0
Thursday 19 Jul 2018 13:58

صداقت، شرافت، احترام انسانیت کی سیاست ہمارا نصب العین ہے، ملی مسلم لیگ

صداقت، شرافت، احترام انسانیت کی سیاست ہمارا نصب العین ہے، ملی مسلم لیگ
اسلام ٹائمز۔ ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد نے کہا کہ ہم ذاتی مفادات کیلئے نہیں بلکہ نظریہ پاکستان کیلئے میدان سیاست میں آئے ہیں، صداقت، شرافت، احترام انسانیت کی سیاست ہمارا نصب العین ہے، نظریہ پاکستان ہی بقائے پاکستان ہے، ہمارا نعرہ اور اسی میں پاکستان کی ترقی مضمر ہے۔ لوگ 25 جولائی کو قومی چوروں اور لیٹروں سے جان جھڑائیں اور صادق و امین قیادت کو اسمبلیوں میں پہنچائیں۔ سابق حکمرانوں کی معاشی پالیسیاں بری طرح ناکام ہوچکی ہیں۔ انہی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے ہماری آنے والی نسل بھی مقروض پیدا ہورہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹیمپل روڈ پر این اے125اور پی پی149,150کے مختلف وفودسے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سیف اللہ خالدنے کہا کہ ہم میدان عمل میں آچکے، ہمارا مقابلہ اْن قوتوں سے ہے جو وطن عزیز کے دشمن ہیں۔ ہمارا منشور انسانیت کی خدمت اور ملک کی نظریاتی حدود کا دفاع ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ استحکام پاکستان، نظریہ پاکستان، بقائے پاکستان کا عزم لے کر میدان میں نکلے ہیں اور آگے بڑھیں گے، ہم نے پاکستان کو علامہ اقبال کے تصور کے مطابق اور قائداعظم کے فرمودات کی روشنی میں مدینے کی طرز پر اسلامی ریاست بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک کی جغرافیائی، نظریاتی حدود کا تحفظ کریں گے، عدلیہ و ایوان کا احترام برقرار رکھنا ہے۔ ہمارا طرز سیاست مختلف ہوگا جس میں عوام سے کئے گئے وعدے پورے کئے جائیں گے۔ ہمارا ٹارگٹ فتح ہے جبکہ 25 جولائی کو عوام ملی مسلم لیگ کے حمایت یافتہ امیدواروں کے حق میں فیصلہ دے گی۔ ہم لوٹ مار، دھوکہ دہی کی سیاست کرنے نہیں آئے بلکہ غریبوں کو ان کے حقوق دلوانے آئے ہیں، آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے شکنجوں سے نکال کر پاکستان کو خود مختار ملک بنانا چاہتے ہیں،ہمیں قوم کا اعتماد حاصل ہے۔
خبر کا کوڈ : 738832
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش