0
Monday 13 May 2024 21:07

کراچی سے چھینی گئی ڈبل کیبن گاڑی لاڑکانہ سے برآمد

کراچی سے چھینی گئی ڈبل کیبن گاڑی لاڑکانہ سے برآمد
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں سچل تھانے کی حدود سے سابق ڈی آئی جی کے بیٹے کی جعلی نمبر پلیٹ والی ریوو کار لاڑکانہ سے مل گئی۔ اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل نے لاڑکانہ میں مقامی پولیس کے ہمراہ چھاپہ مار کر گاڑی برآمد کی۔ ایس ایس پی اے وی ایل سی عارف راؤ نے بتایا کہ اے وی ایل سی کی ٹیم کار لفٹرز کا مستقل پیچھا کر رہی تھی، کارروائی کے دوران ملزمان فرار ہوگئے۔ یہ گاڑی اتوار کے روز مسلح ملزمان نے چھین لی تھی اور محافظ پولیس اہلکار کے ہاتھ اور آنکھوں میں پٹیاں باندھ کر ناردرن بائی پاس پر پھینک کر فرار ہوگئے تھے۔ سچل پولیس نے سابق ڈی آئی جی ڈاکٹر سائیں رکھیو میرانی کے محافظ پولیس اہلکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا تھا۔

پولیس اہلکار نے درخواست میں مؤقف اپنایا کہ سابق ڈی آئی جی کے بیٹے کی سفید رنگ کی اپلائیڈ فور ریو جیپ جس کی نمبر پلیٹ  پر UR 024 درج تھا، دو ملزمان نے مجھ سے چابی چھینے کی کوشش کی تو اس دوران میں نے مزاحمت کی تو کرولا کار سے ایک مسلح ملزم آیا اور اس نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ چابی چھین کر میرے ہاتھ باندھے اور میری آنکھوں میں پٹی باندھ کر لے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ مجھے ناردرن بائی پاس فقیرگوٹھ کی جھاڑیوں میں اتار دیا، ملزمان ڈیڑھ لاکھ روپے نقدی، لائسنس یافتہ نائن ایم ایم پستول، دیگر سامان اور جیپ چھین کر فرار ہوگئے۔

پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اور واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈرائیور جیسے گاڑی میں سوار ہوتا ہے، پیچھے سے چند افراد نمودار ہوتے ہیں اور ایک مبینہ ملزم تشدد کر رہا ہے اور پھر گاڑی میں بیٹھ جاتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1134804
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش