0
Friday 22 Jun 2018 20:53

پی ٹی آئی کا میانوالی سے ملک گیر انتخابی مہم شروع کرنیکا اعلان

پی ٹی آئی کا میانوالی سے ملک گیر انتخابی مہم شروع کرنیکا اعلان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اتوار کو میانوالی سے ملک گیر انتخابی مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اپنے ویڈیو بیان میں عمران خان کا کہنا تھا کہ میانوالی سے انتخابی مہم شروع کرنے کے پیچھے خاص مقصد ہے کیونکہ 2002ء کے انتخابات میں میانوالی کے لوگوں نے مجھے پہلی مرتبہ منتخب کیا، اگر میانوالی کے عوام میرا ساتھ نہ دیتے تو شاید آج سیاست نہ کر رہا ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ میانوالی کے نوجوانوں کی بدولت تحریک انصاف آج سب سے بڑی جماعت بن چکی ہے اور میانوالی سے انتخابی مہم سے ملک میں تحریک انصاف کی حکومت قائم ہوگی۔ ان کا کہنا ہے کہ اتوار کی شام میانوالی کے ہاکی اسٹیڈیم سے 2018ء کی انتخابی مہم کا آغاز کروں گا، جس میں میانوالی کی عوام کو شرکت کی دعوت دیتا ہوں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو وہ ملک بنائیں گے، جس کے لئے قائد نے کوشش اور اقبال نے خواب دیکھا اور  تحریک انصاف ہی پاکستان کے عظیم خواب کو شرمندہ تعبیر کرے گی۔ دوسری جانب انتخابی ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر بنی گالہ میں دھرنے پر بیٹھے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ انصاف کے لئے 126 دن ڈی چوک میں دھرنا دیا، لیکن اس سے بھی مشکل کام ٹکٹوں کی تقسیم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ساڑھے 4 ہزار لوگوں نے ٹکٹ کے لئے اپلائی کیا تھا، ہم نے امیدواروں کو ٹکٹ دیئے، لوگوں نے اعتراض کیا، جس پر ہم نے نظرثانی کی۔ انہوں نے کہا کہ ٹکٹوں کی تقسیم پر اعتراض آپ لوگوں کا حق تھا، آپ لوگوں کو یقین دلاتا ہوں کہ تین روز میں ٹکٹوں کی تقسیم کا جائزہ لے کر فیصلہ کروں گا، کسی کے ساتھ ناانصافی نہ ہو جائے، اس لئے اللہ سے ڈرتا ہوں۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ زیادہ تر حلقوں میں واضح تھا کہ ٹکٹ کس کو ملنا چاہیے، اس لئے ٹکٹ ان امیدواروں کو جاری کئے جو الیکشن لڑنا جانتے ہیں، الیکشن جیتنے کے لئے لڑ رہے ہیں کیونکہ جیتیں گے تو ملک میں تبدیلی لے کر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے کسی بھی رشتہ دار یا دوست کو ٹکٹ نہیں ملا۔ ان کا کہنا تھا کہ سب سے مشکل کام خواتین کو ٹکٹ دینا ہے، نون لیگ میں کوئی میرٹ نہیں ہے، وہاں پر جن خواتین کو ٹکٹ ملے، ان میں سے کوئی کسی کی بیوی ہے، کوئی خالہ ہے تو کوئی کسی کی بہن ہے۔
خبر کا کوڈ : 732887
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش