0
Thursday 24 Apr 2014 00:10

پیمرا کیجانب سے جیو نیوز کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا

مختلف شہروں کے کنٹونمنٹ حدود میں جیونیوزکی نشریات بند،نمبر تبدیل
پیمرا کیجانب سے جیو نیوز کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا
اسلام ٹائمز۔ پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے آرڈیننس کی شق نمبر 29 کے تحت نجی ٹی وی چینل جیو ٹی وی کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔ اس سے قبل پیمرا نے نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے خلاف دائر درخواست لیگل ڈیپارٹمنٹ کو بھجوا دی تھی۔ پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی نے وزارت دفاع کی جانب سے جیو نیوز کے خلاف درخواست کا جائزہ لینے کیلئے تین رکنی کمیٹی قائم کی ہے۔ یہ کمیٹی پیمرا بورڈ کے ممبران پرویز راٹھور، اسرار عباسی اور اسماعیل شاہ پر مشتمل ہے۔ وزارت دفاع نے پیمرا کو اپنی تحریری درخواست کے ساتھ جیو نیوز کے خلاف ثبوت بھی فراہم کئے ہیں۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ جیو نیوز نے ملکی دفاع کے ادارے آئی ایس آئی کے خلاف بےبنیاد الزامات لگائے۔ آئی ایس آئی اور اس کے ڈی جی کے خلاف منفی پروپیگنڈا کیا۔ جھوٹ کی بنیاد پر ریاستی ادارے اور اس کے افسروں کا دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ تعلق جوڑنے کی کوشش کی گئی اور گھناؤنے الزامات کے ذریعے ریاستی ادارے کے تشخص کو مسخ کرنے کی کوشش کی گئی۔ جیو نیوز کی انتظامیہ اور ایڈیٹوریل ٹیم نے پیمرا قوانین کی سنگین خلاف ورزی کی۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ اور ملک دشمن ایجنڈے پر کام کرنا جیو نیوز کی تاریخ ہے۔ جیو نیوز نے ڈینیئل پرل کیس، ولی خان بابر، سپریم کورٹ کے جج کے والدین کے قتل اور سپریم کورٹ ہی کے افسر حماد کے قتل کی غلط رپورٹنگ کی۔ درخواست میں پیمرا آرڈیننس کی شق 33 اور 36 کا حوالہ دیتے ہوئے استدعا کی گئی ہے کہ جیو نیوز کی ادارتی ٹیم اور انتظامیہ کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

دیگر ذرائع کے مطابق ملک کے مختلف شہروں سے جیونیوز کی کیبل پر نشریات کی بندش سے متعلق شکایات موصول ہوئی ہیں۔ کراچی کے ملیر کینٹ میں جیو انٹرٹینمنٹ اور جیو سوپر کے نمبر تبدیل کردیئے گئے ہیں، حیدرآباد کے سرفراز کیبل کے مطابق صدر اور کنٹونمنٹ میں 2دن سے جیو کی نشریات بند ہیں، ٹیلی الائنس کیبل آپریٹر مری کے مطابق شہر میں اسٹیشن ہیڈکوارٹر مری سے جیو کی نشریات بند کرنے کے احکامات ملے ہیں اور جیو ٹیلی ویژن کے تمام چینلز بند کر دیئے گئے ہیں، ٹیلی الائنس کیبل آپریٹر کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں کنٹونمنٹ کے علاقوں میں جیونیوز کی نشریات بند کرا دی گئیں۔ ملتان کے الفا کیبل کے مطابق شہر میں جیو کے تمام چینلز آخری نمبروں پر دکھائے جا رہے ہیں، اور ملتان کینٹ کے عسکری رہائشی علاقوں میں جیو کے تمام چینلز کی پوزیشن تبدیل کی گئی ہے۔ اسکے علاوہ مختلف شہروں میں دھونس اور دھمکی کے ذریعے جیو کی نشریات بند کرا دی گئیں۔ دریں اثناء اوکاڑہ کینٹ کے علاقے میں جیو ٹیلی ویژن کے تمام چینلز کی نشریات بند کرا دی گئیں۔ پشاور میں گلبہار، کاکشال، ہشتنگری، نشترآباد، فقیرآباد اور فردوس کالونی میں جیو آخری نمبر پر کر دیا گیا، پشاور صدر میں جیونیوز کی نشریات مکمل طور پر بند ہیں۔ کوئٹہ کینٹ، جناح ٹاوٴن، شہبازٹاوٴن، سمنگلی روڈ، زرغون روڈ کے کچھ علاقوں میں بھی جیونیوز بند ہے۔ ڈیرہ غازی خان میں چوٹی کینٹ ایریا میں جیو کے چینلز آخری نمبروں پر کر دیئے گئے۔ بہاول نگرکینٹ ایریا میں جیونیوز اورجیوتیز کی نشریات بند کر دی گئیں۔
خبر کا کوڈ : 375865
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش