0
Tuesday 2 Apr 2024 11:21

ججوں کے خط پر اولین اقدام سپریم جوڈیشل کونسل میں ہی سماعت ہونا چاہیے،لیاقت بلوچ

ججوں کے خط پر اولین اقدام سپریم جوڈیشل کونسل میں ہی سماعت ہونا چاہیے،لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ قائم مقام امیر جماعتِ اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے سابق چیف جسٹس تصدق جیلانی کا انکوائری کمیشن کی سربراہی سے انکار کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اور چیف جسٹس کی مشاورت کے بعد کابینہ کا انکوائری کمیشن کا فیصلہ کسی صورت میں بااعتماد نتائج کا حامل نہیں ہو سکتا تھا۔ 6 ججوں کے خط پر اولین اقدام سپریم جوڈیشل کونسل میں ہی سماعت ہونا چاہیے، کیونکہ مذکورہ خط میں سپریم جوڈیشل کونسل سے ادارہ جاتی مشاورت کی استدعا کی گئی ہے، جبکہ کابینہ نے اپنے ٹرمز آف ریفرنس میں اس نکتہ کو نظرانداز کرکے اور انکوائری کمیشن تشکیل دے کر بدنیتی کا مظاہرہ کیا۔ اب جسٹس تصدق جیلانی نے اسی نکتہ کی بنیاد پر انکوائری کمیشن کی سربراہی سے معذرت کرلی ہے، لہٰذا چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں لارجر بنچ پہلی سماعت میں ہی ججوں کے خط کی سماعت کیلئے سپریم جوڈیشل کونسل کا فورم مقرر کرے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی حالات، عدلیہ کی آزادی اور ججوں کے تحفظ کیلئے اب نئے تجربات اور اقدام کی بجائے چیف جسٹس آف پاکستان سپریم جوڈیشل کونسل کے راستہ کو ہی ترجیح دیں۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ ہم اِس مرحلہ پر چیف جسٹس آف پاکستان کے استعفیٰ کا مطالبہ نہیں کریں گے۔ فی الحال اس مرحلہ پر عدلیہ کی آزادی اور ججوں کے تحفظ کیلئے عدلیہ کے ذریعے ہی راستہ تلاش کرنا ہے۔ عدالتی محاذ پر انتشار اور شدتِ رائے آئینی، جمہوری اور عدالتی بنیادوں کیلئے خطرناک ہو سکتا ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ عوام اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں۔ معاشی بحران عام غریب آدمی کے لیے جان لیوا بن رہا ہے، ملک میں سیاسی عدم استحکام، معیشت، جمہوریت اور پارلیمانی سیاست کے لیے نیک شگون نہیں ہوگا۔ یہ امر نوشتہ دیوار ہے کہ 8 فروری 2024ء کے انتخابی نتائج عدم حکمت، دھاندلی کا شدید زلزلہ تھا، جس کے آفٹر شاکس آتے رہیں گے۔ اِس لیے سیاسی جمہوری بحران، اقتصادی تباہ کن صورتِحال اور قومی محاذ پر انتہائی بے اعتمادی اور بے یقینی کا علاج اسٹیبلشمنٹ یا عدلیہ نہیں، سیاست دانوں کے پاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی قیادت ہوش کے ناخن لے، ماضی کی غلطیوں کا اعتراف کرے، شدت، انتقام اور طاقت سے زیر کرنے کے رویے ترک کرے اور قومی سیاسی قیادت سیاسی بحران کا سیاسی حل تلاش کرے، وگرنہ بڑھتا گھمبیر ہوتا سیاسی اقتصادی بحران اچھے مستقبل کی نشاندہی نہیں کر رہا۔ جماعتِ اسلامی سیاسی، اقتصادی بحرانوں کے حل کیلئے آئینی جمہوری سیاسی ڈائیلاگ کی حمات کرے گی اور عوام کو بیدار، منظم کرنے کے آئینی، سیاسی، جمہوری، آزاد عدلیہ کے حق کے تحفظ اور غیرجانبدارانہ انتخابی حق کیلئے عوامی جدوجہد کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 1126243
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش