0
Sunday 21 Apr 2024 20:48

بی جے پی کا وادی کشمیر میں پارلیمانی انتخابات میں امیدوار کھڑے نہ کرنا انکی کمزوری ہے، وقار رسول وانی

بی جے پی کا وادی کشمیر میں پارلیمانی انتخابات میں امیدوار کھڑے نہ کرنا انکی کمزوری ہے، وقار رسول وانی
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر وقار رسول وانی نے کہا کہ بی جے پی کشمیر کے علاقے میں پارلیمانی کی تین سیٹوں پر کوئی امیدوار کھڑا نہیں کر رہی ہے کیونکہ وہاں اُن کو کوئی وجود نہیں ہے۔ وقار رسول وانی نے دعویٰ کیا کہ ان کی پارٹی جموں صوبے کی دونوں سیٹوں پر کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر انڈیا بلاک مرکز میں برسر اقتدار آتا ہے، تو وہ ثقافت، ملازمتوں اور زمین کا تحفظ کرے گا، ریاست کا درجہ بحال کرے گا اور جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کرائے گا۔ گزشتہ روز بی جے پی جموں و کشمیر یونٹ کے سربراہ رویندر رینا نے کشمیر کے علاقے میں اننت ناگ راجوری، سرینگر اور بارہمولہ پارلیمانی سیٹوں پر امیدوار کھڑے نہ کرنے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ بعض اوقات بڑے مقصد کو حاصل کرنے کے لئے فیصلے کئے جاتے ہیں اور بی جے پی ان حلقوں میں محب وطن پارٹیوں کی حمایت کر رہی ہے۔

وقار رسول وانی نے کہا کہ بی جے پی کے پاس کوئی ووٹر بیس اور عوامی حمایت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بی جے پی کے پاس پولنگ ایجنٹ نہیں، انتخابی مہم نہیں، کیڈر بیس نہیں تو وہ کشمیر میں الیکشن کیسے لڑیں گے۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ بی جے پی جموں میں بھی اپنی حمایت کھو چکی ہے کیونکہ اس نے پچھلے 10 سالوں میں عوام کو صرف لالی پاپ دیا ہے۔ جموں و کشمیر کے لوگوں نے بی جے پی کو سبق سکھانے کے لئے اپنا ذہن بنا لیا ہے اور پولنگ کے پہلے مرحلے کے دوران اودھم پور میں ایسا کیا ہے۔ وقار رسول وانی نے دعویٰ کیا کہ جموں پارلیمنٹ سیٹ پر پارٹی کا بھی یہی حشر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے جمہوری حق کا استعمال کرنے کے لئے بھاری بارش کے باوجود بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنے کے لئے ادھم پور کے لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، کانگریس کے لیڈروں نے کہا کہ انہوں نے تبدیلی کے لئے ووٹ دیا اور ہمیں سیٹ جیتنے کا یقین ہے۔
خبر کا کوڈ : 1130182
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش