0
Wednesday 27 Aug 2014 18:13

عوامی تحریک پنجاب کا نواز شریف سمیت 21 ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا مطالبہ

عوامی تحریک پنجاب کا نواز شریف سمیت 21 ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر چودھری بشارت عزیز جسپال نے لاہور ہائی کورٹ کے سانحہ ماڈل ٹاون کے نامزد ملزمان کے خلا ف مقدمے اندراج کا حکم اور جوڈیشل کمشن رپورٹ میں حکومت پنجاب کو ذمہ دار ٹھہرانے کے فیصلوں کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ نواز شریف، شہباز شریف سمیت 21 ملزمان کے نام ای سی ایل پر ڈالے جائیں تاکہ وہ کہیں فرار نہ ہو جائیں۔ پاکستان عوامی تحریک پنجاب سیکرٹریٹ کے سٹاف سے خطاب کرتے ہوئے بشارت جسپال نے کہا کہ شہدا کے ورثا کو انصاف کی فراہمی کا راستہ کھل گیا ہے، اب نواز شریف اور شہباز شریف جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ نے فیصلوں سے انصاف کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے، امید کرتے ہیں کہ شہدا کا خون رنگ لائے گا۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ انقلاب کے سوا اب کوئی چارہ نہیں، حکمران ہوش کے ناخن لیتے ہوئے ہٹ دھرمی چھوڑ کر وزیر اعظم اور وزیر اعلٰی پنجاب سے استعفے لے کر پارلیمنٹ اور حکومت کو بچا لیں، ورنہ سانحہ ماڈل ٹاون کے شہدا کے خون کی تاثیر سے یہ نظام زمین بوس ہونے والا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت تاخیری حربے استعمال کرنا چھوڑ دے، حکومتی بوکھلاہٹ عروج پر ہے، پہلے دہشت گردی کے خطرے اور اب سپریم کورٹ کے فیصلے کے پیچھے حکمران چھپنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن سلطنت شریفیہ کا خاتمہ قریب ہے۔ حکمرانوں کو اب سیاسی پناہ دینے والا بھی کوئی نہیں رہے گا۔ بشارت جسپال نے کہا کہ قائد انقلاب ڈاکٹر طاہرالقادری کے مطالبات قوم کی آواز ہیں۔ انقلاب کے بعد عوام کو شریک اقتدار کرنے کے ایجنڈے پر عمل ہو گا۔ جس سے خوشحالی آئے گی اور لوگ سکھ کا سانس لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف سیاسی جماعتیں عوامی ایجنڈے کی تائید کر چکی ہیں۔ حکمرانوں کو سانحہ ماڈل ٹاون کے پس پردہ عوامل کو منظر عام پر لانا پڑے گا ورنہ میڈیا کے ہاتھ میں جو کچھ آتا ہے وہ عوام کے سامنے پیش کر دیتا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کے کارکن شہدا کے خون سے غداری نہیں کریں گے چاہے مزید جتنے دن بھی اسلام آباد میں دھرنا دینا پڑے، وہ اسے جاری رکھیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بوکھلاہٹ کا شکار حکمران پراپیگنڈے سے سیاسی کارکنوں کو بددل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر نے کہا ملی یکجہتی کونسل،پیپلزپارٹی،ایم کیو ایم اور دیگر جماعتیں ڈاکٹر طاہرالقادری کے ایجنڈے سے اتفاق کرتی ہیں۔ خود مسلم لیگ ن کے ارکان اسمبلی اور کارکنان بھی جانتے ہیں کہ انہیں ایک خاندان کا غلام بنایا گیا ہے۔ جس سے سول ڈکٹیٹرشپ اور خاندانی بادشاہت قائم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب ہی پاکستان کا مقدر ہے۔ اس کے بغیر کوئی چارہ کار نہیں۔
خبر کا کوڈ : 406918
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش