0
Tuesday 14 May 2024 08:13

ممبئی ہورڈنگ حادثہ میں اموات کی تعداد 14 ہوگئی، 74 افراد زخمی

ممبئی ہورڈنگ حادثہ میں اموات کی تعداد 14 ہوگئی، 74 افراد زخمی
اسلام ٹائمز۔ عروس البلاد شہر ممبئی کے گھاٹ کوپر علاقہ میں پیر کے روز آندھی طوفان کے درمیان ایک بڑا ہورڈنگ گرنے سے جان گنوانے والے افراد کی تعداد بڑھ کر 14 ہوگئی۔ حادثہ میں کم از کم 74 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق این ڈی آر ایف کی ٹیموں نے ہورڈنگ کے نیچے پھنسے لوگوں کو بچانے کے لئے آج رات بھر ریسکیو آپریشن کیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ ہورڈنگ میونسپل کارپوریشن کی اجازت کے بغیر نصب کیا گیا تھا۔ یہ ہورڈنگ پنت نگر میں ایسٹرن ایکسپریس ہائی وے کے کنارے واقع ایک پٹرول پمپ پر گرا جہاں بہت سے لوگ موجود تھے۔ یہ ہورڈنگ تقریباً 17040 مربع فٹ سائز کا تھا اور اس کا ذکر لمکا بک آف ریکارڈز میں بھی سب سے بڑے بل بورڈ کے طور پر کیا گیا تھا۔ بی ایم سی کے مطابق اس مقام پر چار ہورڈنگز تھے اور ان سبھی کو اے سی پی (انتظامیہ) نے کمشنر آف پولیس (ممبئی ریلوے) کے لئے منظور کیا تھا۔ بی ایم سی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایجنسی/ریلوے نے ہورڈنگ لگانے سے پہلے بی ایم سی سے کوئی اجازت یا این او سی نہیں لی تھی۔

بل بورڈ بنانے والی ایجنسی میسرز ایگو میڈیا کے خلاف شکایت درج کرائی گئی جس کے بعد بی ایم سی نے ایف آئی آر درج کرائی ہے۔ بی ایم سی نے کہا ہے کہ اس کی طرف سے زیادہ سے زیادہ 40 مربع فٹ کے ہورڈنگ لگانے کی اجازت دی گئی ہے۔ تاہم گرنے والے ہورڈنگ کا سائز 120 مربع فٹ تھا۔ بی ایم سی نے ایجنسی (ایم ایس ایگو) کو نوٹس جاری کیا ہے کہ اسے منظوری نہیں دی گئی ہے، اس لئے اپنے تمام ہورڈنگز کو فوری طور پر ہٹائے۔ بی ایم سی ہیڈکوارٹر میں ڈیزاسٹر کنٹرول روم کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے بی ایم سی کمشنر بھوشن گگرانی نے کہا کہ یہ ایک غیر قانونی ہورڈنگ تھا۔ جس جگہ یہ واقعہ پیش آیا، وہاں ریلوے کی زمین پر چار ہورڈنگز لگائے گئے تھے اور ان میں سے ایک گر گیا ہے۔ بی ایم سی ایک سال سے ہورڈنگس لگانے پر اعتراض کر رہی تھی۔
خبر کا کوڈ : 1134899
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش