1
Friday 26 Apr 2024 21:14

بھارت شریعت سے نہیں، یکساں سول کوڈ سے چلے گا، امت شاہ

بھارت شریعت سے نہیں، یکساں سول کوڈ سے چلے گا، امت شاہ
اسلام ٹائمز۔ بھارتی وزیر داخلہ امت شاہ 26 اپریل کو گونا پارلیمانی حلقہ پہنچے۔ انہوں نے پپرائی کے منڈی کمپلیکس میں عوام سے خطاب کیا۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی ’او بی سی‘ مخالف پارٹی ہے اور برسوں سے او بی سی زمرے کے لوگوں کو مرکزی اداروں میں ریزرویشن نہیں دیا گیا تھا۔ امت شاہ نے کہا کہ کانگریس 70 سال تک دفعہ 370 کو اپنے بچوں کی طرح بچاتی رہی، جب کہ وزیراعظم نریندر مودی نے 5 اگست 2019ء کو کشمیر سے آرٹیکل 370 کو ایک ہی جھٹکے میں ختم کردیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مودی نے اس ملک کی ترقی میں ایس سی، ایس ٹی اور او بی سی کو پہلی ترجیح دی ہے لیکن کانگریس کا کہنا ہے کہ اس ملک کے وسائل پر پہلا حق مسلمانوں کا ہے، ہم کانگریس کے ارادے کو پورا نہیں ہونے دیں گے۔

بھارتی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ یہ ملک یکساں سول کوڈ (یو سی سی) سے چلے گا۔ یہ ہمارے آئین کی روح ہے، ہم اتراکھنڈ میں یو سی سی لائے ہیں اور وزیراعظم نریندر مودی نے گارنٹی دی ہے کہ ہم یو سی سی کو پورے ملک میں نافذ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے منشور کو غور سے پڑھیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہم پرسنل لاء کو دوبارہ نافذ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ملک میں مسلم پرسنل لاء لانا چاہتی ہے۔ آپ بتائیں کیا یہ ملک شریعت پر چل سکتا ہے۔ انہوں نے کہا ’’راہل گاندھی اپنی تسلی کے لئے جو بھی کرنا ہے کرو لیکن جب تک بی جے پی ہے ہم پرسنل لاء کو متعارف نہیں ہونے دیں گے‘‘۔

بھارتی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ مودی نے اس ملک سے دہشت گردی اور نکسلزم کو ختم کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی نے ہمارے مدھیہ پردیش کو نکسلزم سے آزاد کرانے کا کام کیا ہے۔ انہوں نے 10 سالوں میں ملک کے کروڑوں غریبوں کے لئے بہت کام کیا ہے، اس کے علاوہ نریندر مودی نے کچھ تاریخی کام بھی کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ الیکشن ملکی معیشت کو تیسری بڑی معیشت بنانے کا الیکشن ہے۔ امت شاہ نے کہا کہ نریندر مودی نے ملک میں 1 کروڑ لکھ پتی دیدیاں بنائیں، یہ الیکشن 3 کروڑ ماؤں کو لکھپتی دیدی بنانے کا الیکشن ہے۔
خبر کا کوڈ : 1131294
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش