0
Tuesday 19 Sep 2023 07:48

اوورسیز مقیم کشمیریوں کو منظم اور متحد کرنے کی ضرورت ہے، سردار عتیق

اوورسیز مقیم کشمیریوں کو منظم اور متحد کرنے کی ضرورت ہے، سردار عتیق
اسلام ٹائمز۔ آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ اوورسیز کشمیری مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بربریت کو رکوانے کیلئے بہتر طور پر اپنا رول ادا کر سکتے ہیں، اوورسیز کشمیریوں کو منظم اور متحد کرنے کی ضرورت ہے تاکہ مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کے خلاف جارحانہ انداز میں عالمی سطح پر آواز اٹھائی جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مجاہد منزل میں سابق سٹاف آفیسر اوورسیز کشمیری رضوان خلیل عباسی اور مبشر یعقوب سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو انٹرنیشنل فورمز پر جارحانہ انداز میں اٹھانے کیلئے بیرون ملک آباد کشمیریوں کو اپنی کوششیں تیز کر دینی چاہیں تاکہ ہندوستان کی مسئلہ کشمیر کو ختم کرنے اور مقبوضہ کشمیر کو ہڑپ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنایا جا سکے۔

انھوں نے کہا کہ برطانیہ اور دیگر ممالک میں مقیم کشمیری متحد اور منظم ہو جائیں اور انٹرنیشنل کمیونٹی کی توجہ مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال کی جانب مبذول کروائیں اور ہندوستان کے مکروہ چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیں اور ہندوستان کے مکروہ عزائم کو ناکام بناتے ہوئے اسے دفاعی پوزیشن پر لا کھڑا کریں۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک بسنے والے کشمیریوں اور پاکستانیوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ملی یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کو آزادی دلوانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں، بیرون ملک بسنے والے کشمیری پاکستان کے استحکام، مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے سفارتی محاذ پر اپنی کاوشیں جاری رکھیں۔
خبر کا کوڈ : 1082495
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش