0
Friday 29 Mar 2024 20:39

کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی وارداتوں پر ایم کیو ایم اراکین اسمبلی کا اظہار تشویش

کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی وارداتوں پر ایم کیو ایم اراکین اسمبلی کا اظہار تشویش
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے اراکین اسمبلی نے کراچی میں اسٹریٹ کرئم کی پڑھتی ہوئی وارداتوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پولیس و صوبائی انتظامیہ شہر میں چھینا جھپٹی، چوری ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث جرائم پیشہ عناصر پر قابو پانے میں ناکام ہوچکے ہیں۔ انہوں کہا کہ کراچی کے شہری روزانہ لاکھوں روپے مالیت کی املاک سے محروم ہو رہے ہیں، گذشتہ مہینوں اور بالخصوص رمضان المبارک کے دوران ریکارڈ توڑ وارداتیں سرزد ہوئی ہیں، روزانہ کی بنیاد پر ڈاکوؤں نے کراچی کے شہریوں کی املاک کے ساتھ ساتھ جان لینے کو بھی اپنا مشغلہ بنا لیا ہے جس میں وہ کوئی عار بھی محسوس نہیں کرتے، موٹرسائیکلیں، گاڑیاں، موبائل فون چوری اور چھیننے کی وارداتوں میں بھی ہوشربا اضافہ ہوا ہے جو کہ پولیس و انتظامیہ کی کارکردگی پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ میٹروپولیٹن شہر کو سندھ کے دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے پولیس افسران کے حوالے کردینا متعصبانہ عمل ہے، ایسے حالات میں ملک کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں بھی مقامی پولیسنگ کا نظام وضع کرنا ناگزیر ہے، سندھ کی نااہل اور متعصب حکومت نے پاکستان کے سب سے بڑے شہر کو پیشہ ور ڈاکوں و رہزنوں کی جنت بنا دیا ہے۔

اراکین اسمبلی نے سندھ حکومت سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ کیا دانستہ طور پر شہریوں کو چوروں ڈاکوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے؟ کیا سندھ حکومت ٹھیکیداروں کے بعد چوروں اور ڈکیتوں سے بھی کمیشن لیتی ہے؟ کیا پوری دنیا میں سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے شہر کے ساتھ ایسا سلوک کیا جاتا ہے؟ حق پرست اراکین اسمبلی نے وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف، چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسی اور گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے مطالبہ کیا کہ کراچی کے شہریوں پر رحم کرتے ہوئے شہر میں اسٹریٹ کرائمز کی بڑھی ہوئی وارداتوں پر نوٹس لیا جائے اور کراچی کے شہریوں کی جان و مال کو تحفظ فراہم کیا جائے اور اس مالی، جسمانی و ذہنی اذیت سے نجات دلائی جائے۔
خبر کا کوڈ : 1125682
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش