0
Sunday 31 Mar 2024 13:19

جماعت اسلامی کے تحت کراچی میں شب یکجہتی غزہ، ہزاروں افراد کی شرکت

جماعت اسلامی کے تحت کراچی میں شب یکجہتی غزہ، ہزاروں افراد کی شرکت
اسلام ٹائمز۔ غزہ میں اسرائیل کی حالیہ دہشتگردی کے خلاف اور مظلوم و نہتے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے جماعت اسلامی کراچی کے تحت شاہراہ قائدین پر شب یکجہتی غزہ کا انعقاد کیا گیا۔ شہر بھر سے بچے، بوڑھے، بزرگ، خواتین، نوجوان بڑی تعداد میں شاہراہ قائدین پر موجود تھے۔ شرکاء نے فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے مخصوص فلسطینی رومال پہنے ہوئے تھے۔ ”شب یکجہتی غزہ“ سے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن، نائب امیر کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی، رکن سندھ اسمبلی فاروق فرحان نے خطاب کیا۔ حافظ نعیم الرحمٰن نے شب یکجہتی غزہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے ساتھ جدوجہد جاری رکھنی ہے اور پوری دنیا تک پیغام پینچانا ہے، امریکا پوری دنیا کو دھوکا دے رہا تھا، وہ اسلام کو دہشتگرد قرار دیکر اپنے عوام کو خوف میں مبتلا رکھتے تھے، امریکہ اپنے عوام کو خوف میں مبتلا کر کے مسلمانوں پر بمباری کرتا رہا۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ ہم شرمندہ ہیں، ہمارے بچے شہید کئے جا رہے ہیں، چاروں طرف سے صیہونی بمباری کر رہے ہیں، اسپتالوں پر بمباری کی جا رہی ہے، کوئی بولے یا نہ بولے ہم اپنے حصے کا چراغ جلاتے رہیں گے اور دشمنوں کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ اگر امت مسلم کے حکمرانوں میں غیرت ہوتی تو ایک بھی فلسطینی بچہ شہید نہیں ہوتا، حکمران سن لیں کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کا سوچنا بھی نہیں، ہم غیرت کا سودا نہیں ہونے دیں گے، اگر اسرائیل کو تسلیم کرنے کی کوشش کریں گے تو پاکستان میں رہنا دوبھر کر دیں گے۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے مزید کہا کہ آج کی شب بیداری کو فلسطیینی بہنوں اور بھائیوں کے نام کرتے ہیں اور عزم کرتے ہیں کہ ہم مالی تعاون بھی کریں گے اور ہر قسم کے تعاون کیلئے تیار رہیں گے۔ 
خبر کا کوڈ : 1126027
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش