0
Tuesday 14 May 2024 15:06

محمد بن سلمان کی پالیسیاں مجھ سمیت تمام لیڈروں کے لیے مشعل راہ ہیں، شہباز شریف

وزیراعظم کا سعودیہ کی قیادت میں عالمی معاشی انقلاب کا دعویٰ
محمد بن سلمان کی پالیسیاں مجھ سمیت تمام لیڈروں کے لیے مشعل راہ ہیں، شہباز شریف
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی قیادت میں عالمی معاشی انقلاب لاسکتے ہیں اور اس سلسلے میں کویت، قطر، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور ترکیہ پارٹنر بن سکتے ہیں، یہ ممالک آئی ٹی اور سرمایہ کاری میں شراکت کر سکتے ہیں، ہمارا عظیم دوست چین بھی اس میں پارٹنر بن سکتا ہے۔ سعودی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ پاک سعودیہ مشترکہ تعاون سے نوجوانوں کو مختلف شعبہ میں تربیت دیں گے، تربیت حاصل کرنے کے بعد پاکستانی ہنر مند سعودی عرب میں کام کر سکیں گے جس سے معیشت بہتر ہو گی، پاکستان کو اس وقت بڑے معاشی بحران کا سامنا ہے۔ ہماری تمام توجہ معیشت کی بہتری پر ہے، معیشت کی اصلاحات اور بنیادی نظام کی تبدیلی کے لیے پرعزم ہیں۔ شہباز سپیڈ اب پاکستان سپیڈ ہے۔

انٹرویو کے دوران شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کی دنیا میں مثال نہیں، پاکستان اور سعودی عرب امن اور خوشحالی میں پارٹنر ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد پاکستان سے تعلقات میں انتہائی مخلص ہیں، محمد بن سلمان نے سعودی عرب کا نقشہ بدل کر رکھ دیا، گزشتہ 8 برسوں میں سعودی ولی عہد نے مثالی کامیابیاں حاصل کیں جو ان کی مدبرانہ فراست و مثالی قیادت کے سبب ہی ممکن ہو سکی ہیں، شہزادہ محمد بن سلمان نے مملکت کا وژن 2030ء پیش کیا جو دنیا کے لیے ایک مثالی نمونہ ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ محمد بن سلمان کی پالیسیاں مجھ سمیت تمام لیڈروں کے لیے مشعل راہ ہیں، سعودی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان انتہائی نتیجہ خیز ثابت ہوا۔

وزیراعظم نے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے کہا کہ پاکستان کا کوئی بھی وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد اپنے پہلے غیرملکی دورے کا آغاز سعودی عرب سے کرتا ہے، اس طرح یہ ایک روایت بن گئی ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاک سعودیہ تعلقات برسوں پر محیط ہیں، ہمارے غم و خوشی مشترکہ ہیں، ہم کامیابی اور ترقی کے بھی ساتھی ہیں، پاکستان اس وقت سنگین معاشی مسائل میں گھرا ہوا ہے اور اسے مسائل کی اس دلدل سے نکلنے کے لیے سعودی عرب اور چین جیسے مخلص اور ہمدرد دوستوں کی ضرورت ہے، ان دونوں ممالک نے کئی بار مشکل ترین حالات میں پاکستان کی مدد کر کے ثابت کیا ہے کہ یہ پاکستان کے سچے دوست ہیں اور پاکستان نے بھی بین الاقوامی اور عالمی معاملات میں ہمیشہ ان ملکوں کا ساتھ دے کر دوستی کا حق ادا کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1134999
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش