0
Sunday 12 May 2024 09:24

آمریت کے خلاف لڑائی میں مجھے آپ کی حمایت کی ضرورت ہے، اروند کیجریوال

آمریت کے خلاف لڑائی میں مجھے آپ کی حمایت کی ضرورت ہے، اروند کیجریوال
اسلام ٹائمز۔ سپریم کورٹ سے ضمانت ملنے اور جیل سے رہا ہونے کے بعد عام آدمی پارٹی کے کنوینر اور دہلی کے وزیراعلٰی اروند کیجریوال نے انتخابی مہم شروع کر دی ہے۔ اروند کیجریوال نے مشرقی دہلی کے کرشنا نگر علاقے میں بڑے پیمانے پر روڈ شو کیا۔ پنجاب کے وزیراعلٰی بھگونت مان بھی ان کے ساتھ رہے۔ دونوں لیڈروں نے کھلی گاڑی پر سوار ہو کر روڈ شو کیا۔ روڈ شو میں عام آدمی پارٹی کے ہزاروں کارکن موجود رہے۔ اروند کیجریوال کا قافلہ ڈھول نگاڑے کے ساتھ آگے بڑھا۔ یہاں انہوں نے پارٹی امیدوار کلدیپ کمار کی حمایت میں ووٹ مانگا۔ اس سے پہلے انہوں نے جنوبی دہلی کے مہرولی میں بھی روڈ شو کیا۔

اروند کیجریوال کا کہنا ہے کہ انہیں جیل سے باہر آئے 20 گھنٹے ہوچکے ہیں۔ انہوں نے بہت سے لوگوں سے فون پر بات کی ہے۔ ہر کوئی کہہ رہا ہے کہ بی جے پی کو اکثریت نہیں مل رہی ہے۔ ہریانہ، راجستھان، کرناٹک میں ان کی سیٹیں کم ہو رہی ہیں۔ مہاراشٹر، مغربی بنگال، بہار، یوپی میں ان کا صفایا کر دیا جائے گا۔ مودی حکومت چار جون کو نہیں بن رہی ہے۔ چار جون کو ملک مخلوط حکومت قائم ہوگی اور عام آدمی پارٹی اس حکومت کا حصہ ہوگی۔ روڈ شو میں اروند کیجریوال نے کہا کہ جب انہوں نے مجھے گرفتار کیا تو میں سوچ رہا تھا کہ میرا قصور کیا ہے۔ میری ایک چھوٹی سی پارٹی ہے، میری غلطی یہ ہے کہ میں نے دہلی کے لوگوں کے لئے اچھے اسکول اور اسپتال بنائے۔

اروند کیجریوال نے مزید کہا کہ جب وہ تہاڑ جیل گئے تو انہوں نے میری انسولین بند کردی۔ اسی کے ساتھ انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی اور بی جے پی پر شدید نکتہ چینی کی۔ اروند کیجریوال نے روڈ شو کے دوران ان کروڑوں لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کے لئے دعا کی۔ کیجریوال نے خاص طور پر خواتین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ ان کے آشیرواد کا نتیجہ ہے کہ کل ایک معجزہ ہوا اور میں آج آپ کے درمیان ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ہمارے کام کو روکنا چاہتے ہیں، یہ ملک کے لئے اچھی بات نہیں ہے، یہ آمریت ہے اور ہمیں اس آمریت کے خلاف لڑنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اس آمریت کے خلاف لڑ رہا ہوں لیکن مجھے آپ کی حمایت چاہیئے۔
خبر کا کوڈ : 1134477
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش