0
Wednesday 27 Mar 2024 19:28

کشمیر میں اسمبلی انتخابات ستمبر سے پہلے منعقد ہونگے، امت شاہ

کشمیر میں اسمبلی انتخابات ستمبر سے پہلے منعقد ہونگے، امت شاہ
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر میں سیکورٹی کی صورتحال میں نمایاں بہتری کے چلتے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں آرمڈ فورسز خصوصی اختیارات ایکٹ (افسپا) ہٹانے اور فوجیوں کی واپسی مرکز کے زیر غور ہے کا اعلان کرتے ہوئے وزیر داخلہ امت شاہ نے پھر واضح کیا ہے کہ جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات ستمبر سے پہلے منعقد ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے قصبوں سے لے کر مقامی کونسلوں تک ترقی ہر کونے تک پہنچ چکی ہے اور دہشت گردی کے ماحولیاتی نظام کو ختم کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد مرکز کے زیر انتظام علاقے میں دہشت گردی کا صفایا ہوا ہے اور پتھر بازی ماضی کی بات بن چکی ہے۔ گلستان نیوز کے ساتھ مفصل بات چیت میں وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ جموں کشمیر سے فوجیوں کی واپسی اور افسپا ہٹانا کا معاملہ مرکز کے زیر غور ہے۔ انہوں نے کہا ’’حکومت کا مرکز کے زیر انتظام علاقے سے فوجیوں کو واپس بلانے اور امن و امان کی صورتحال صرف جموں و کشمیر پولیس پر چھوڑنے کا بھی منصوبہ ہے‘‘۔

افسپا پر وزیر داخلہ نے کہا ’’ہم افسپا کو منسوخ کرنے کے بارے میں بھی سوچیں گے‘‘۔ امت شاہ نے پہلے کہا تھا کہ شمال مشرقی ریاستوں کے 70 فیصد علاقوں میں افسپا کو ہٹا دیا گیا ہے حالانکہ یہ جموں و کشمیر میں ہنوز نافذالعمل ہے۔ امت شاہ نے کہا کہ دفعہ 370 کی وجہ سے ہونے والی غیر منصفانہ سیاست کو روک دیا ہے، اب مزید اور سیاح یہاں آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں نے کہا کہ اگر دفعہ 370 کو ہٹا دیا گیا تو کچھ اچھا نہیں ہوگا، لیکن اب ہم دیکھ رہے ہیں کہ زمین پر مثبت تبدیلیاں آ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا ’’میں کشمیریوں سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ کیا دوسری ریاستوں کی طرح دفعہ 370 کے بغیر بھی ان کی ثقافت، زبان اور روایات محفوظ ہیں‘‘۔ جموں و کشمیر کے لوگ آج اس مثبت تبدیلی کو محسوس کر رہے ہیں۔ دفعہ 370 کے سائے میں نوجوانوں کو دہشت گردی اور علیحدگی پسندی کی طرف لے جایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی شمولیت کی وجہ سے گزشتہ چار دہائیوں میں 40 ہزار سے زیادہ نوجوان تشدد میں مارے گئے۔ امت شاہ نے کہا کہ جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات ستمبر سے پہلے ہوں گے، جو مودی کے خطے میں جمہوریت کے وعدے کو پورا کرتے ہیں، اس جمہوریت پر چند خاندانوں کا غلبہ نہیں ہوگا بلکہ یہ عوام کی حقیقی نمائندگی کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 1125243
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش