0
Sunday 12 May 2024 16:57

جماعت اسلامی کا اپوزیشن اتحاد کا حصہ بننے سے انکار

جماعت اسلامی کا اپوزیشن اتحاد کا حصہ بننے سے انکار
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کسی مقصد کے لئے اشتراک عمل کسی سے بھی کرسکتی ہے مگر کسی اتحاد کا حصہ نہیں بنے گی۔ حافظ نعیم الرحمٰن نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کی صنعت کو بہت مشکلات کا سامنا ہے، ورکرز کو معاشی و آزادی صحافت کے مسائل کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا دورہ کیا تو دیکھا ملک کا سب سے بڑا مسئلہ قانون کی بالادستی ہے، قانون کے نفاذ والے ہی قانون شکنی کررہے ہیں، کچھ لوگ قانون کی بالادستی کے لئے اٹھنے والی آوازوں کو دبا دینا چاہتے ہیں، لوگوں کو ماورائے عدالت لاپتہ کردیا جاتا ہے، جگہ جگہ ناکوں پر لوگوں کی توہین کی جاتی ہے، گوادر میں بڑے بحری جہازوں سے چھوٹی بڑی مچھلیاں نکالی جارہی ہیں، جب احساس محرومی ہوگا تو عالمی قوتیں بھی اسے کیش کرتی ہیں۔

حافظ نعیم نے کہا کہ فارم 47کی پی پی پی ، ن لیگ اور ایم کیو ایم حکومت کو عوام پر جبری مسلط کردیا گیا، معیشت پر زبردستی کے خوشنما اعدادوشمار جاری کئے جارہے ہیں ، آج بھی وقت ہے چیف جسٹس آف پاکستان جوڈیشل کمیشن بنائیں اور فارم 45کی بنیاد پر الیکشن کے نتائج مرتب کرائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں دس ہزار لوگ لاپتہ ہوچکے ، چالیس ہزار فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، اسرائیل نے قحط سالی پیداکردی ہے ، امریکہ اسرائیل کو کارروائی کی اجازت دے رہا ہے ، مصر جواب دے اسرائیل کیسے رفح بارڈر بند کررہا ہے ، آج فلسطینیوں کی باری ہے تو کل کسی اور کی ہوگی، پاکستان کے نمائندے اقوام متحدہ میں اچھا مؤقف اختیار کررہے ہیں، مگر پاکستان کی صرف مؤثر آواز ہی کافی نہیں بلکہ آگے بڑھ کر عملی حصہ ڈالنا چاہیے۔
خبر کا کوڈ : 1134540
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش