0
Wednesday 20 Aug 2014 06:30
نئے پاکستان کا سورج طلوع ہونیوالا ہے

نواز شریف ملک کا سب سے بڑا ڈاکو ہے، استعفٰی نہ دیا تو وزیراعظم ہاوس آجاونگا، عمران خان

نواز شریف ملک کا سب سے بڑا ڈاکو ہے، استعفٰی نہ دیا تو وزیراعظم ہاوس آجاونگا، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اگر وزیراعظم نواز شریف نے ضد چھوڑ کر استعفٰی نہ دیا تو میں ان کے پیچھے وزیراعظم ہاؤس میں بھی آجاؤں گا۔ اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے پہنچ کر آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ملک کے سب سے بڑے ڈاکو نواز شریف کو میں نہیں چھوڑوں گا، نواز شریف نے ملک کا بہت پیسہ لوٹا ہے اور میں ملک کی لوٹی ہوئی تمام دولت وصول کروں گا۔ اگر نواز شریف نے استعفٰی نہ دیا تو ان کے پیچھے وزیراعظم ہاؤس میں بھی آجاؤں گا۔ انہوں نے وزیراعظم نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب آخری اوور ہے اور اب آپ میچ نہیں جیت سکتے۔ ضد چھوڑ کر استعفٰی دیں اور عوام کے فیصلے کو قبول کرلیں۔ عمران خان نے مزید کہا کہ پولیس نے ہماری ریڈزون میں پیش قدمی پر کوئی رکاوٹ کھڑی نہیں کی اور آگے بھی پولیس ملک پر قابض حکمرانوں کے کسی غیر قانونی حکم پر عمل نہ کرے۔ پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے پر مارچ میں شریک عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پاکستانی عوام کو ظلم سے آزادی دلانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج شام 4 بجے ہمیں نئے پاکستان کا جشن منانا ہے اور آج ہی میں نواز شریف کا بھی بندوبست کروں گا۔

دیگر ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین نے ڈی چوک پر مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ میاں صاحب ضد نہ کریں، استعفا دے دیں، آج پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے عوام کا سمندر ہوگا، نئے پاکستان کا سورج طلوع ہونے والا ہے، نیا پاکستان سب کو مبارک ہو، آج جشن منائیں گے، اللہ کا شکر ادا کریں گے۔ عمران خان نے نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آخری اوور ہے، آپ میچ نہیں جیت سکتے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو آج یہاں آنے پر مبارکباد دیتا ہوں، ہم نے پاکستانی عوام کو ظلم سے آزادی دلانی ہے، پولیس غیر قانونی احکامات پر عمل نہ کرے۔ اسلام آباد پولیس نے آج کوئی رکاوٹ کھڑی نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ طاہرالقادری نے ہمارا استقبال کیا، ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
خبر کا کوڈ : 405668
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش