیہ کو غیرجانبداری کا رویہ اختیار کرنا ہوگا۔ 62، 63 بھی آئین کا حصہ ہے۔ ان شقوں پر عمل کیوں نہیں کیا جاتا۔ انقلاب مارچ میں عوام کی پرجوش شرکت نوید انقلاب ہے۔ سیاست سے لاتعلق خاموش اکثریت کے کردار ادا کرنے کا وقت آگیا ہے۔ بلدیاتی الیکشن سے بھاگنے والوں کو جمہوریت کی باتیں زیب نہیں دیتیں۔ پاکستان کے بے گناہ، مظلوم اور محکوم عوام کے حقوق کی جنگ لڑنے نکلے ہیں۔ غلامی کی زنجیریں توڑنے کے لیے آخری حد تک جائیں گے۔ شریف خاندان کا ہر فرد شریک اقتدار ہے۔ حکمرانوں کو عوامی طاقت کے سامنے سرنڈر کرنا ہوگا۔ عوام کا جنون ضرور رنگ لائے گا اور عوامی انقلاب کی جدوجہد کامیاب ہوگی۔ حکمران چند دن کے مہمان ہیں۔

ہر پاکستانی انقلاب کا منتظر ہے۔ ہم حکمرانوں سے دب کر نہیں ڈٹ کر بات کریں گے۔ قوم اپنے حقوق کے لیے میدان عمل میں اتر آئی ہے۔ عوام دوست نظام لا کر قوم کو خوشحالی کی نوید دیں گے۔ انقلاب مارچ ملک بچانے کی آخری کوشش ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ غلط نظام کو درست طریقے سے تبدیل کریں گے۔ عوام ضروریات زندگی سے بھی محروم ہے اور حکمران عیاشیاں کر رہے ہیں۔ جبر و تشدد کی فضا ختم اور خوشحالی و امن کی بہار آنے والی ہے۔ حکمران اختیارات کا گھنٹہ گھر بن چکے ہیں۔ مہنگائی کی آگ میں جلتی عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا ہے۔ حکمران قوم کے صبر کو مزید نہ آزمائیں اور قوم کی جان چھوڑ دیں۔ حکمران عوامی مینڈیٹ کے تقاضے پورے نہیں کرسکے۔ انقلاب مارچ کے شرکاء ناقابل تسخیر جذبے سے سرشار ہیں۔

سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نون کے چوری کھانے والے مجنوں پرعزم انقلابی کارکنوں کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔ حکومتی بدحواسیاں ہر آنکھ دیکھ رہی ہے۔ حکومت 14 ماہ میں عوام کا ایک مسئلہ بھی حل نہیں کرسکی۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین نے کہا کہ حکمران انتخابی وعدے بھول چکے ہیں۔ عوام کی عدالت نے حکمرانوں کے خلاف فیصلہ سنا دیا ہے۔ طاہرالقادری کا 10 نکاتی ایجنڈا ہی تمام مسائل کا حل ہے۔ متکبر حکمران شرمندگی اور درندگی کی علامت بن چکے ہیں۔ ہمارے 10 نکاتی ایجنڈے کا ایک نکتہ بھی آئین سے باہر نہیں۔ حکمرانوں سے خیر کی توقع نہیں۔ انقلاب مارچ میں سنی اتحاد کونسل کے ہزاروں کارکنان شریک ہیں۔ صاحبزادہ حامد رضا نے انقلاب مارچ میں لاکھوں افراد کی کامیاب شرکت پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔
خبر کا کوڈ : 404996
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش