0
Friday 29 Mar 2024 20:28

جمعیت علماء ہند کی اپیل پر بھارت بھر میں ’یوم تحفظ اوقاف‘ کا اہتمام

جمعیت علماء ہند کی اپیل پر بھارت بھر میں ’یوم تحفظ اوقاف‘ کا اہتمام
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی کی اپیل پر بھارت بھر میں مساجد کے ائمہ، خطباء اور ذمہ داروں نے رمضان المبارک کے تیسرے جمعہ کو آج ’یوم تحفظ اوقاف‘ کے طور پر منایا۔ اس موقع پر مساجد میں ائمہ کرام نے خطبہ میں وقف کی دینی و سماجی و رفاہی اہمیت، اس میں خورد برد کرنے والوں کے لئے و عید اور وقف کی حفاظت و ضرورت کو اجاگر کیا۔ مسجد عبدالنبی دفتر جمعیت علماء ہند میں مولانا حکیم الدین قاسمی ناظم عمومی جمعیت علماء ہند نے اس موضوع پر اہم خطاب کیا۔ دوسری طرف گجرات، کرناٹک، آندھرا پردیش، تلنگانہ، آسام، کیرالہ، گوا، یمنا نگر ہریانہ، مغربی بنگال، بہار، اتردیش، تامل ناڈو، دہلی، جھارکھنڈ سمیت متعدد ریاستوں میں پچیس ہزار سے زائد مساجد میں ائمہ کرام نے عہد لیا کہ ہم بحیثیت مسلمان اور ہندوستان کے شہری، ملک بھر میں وقف املاک کے تحفظ کے لئے ہر ممکن جد وجہد کریں گے، کسی بھی طرح کے تجاوزات، غیر قانونی قبضہ یا وقف املاک کی غیر مجاز منتقلی کے خلاف حکومت ہند اور وقف ایکٹ کے تحت کارروائی کرنے میں جمعیت علماء ہند اور دیگر وقف پروٹیکشن اداروں کا تعاون کریں گے اور ان کے ساتھ ہر محاذ پر کھڑے ہوں گے۔

وقف املاک کی اہمیت سے آگاہ کرنے اور ان کی دیکھ بھال اور تحفظ میں شمولیت کی حوصلہ افزائی کے لئے عوامی بیداری مہم چلائیں گے، نیز ایسی مہم چلانے والوں کا تعاون کریں گے۔ ہم وقف کی جائیدادوں میں خورد برد کرنے والوں کا سماجی بائیکاٹ کریں گے اور کوشش کریں گے کہ وقف کو واقف کے منشاء کے مطابق ہی استعمال کیا جائے۔ ہم سب صاحب ثروت اور مالدار حضرات اللہ کی رضا کے لئے اپنی جائیداد کا ایک حصہ وقف کریں گے اور اپنی اولادکو بھی اس کی نصیحت کریں گے۔ اس موقع پر اس صورتحال کی طرف بھی توجہ دلائی گئی کہ ہماری بے توجہی اور غفلت کا ہی نتیجہ ہے کہ بڑی تعداد میں وقف جائیدادوں کو اونے پونے داموں میں بیچ دیا گیا۔ خود مسلمان بھی کثرت سے وقف جائیدادوں کے استحصال میں شامل ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1125677
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش