0
Thursday 23 Oct 2014 20:47

نریندر مودی کی موجودگی کے بیچ سانبہ سیکٹر میں گولہ بھاری کا تبادلہ

نریندر مودی کی موجودگی کے بیچ سانبہ سیکٹر میں گولہ بھاری کا تبادلہ
اسلام ٹائمز۔ سرینگر میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی موجودگی کے بیچ سانبہ میں ہند پاک افواج کے درمیان ایک مرتبہ پھر گولہ بھاری کا تبادلہ ہوا تاہم کوئی بھی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ادھرپاکستانی دفتر خارجہ نے الزام عائد کیا ہے کہ بھارتی سرحدی افواج نے جمعرات کی صبح سیالکوٹ کی سرحد پر گولہ باری کی آڑ لے کر نئے فوجی مورچے بنانے کی کوشش کی ہے، جمعرات کی صبح سانبہ ضلع کے کئی سرحدی سیکٹروں میں آر پار فائرنگ کا تبادلہ ہوا، بھارت کے دفاعی ذرائع کے مطابق پاکستانی رینجرس نے صبح 11 بجکر 20 منٹ پر بی ایس ایف کی اگلی چوکیوں کی طرف خود کار ہتھیاروں سے فائرنگ کی یہ سلسلہ 11 بجکر 40 منٹ تک جاری رہا، اطلاع کے مطابق اس دوران بی ایس ایف اہلکاروں نے بھی مورچہ سنبھالتے ہوئے جوابی کارروائی کی اور اس طرح طرفین کے مابین گولی باری ہوئی جو کچھ دیر تک جاری رہی۔ ذرائع نے بتایا کہ دونوں طرف کی افواج کے درمیان گولی باری کے دوران ہلکے خود کار ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا، گولی باری کے نتیجے میں اگرچہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا لیکن سرحدی علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں میں خوف و دہشت کی لہر دوڑ گئی۔ اس واقعہ کو لیکر بھی پاکستانی فوج پر بلا جواز فائرنگ کا الزام عائد کرتے ہوئے بی ایس ایف نے کہا ہے کہ یہاں بھی سرحد پار سے فائرنگ کا سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا تاہم کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ بھارتی فوجی حکام کے مطابق جموں کے رام گڑھ اور آرنیہ سیکٹروں پر بدھ کی شب اور جمعرات کی صبح پاکستانی فوج نے بھارتی فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنا کر فائرنگ کی، تاہم کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

پاکستانی دفتر خارجہ نے الزام عائد کیا ہے کہ بھارتی سرحدی افواج نے جمعرات کی صبح سیالکوٹ کی سرحد پر گولہ باری کی آڑ لے کر نئے فوجی مورچے بنانے کی کوشش کی ہے، اسلام آباد میں دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم کے مطابق بھارتی افواج نے ورکنگ باؤنڈری کے قریب مورچے تعمیر کرنے کے لیے پاکستانی فوجی چوکیوں پر فائرنگ کی، جسے ناکام بنا دیا گیا۔ انھوں نے بتایا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک معاہدے کے تحت ورکنگ باؤنڈری کے پانچ سو میٹر کی حدود میں نئے مورچے تعمیر نہیں کیے جا سکتے، اسی لیے پاکستانی افواج نے بھی جوابی فائرنگ کی اور بھارتی فوجوں کو نئے مورچے تعمیر کرنے سے روک دیا، دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی افواج نے سیالکوٹ کی ورکنگ باؤنڈری پر متعدد مقامات پر مورچے بنانے کی کوشش کی جسے پاکستان کی جانب سے فائرنگ کے ذریعے ناکام بنایا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے اس بھارتی اشتعال انگیزی کا محتاط جواب دیا ہے، ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی افواج کے برعکس پاکستان کو سرحد کے اس پار رہنے والے کشمیروں کی جان و مال کا تحفظ عزیز ہے اس لیے پاکستان نے بھارتی فائرنگ کا بہت محتاط جواب دیا ہے۔ پاکستان اور بھارت سرحد پر گذشتہ چند ہفتوں سے گولہ باری اور فائرنگ کا تبادلہ ہو رہا ہے جس میں متعدد ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔ ادھر آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے دیہی علاقوں میں سویلین آبادی کو نشانہ بنایا، آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ اس قدر شدید تھی کہ مقامی آبادی کے لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے، تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔ پاکستانی فورسز نے بھی ہندوستانی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اور چناب رینجرز کی جوابی کارروائی سے ہندوستانی گنیں خاموش ہو گئیں۔ بیان کے مطابق گزشتہ روز بھی سیالکوٹ کی ورکنگ باؤنڈری پر ہندوستانی سیکیورٹی فورسز اور چناب رینجرز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا۔
خبر کا کوڈ : 416140
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش