0
Thursday 23 Oct 2014 09:41

نریندر مودی کی کشمیر آمد پر، سیکورٹی ہائی الرٹ، شہر میں سخت چیکنگ

نریندر مودی کی کشمیر آمد پر، سیکورٹی ہائی الرٹ، شہر میں سخت چیکنگ
اسلام ٹائمز۔ بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی آج یعنی جمعرات کو ایک روزہ دورے پر کشمیر پہنچ رہے ہیں، نریندر مودی کے ہمراہ مختلف مرکزی وزارتوں کی ایک ٹیم بھی ہوگی اور وہ راج بھون میں سیلاب زدگان سے ملنے کے علاوہ ایک ریلیف کیمپ کا دورہ اور امداد و باز آبادکاری کا جائزہ لینے کیلئے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت بھی کریں گے، مودی کے دورہ کشمیر کے پیش نظر وادی میں سیکورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور حساس مقامات پر قابض فورسز کی گشت بھی بڑھا دی گئی ہے۔ ڈی جی پی نے افسران پر زور دیا کہ وہ مشتبہ افراد کی نقل و حرکت پر نگاہ رکھیں جو کہ ہمیشہ اس تاک میں رہتے ہیں کہ ریاست میں امن و قانون کے ماحول کو ذک پہنچایا جاسکے۔ سیول لائنز علاقے میں کئی مقامات پر پولیس کے خصوصی دستوں نے موٹر سائیکلوں کو روک کر ان پر سوار افراد کی جامہ تلاشی لی اور ان کے شناختی کارڈ چیک کئے جبکہ رامباغ، ائرپورٹ روڈ، ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ، پولو ویو ،ڈلگیٹ اور دیگر مقامات پر دن بھر فورسز اہلکار موٹر سائیکلوں کو روک کر جامہ تلاشی لیکر ان کے شناختی کارڈ چیک کرتے دیکھے گئے۔ پولیس اور سی آر پی ایف اہلکاروں نے کئی مقامات پر خصوصی ناکے لگائے جس دوران مسافر گاڑیوں کے ساتھ ساتھ نجی گاڑیوں کو روک کر ان میں سوار افراد کو نیچے اتارا جارہا تھا اور شناختی کارڈ چیک کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی جامہ تلاشی بھی لی جارہی تھی، شہر کے مضافاتی علاقوں میں بھی اس طرح کی چیکنک کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔

سیول سیکرٹریٹ کے ساتھ ساتھ اہم سرکاری تنصیبات کے ارد گرد سیکورٹی برھانے کے علاوہ حساس مقامات پر سیکورٹی کو چوکس کردیا گیا ہے جبکہ خفیہ کیمروں سے حالات پر کڑی نگرانی رکھی جارہی ہے، لالچوک اور اس کے ملحقہ علاقوں میں اضافی فورسز اہلکاروں کو تعینات کرنے کے علاوہ جگہ جگہ پر ناکے لگائے گئے، شہر سرینگر ہائی الرٹ کے تحت پولیس اور سیکورٹی ایجنسیوں کو چوکنا رہنے کی ہدایت دی گئی ہے، شہر کو مختلف اضلاع سے ملانے والی شاہرائوں اور سڑکوں پر گاڑیوں اور مسافروں کی چیکنگ میں تیزی لائی گئی اور اس مقصد کیلئے سرینگر بارہمولہ، سرینگر اننت ناگ، سرینگر بڈگام اور سرینگر گاندربل شاہرائوں پر پولیس اور سی آر پی ایف کے خصوصی دستے ہنگامی بنیادوں پر تعینات کر دیئے گئے ہیں جو شہر میں داخل ہونے والی گاڑیوں پر نظر رکھ رہے ہیں، ساتھ ہی ساتھ تمام آزادی ہسند رہنماؤں کو انکے گھروں میں ہی نظر بند رکھا گیا ہے، میڈیا رپورٹوں کے مطابق نریندر مودی آج دوپہر ایک بجے سرینگر پہنچیں گے اور ہوائی اڈے سے براہ راست راج بھون کا رُخ کریں گے جہاں ان کا وادی کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے سیلاب زدگان سے ملنے کا پروگرام ہے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہونگے۔
خبر کا کوڈ : 416023
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش