0
Sunday 31 Mar 2024 10:30

شہداء کی عظیم قربانیوں کی بدولت ہی مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، حریت کانفرنس

شہداء کی عظیم قربانیوں کی بدولت ہی مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، حریت کانفرنس
اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کو اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے پر بدترین سیاسی، ثقافتی اور اقتصادی جارحیت کے ساتھ ساتھ مذہبی تعصب کا نشانہ بنا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ جموں و کشمیر کے عوام نے اپنے سیاسی حقوق کے حصول کے لیے قربانیاں دی ہیں اور اب یہ ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اگلی نسلوں کی بہتری کے لئے اپنے مطالبے کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے متحد ہوں۔ حریت ترجمان نے ممتاز آزادی پسند رہنما اشفاق مجید وانی کو ان کے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں جاری قتل و غارت کی بنیادی وجہ تنازعہ کشمیر کا حل نہ ہونا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر نے کشمیری عوام کا سکون چھین لیا ہے جو مسلسل غیر یقینی صورتحال میں جینے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارتی قیادت خلوص نیت سے جموں و کشمیر میں امن چاہتی ہے تو اسے پاکستان اور کشمیری عوام کے حقیقی نمائندوں کے ساتھ بات چیت کے ذریعے تنازعے کا حل تلاش کرنا چاہیے اور اس حل میں کشمیریوں کی امنگوں کی عکاسی ہونی چاہیے۔ حریت ترجمان نے کہا کہ شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ کشمیری رمضان المبارک کے اس بابرکت مہینے میں اس عزم کا اعادہ کریں کہ وہ شہداء کے خون پر کسی کو سمجھوتہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیوں کی بدولت ہی مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ حریت ترجمان نے کہا کہ بھارت کی بی جے پی حکومت اور اس کی سرپرستی میں وقف بورڈ کی نام نہاد چیئرپرسن درخشاں اندرابی مقبوضہ علاقے میں کشمیری مسلمانوں کے مذہبی معاملات میں مداخلت اور عوام کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں اور ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنائیں۔ 
خبر کا کوڈ : 1126017
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش