0
Tuesday 15 May 2018 20:47

اسرائیل کو حق نہیں پہنچتا کہ وہ مظلوم فلسطینیوں کو اپنی سرزمین سے بےدخل کرے، سید علی گیلانی

اسرائیل کو حق نہیں پہنچتا کہ وہ مظلوم فلسطینیوں کو اپنی سرزمین سے بےدخل کرے، سید علی گیلانی
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی شاہ گیلانی نے اسرائیلی صہیونیت کی طرف سے نہتے اور معصوم فلسطینیوں کے خلاف قتل و غارتگری اور دہشت گردانہ کارروائیوں کے دوران پچاس کے قریب فلسطینی شہریوں کو بہیمانہ طور قتل کئے جانے پر اپنی گہری تشویش اور دُکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے اسرائیلی جارحیت کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی۔ حریت رہنما سید علی گیلانی نے اس امر پر انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دوسری عالمگیر جنگ کے بعد معرض وجود میں آئے ہوئے اقوامِ متحدہ جیسے جامع اور مضبوط ادارے کے ساتھ دنیا بھر کی مظلوم، غریب اور پسماندہ اقوام کی امیدیں وابستہ ہوگئی تھیں کہ اب ظالم اور مظلوم میں فرق کرکے طاقتور اور کمزور اقوام کے درمیان مساوات اور انصاف کا بول بولا ہوگا، لیکن حد درجہ افسوس کا مقام ہے کہ دنیا کی بڑی طاقتیں کمزور قوموں کے جملہ حقوق انسانی کو اپنے پیروں تلے روند رہے ہیں اور اقوامِ متحدہ خواب غفلت میں رہتے ہوئے خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہا ہے۔

سید علی شاہ گیلانی نے اسرائیل کی جارحیت اور نو آبادیاتی طرز عمل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو یہ حق نہیں پہنچتا ہے کہ وہ مظلوم فلسطینیوں کو اپنی سرزمین سے بےدخل کرتے ہوئے یہاں یروشلم کو اپنا دارالخلافہ بنائے۔ انہوں نے اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی کے سربراہوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ دنیا بھر میں مظلومین کے خلاف اپنائی گئی ظالمانہ اور جابرانہ پالیسیوں کا بغور جائزہ لیتے ہوئے معصوم و نہتے فلسطینیوں اور کشمیریوں سمیت ہر خطے کے لوگوں کے خلاف بے دردی کے ساتھ قتل و غارتگری کو روکنے کے لئے اپنے سیاسی اثرورسوخ کو استعمال کریں۔ حریت رہنما نے امید ظاہر کی کہ او آئی سی اپنی ملی ذمہ داریوں کو بھانپتے ہوئے انسانی جانوں کی حرمت کے حوالے سے اسلام کے آفاقی پیغام کی روشنی میں ہر طرح کے مظلومین کے حق میں اپنی آواز اُٹھائے۔
خبر کا کوڈ : 724956
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش