0
Tuesday 26 Mar 2024 20:56

اہلبیت اطہارؑ سے محبت ایمان کی شرط ہے، مفتی غلام اصغر صدیقی

حسنین کریمین سے محبت و مودت پوری امت مسلمہ کی مشترکہ میراث ہے
اہلبیت اطہارؑ سے محبت ایمان کی شرط ہے، مفتی غلام اصغر صدیقی
اسلام ٹائمز۔ مرکزی صدر منہاج القرآن علما کونسل مفتی غلام اصغر صدیقی نے کہا ہے کہ اہل بیت اطہار، حسنین کریمین سے محبت و مودت پوری امت مسلمہ کی مشترکہ میراث اور اثاثہ ہے، یہ فقط اظہارِ عقیدت کا معاملہ نہیں، یہ قرآن اور صاحب قرآن حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا فرمان عالیشان اور اعلان ہے کہ قرآن اور میری عترت سے جڑ جانیوالے ہمیشہ صراط مستقیم پر رہیں گے اور کبھی گمراہ نہیں ہونگے۔ رسول اکرم  ﷺ کی ہی تربیت کا اثر تھا کہ حضرت امام حسنؑ اور حضرت امام حسینؑ کی پوری زندگی انتہائی نظم و ضبط اور طہارت سے عبارت تھی۔ فرزند رسول حضرت امام حسن مجتبیٰؑ باوقار اور متین شخصیت کے حامل تھے۔ حضور نبی اکرم  ﷺ کا فرمان ہے کہ ”حضرت امام حسنؑ اور حضرت امام حسینؑ جنت کے جوانوں کے سردار ہیں“۔ حضرت امام حسنؑ انسانی کمالات میں اپنے والد گرامی حضرت مولا علیؑ اور اپنے نانا حضور نبی اکرم  ﷺ کی نشانی تھے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے خاتون جنت سیدہ فاطمۃ الزہراہ اورحضرت مولا علیؑ کے بڑے صاحبزادے فرزند رسول حضرت امام حسن مجتبیٰؑ کے یوم ولادت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اہلبیت اطہارؑ کی محبت و مودت کو روح میں اتار لینے والے کامیاب و کامران اور سرخرو ہونگے اور ایمان کے اس باب میں لغزش کا شکار ہونے والے روز قیامت شافع محشر  حضور نبی اکرم  ﷺسے منہ چھپاتے پھریں گے۔ اہلبیت اطہارؑ سے غیر مشروط محبت ہر کلمہ گو پر فرض ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان بطور خاص اس بات پر دھیان دیں اور جنتی نوجوانوں کے سردار حضرت سیدنا امام حسنؑ و حضرت سیدنا امام حسینؑ کی دین سے وفا، جذبہ ایثار، ایمانی حمیت و کردار کو اپنائیں یہی محبت و اطاعت جنت تک لیجائے گی۔ تقریب میں مرکزی ناظم علامہ اشفاق علی چشتی، علامہ عثمان سیالوی، مفتی محمد رفیق رندھاوا قادری، علامہ محمد خلیل حنفی سمیت دیگر علمائے کرام موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 1125053
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش