0
Friday 3 Oct 2014 20:00

کشمیر بھر میں عید الاضحی کی مقدس تقریب انتہائی سادگی سے منائی جائے، میرواعظ عمر فاروق

کشمیر بھر میں عید الاضحی کی مقدس تقریب انتہائی سادگی سے منائی جائے، میرواعظ عمر فاروق
اسلام ٹائمز۔ عید الاضحی کی مقدس تقریب کو انتہائی سادگی منانے کی اپیل کرتے ہوئے کل جماعتی حریت کانفرنس (م) کے چیئرمین میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے مسلمانان کشمیر پر زور دیا ہے کہ ہم جن حالات سے گزر رہے ہیں ان کا تقاضا ہے کہ عید قربان کے موقعے پر صرف شرعی طور واجب لوازمات کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ اسراف اور فضول خرچیوں سے اجتناب کیا جائے اور حالیہ سیلاب سے متاثرہ لاکھوں لوگوں کی امداد کیلئے اپنی ملی ذمہ داریاں پوری کی جائیں، مرکزی جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ سے قبل ایک بھاری اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے میرواعظ عمر فاروق نے کہا کہ من حیث القوم ہم سب اس وقت پریشانیوں اور مصائب کے شکار ہیں اور قیامت خیز سیلاب سے زندگی کے بکھرے شیرازے کو سمیٹنے کی ہر سو کوشش ہورہی ہے انہوں نے کہا اب بھی کچھ بستیاں زیر آب ہیں اور لوگ پریشانی میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے بڑے پیمانے پر جو نقصان ہوا ہے اس حوالے سے ریاستی حکومت اور ہندوستانی حکومت کے بلند بانگ دعوے بالکل سراب ثابت ہو رہے ہیں حکومتی سطح پر عوام کی راحت کیلئے کسی باضابطہ امدادی پیکیج کا دور دور تک پتہ نہیں اور لوگوں کی امداداور نقصانات کی بھرپائی تو دور کی بات، عوام کو مناسب راشن بھی فراہم نہیں کیا جارہا ہے اور تاجر برادری اپنے زبردست نقصان کے حوالے سے الگ پریشان ہے، ایسے میں کشمیری عوام کو عالمی برادری اور OIC کی جانب سے متوقع امداد کی فراہمی میں بھی حکومت ہندوستان روڑے اٹکا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات ہمارے علم میں آئی ہے کہ کشمیر سے باہر کے ممالک میں رہائش پذیر کشمیریوں نے اپنے مصیبت زدہ بھائیوں کو مدد فراہم کیلئے متعلقہ ممالک میں بھارت کے سفارت خانوں سے رابطہ قائم کیا تھا مگر حکومت ہندوستان نے اس کی بھی اجازت نہیں دی جو حد درجہ افسوس ناک ہے، انہوں نے کہا کہ ایسے افراد کو ہر صورت میں عوام کے سامنے پیش کیا جائے چاہے اُس کا تعلق عوام سے ہو یا حکومتی اداروں سے اور حریت کانفرنس عنقریب اس حوالے سے اخبارات کے ذریعے تفصیلات سے آگاہ کریگی، میرواعظ کشمیر نے اس موقعے پر  آیت ﷲ سید علی خامنہ ای کے ہندوستان میں نمائندے حجۃ الاسلام آقای مہدوی پور اور وفد کے دیگر ارکان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر اور ایران کے بڑے قدیم تہذیبی اور ثقافتی رشتے ہیں اور ہم اُن کی یہاں آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں ایران وہ واحد ملک ہے جن کے وفود نے یہاں آکر مصیبت زدہ عوام کے ساتھ یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ میرواعظ عمر فاروق نے اعلان کیا کہ عید الاضحی کی نماز تاریخی عیدگاہ میں صبح 10 بجے ادا کی جائیگی اور اس سے قبل 9 بجے سے واعظ و تبلغ کے ساتھ ساتھ توبہ و استغفار کی مجلس آراستہ ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 413036
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش