0
Sunday 11 Mar 2018 15:25

نواز شریف پر حملہ ملزمان کا انفرادی فعل ہے، جامعہ نعیمیہ کا ان سے کوئی تعلق نہیں، راغب نعیمی

نواز شریف پر حملہ ملزمان کا انفرادی فعل ہے، جامعہ نعیمیہ کا ان سے کوئی تعلق نہیں، راغب نعیمی
اسلام ٹائمز۔ ناظم جامعہ نعیمیہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے اور اس ذمہ داری سے کسی طور عہدہ براء نہیں ہوں گے، عقیدہ ختم نبوت کےدفاع کی ذمہ داری ارکان پارلیمنٹ کی بھی ہے، وہ بھی اپنا کردار ادا کریں۔ ڈاکٹر راغب نعیمی نے کہا کہ جامعہ نعیمیہ میں پیش آنیوالا واقعہ افسوسناک ہے، اختلاف رائے کا حق سب کو ہے لیکن ایسے اقدامات قابل مذمت ہیں۔ راغب نعیمی نے کہا کہ نواز شریف اور اُن کی فیملی سے ہمارے تعلقات 70 سال سے زائد عرصے پر محیط ہیں، اگر کوئی یہ سمجھتا ہے ایسے ہتھکنڈوں سے ہمارے تعلقات خراب کر لے گا تو یہ ان کی بھول ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں دکھ ہے ہمارے مہمان کیساتھ ایسا سلوک کیا گیا۔

ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے سکیورٹی اداروں سے کہا کہ جو بھی ملزمان ہیں، یہ ان کا انفرادی عمل ہے، جامعہ نعیمیہ کا اس واقعہ سے کوئی تعلق نہیں، سکیورٹی ادارے ملزمان سے مکمل تفتیش کریں اور اس بات کا پتہ چلایا جائے کہ ان ملزمان کے پیچھے ماسٹر مائنڈ کون ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا کہ جامعہ نعیمیہ کے علماء میں کوئی اختلافات نہیں، تمام علماء اور طلباء متفق تھے کہ تقریب میں میاں نواز شریف کو ہی دعوت دی جائے، اس لئے اختلافات کی خبریں بے بنیاد ہیں۔ یہ سوال کہ ملزمان جامعہ نعیمیہ کے طلباء تھے کے جواب میں راغب نعیمی کا کہنا تھا کہ جامعہ نعیمیہ کے طلباء ہیں یا نہیں، یہ کہنا قبل از وقت ہوگا، جامعہ میں سینکڑوں طلباء زیرتعلیم ہیں، اس لئے ابھی کچھ نہیں کہہ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ عرس کی یہ تقریبات حسب معمول اپنے شیڈول کے مطابق جاری رہیں گی اور جامعہ نعیمیہ میں ہونیوالا کانووکیشن بھی آج ہی منعقد کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 710684
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش