0
Wednesday 27 Mar 2024 12:56

کوئٹہ، فلسطین کے حق میں احتجاج کیلئے مشاورتی اجلاس کا انعقاد، متعدد فیصلے ہوئے

کوئٹہ، فلسطین کے حق میں احتجاج کیلئے مشاورتی اجلاس کا انعقاد، متعدد فیصلے ہوئے
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی کی زیر صدارت بلوچستان کی سیاسی مذہبی جماعتوں کا اہم اجلاس مجلس وحدت مسلمین ہزارہ ٹاؤن کے دفتر میں منعقد ہوا۔ جس میں ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی، صوبائی جنرل سیکرٹری علامہ سہیل اکبر شیرازی، صوبائی نائب صدر عیوض علی ہزارہ، ضلعی صدر سید ابراہیم آغا اور صوبائی و ضلعی کابینہ کے اراکین اور مختلف سیاسی مذہبی جماعتوں کے رہنماء شریک ہوئے۔ اجلاس سے قبل بلوچستان کی مختلف سیاسی مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں کے اعزاز میں افطار ڈنر دیا گیا۔ اس موقع پر تمام جماعتوں کی جانب سے ماہ مبارک رمضان کو مظلوم فلسطینی عوام کے عنوان سے منانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ پاکستان کے عوام اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ حکومت جمعہ الوداع عالمی یوم القدس کو یوم یکجہتی کشمیر 6 فروری کی طرح سرکاری سطح پر منانے کا اعلان کرے۔

انہوں نے کہا کہ دو ریاستی حل ناقابل قبول اور ناقابل عمل ہے۔ نہر سے بحر تک فلسطین فلسطینیوں کا ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے بیت المقدس کی آزادی کے لئے اپنے لہو کا نذرانہ پیش کیا۔ ہم شہدائے یوم القدس کو سلام پیش کرتے ہیں۔ اجلاس سے پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی رہنماء محمد عالم کاکڑ، پاکستان گرین پارٹی کے چیئرمین اور سابق مشیر وزیراعلیٰ بلوچستان ایڈووکیٹ عبدالہادی کاکڑ، پیٹریاٹک یوتھ کے چیئرمین معراج خان کاکڑ، انسانی حقوق بلوچستان کے جنرل سکریٹری نثار احمد کاکڑ، الحمد یونیورسٹی کے اسسٹنٹ پروفیسر زہیر قنبری، پشتون گرینڈ جرگہ کے چیئرمین سردار محمود خان اچکزئی، بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنماء مبارک علی ہزارہ، سماجی رہنماء شہزاد کاکڑ، ڈاکٹر ایوب اکبری، حاجی سید اصغر آغا و دیگر نے خطاب کیا۔

اس موقع پر شرکاء نے متفقہ طور پر متعدد فیصلے کئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام سیاسی مذہبی جماعتوں کے ساتھ مل کر جمعہ 25 رمضان المبارک 5 اپریل کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ مظلوم فلسطینیوں کی حامی تمام جماعتوں کی مشترکہ پریس کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ بلوچستان بھر کے تمام اضلاع میں جمعہ الوداع کے موقع پر مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے مظاہرے کی اپیل کی جائے گی۔ اجلاس میں تمام سیاسی مذہبی جماعتوں پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی، جو فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے احتجاج و دیگر پروگرامز کے لئے مختلف شخصیات اور جماعتوں سے رابطے کرے گی۔ یہ بھی فیصلہ ہوا کہ حسب سابق کلاں امام بارگاہ مرکزی جامع مسجد پرنس روڈ پر بعد نماز جمعہ احتجاجی جلوس یوم القدس برآمد ہوگا۔ اس میں بھی بھرپور شرکت کی جائے گی اور اسے شایان شان انداز سے مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر منایا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 1125173
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش