0
Monday 25 Mar 2024 23:32

صیہونی حکومت الشفاء اسپتال میں انسانیت سوز جرائم کا ارتکاب کررہی ہے، ناصر کنعانی

صیہونی حکومت الشفاء اسپتال میں انسانیت سوز جرائم کا ارتکاب کررہی ہے، ناصر کنعانی
اسلام ٹائمز۔ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے غزہ کے الشفاء اسپتال میں صیہونی فوجیوں کے جرائم کی مذمت کی ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے غزہ کے الشفاء اسپتال کے طبی عملے، مریضوں، زخمیوں اور پناہ گزینوں کے خلاف صیہونی فوجیوں کے خوفناک اور انسانیت سوز جرائم کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گذشتہ ایک ہفتے سے غزہ کا الشفاء اسپتال اور اس میں موجود طبی عملہ، مریض اور فلسطینی پناہ گزيں صیہونی حکومت کی دہشتگرد فوج کے شدید محاصرے میں ہیں اور صیہونی حکومت اس اسپتال میں انسانیت سوز جرائم کا ارتکاب کر رہی ہے۔ ناصرکنعانی نے مزید کہا کہ اس درمیان اس اسپتال میں محصور خواتین کے ساتھ تشدد اور اہانت کے بارے میں بھی دل دہلا دینے والی رپورٹیں مل رہی ہیں جس نے عالمی برادری کی جانب سے شفا اسپتال میں صیہونی فوجیوں کے جنگی جرائم کو طشت از بام کرنے کے لئے تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے اور عالمی برادری کے فوری اور بھرپور اقدام کی ضرورت کو واضح کردیا ہے۔

ناصر کنعانی نے زور دے کر کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ایک بار پھر فلسطین کی مظلوم قوم کی حمایت کے سلسلے میں اسلامی حکومتوں اور عالمی برادری کی ذمہ داریوں کی یاد دہانی کراتا ہے اور حکومتوں نیز بین الاقوامی اداروں سے ان جرائم کو رکوانے کے لئے فوری اور موثر اقدام نیز اس قسم کے انسانیت سوز جرائم انجام دینے والوں، ان کا حکم دینے والوں اور ان کی حمایت کرنے والوں کے خلاف مقدمہ چلانے کا مطالبہ کیا۔ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ صیہونی حکومت کے اس طرح کے وحشیانہ جرائم نے پہلے سے زيادہ غاصبوں کے خلاف ملت فلسطین کی استقامت کے حق کو ثابت کردیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1124895
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش