0
Saturday 30 Mar 2024 22:33

حزب اللہ لبنان نے شمالی سرحدوں پر اسٹریٹجک کامیابی حاصل کر لی ہے، صیہونی ماہرین

حزب اللہ لبنان نے شمالی سرحدوں پر اسٹریٹجک کامیابی حاصل کر لی ہے، صیہونی ماہرین
اسلام ٹائمز۔ معروف اسرائیلی عسکری تجزیہ نگار ایلن بن ڈیوڈ نے اعلان کیا ہے کہ حزب اللہ لبنان، اپنی کارگر اسٹریٹیجی کے ساتھ بھاری قیمت ادا کئے اور کسی زیادہ کوشش کے بغیر ہی مقبوضہ فلسطین کے پورے شمالی حصے کو خالی کروانے میں کامیاب ہو گئی ہے۔

صیہونی چینل 13 کے ساتھ گفتگو میں ایلن بن ڈیوڈ کا کہنا تھا کہ ہمیں پوچھنا ہے کہ شمال میں سکیورٹی کیسے واپس آئے گی؟

صیہونی عسکری تجزیہ نگار نے کہا کہ اسرائیل کے پاس اس کے لئے کوئی منصوبہ موجود نہیں جبکہ ممکن ہے کہ اسرائیلی فوج، حزب اللہ کے ساتھ حملوں کے تبادلے کا کھیل جاری رکھے لیکن وہ اسے پیچھے ہٹنے پر کبھی مجبور نہیں کر سکے گی!

اسی تناظر میں اسرائیل چینل 12 کے عسکری تجزیہ کار نیر دیوری نے بھی اعلان کیا ہے کہ حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل سید حسن نصر اللہ ہی وہ شخص ہیں کہ جو خود، حکمت عملی کے نقطۂ نظر سے جنگ کی قیادت اور انتظام و انصرام کرتے ہیں! نیر دیوری نے زور دیتے ہوئے کہا کہ (غیر قانونی یہودی) آبادکار شمالی مقبوضہ فلسطین کی بستیوں میں اب کبھی واپس نہیں جائیں گے!

گزشتہ جمعرات کے روز اسرائیل ہیوم نامی ایک اخبار کا بھی اس بارے لکھنا تھا کہ تقریبا نصف سال کی اس جنگ کے بعد "الجلیل" اب ایک انتہائی غیر محفوظ اور غیر آباد علاقہ بن گیا ہے جبکہ اس مسئلے کو حل کرنے والا کوئی نہیں!

ادھر اسرائیل نیشنل سکیورٹی اسٹڈیز انسٹی ٹیوٹ نامی صیہونی تھنک ٹینک نے بھی اپنی حالیہ رپورٹ میں لکھا ہے کہ طوفان الاقصی مزاحمتی آپریشن کے دوران شمال اور جنوب میں (غیر قانونی یہودی) بستیوں سے شدید انخلا، اسرائیلی رژیم کے قیام کے بعد سے اپنی نوعیت کا سب سے بڑا "حادثہ" ہے!
خبر کا کوڈ : 1125929
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش