0
Tuesday 14 May 2024 18:18

یوم نکبہ کی مناسبت سے وزارت خارجہ ایران کا بیانیہ

یوم نکبہ کی مناسبت سے وزارت خارجہ ایران کا بیانیہ
اسلام ٹائمز۔ العالم نیوز چینل کے مطابق 14 مئی 1948ء فلسطینی سرزمین پر غاصب صیہونی رژیم کے منحوس غاصبانہ قبضے کا آغاز ہوا اور مظلوم فلسطینی عوام کے حقوق کی واضح پامالی کے ذریعے ان سے خود ارادیت کا حق بھی چھین لیا گیا اور یہ صورتحال آج 76 برس کے بعد بھی جوں کی توں ہے۔ فلسطین پر صیہونی رژیم کے غاصب قبضے کے منحوس اثرات آج بھی خطے اور اسلامی دنیا میں موجود ہیں اور یہ امت مسلمہ کے پیکر پر ایک پرانا زخم بن چکا ہے۔ یوم نکبہ اسلامی دنیا کے مرکز میں نسل پرست اور غاصب صیہونی رژیم کی ناجائز پیدائش کا دن ہے جو برطانوی سامراج کی خبیث سازشوں کے نتیجے میں معرض وجود میں آئی۔ یہ دن ہمیں ایک بار پھر نسل کشی، قتل عام، جلاوطنی، غاصبانہ قبضے اور مقدس فلسطینی سرزمین کی بے حرمتی پر مشتمل خونین دورے کی یاد دلاتا ہے جو عالمی سامراجی طاقتوں، خاص طور پر امریکہ کی جانب سے سبز جھنڈی دکھائے جانے اور ان کی براہ راست اور بالواسطہ حمایت کے ذریعے انجام پائے ہیں۔ اسرائیل کی جعلی صیہونی رژیم، جو دنیا میں سرکاری سطح پر منظم دہشت گردی کا واضح مصداق ہے، ہر بار اپنے عالمی جرائم کی فائل میں ایک نیا منحوس صفحہ بڑھا دیتی ہے۔
 
غزہ کی پٹی میں واقع ناصر اور شفا اسپتالوں سے ملنے والی اجتماعی قبریں اس سفاک رژیم کی انسانیت کے خلاف جرائم کی وحشت ناک تصویر پیش کرتی ہیں۔ بین الاقوامی جرائم جیسے جنگی جرائم، نسل کشی اور انسانیت کے خلاف جرائم، اقوام متحدہ کی بنیادی اقدار نیز تمام اخلاقی اقدار، اصولوں اور جانے پہچانے عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ ان تمام جرائم کی بنیاد پر اس کا ارتکاب کرنے والوں کے خلاف عدالتی کاروائی ہو سکتی ہے اور صیہونی مجرم حکمرانوں کو سزا نہ ملنا عالمی مجرمانہ قوانین کے خلاف ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران، غاصب صیہونی رژیم کے ہاتھوں امریکہ کی جانب سے ہمہ جہت سیاسی، فوجی، انٹیلی جنس اور مالی امداد اور حمایت کے ذریعے نہتے بچوں، خواتین اور مردوں سمیت 35 ہزار سے زائد بیگناہ انسانوں کے قتل عام اور 75 ہزار انسانوں کے زخمی ہو جانے اور لاکھوں بے پناہ افراد کے جلاوطن ہو جانے کی شدید مذمت کرتا ہے۔ اسی طرح جنگ بندی اور غزہ میں قتل عام روکنے کی راہ میں امریکہ کی جانب سے رکاوٹیں ڈالنے نیز حال ہی میں اقوام متحدہ میں فلسطین کی مستقل رکنیت کی مخالفت کرنے کو ناقابل قبول، غیر ذمہ دارانہ اور عالمی برادری کے مطالبات کے خلاف گردانتا ہے۔
 
اب جبکہ سال ہای سال یہود دشمنی کی آڑ میں منافقانہ انداز میں مظلوم نمائی کرنے کے بعد اسرائیل کی نسل پرست رژیم کا حقیقی چہرہ عیاں ہو چکا ہے اور کئی سالوں کے پروپیگنڈے کے بعد عالمی رائے عامہ اور باضمیر انسان بیدار ہو چکے ہیں اور اس نجس رژیم کی حقیقت بھانپ چکے ہیں، اور دوسری طرف اس جعلی رژیم کے اندر انتشار اور اختلافات ہمیشہ سے بڑھ کر شدت اختیار کر چکا ہے، یہ امید کی جاتی ہے کہ یہ نکبت اور مظلوم، مستحکم، آزاد اور شجاع فلسطینی قوم کے خلاف جاری حقیقی ہولوکاسٹ اس تاریخی سرزمین کی آزادی کے یوم جشن کے ذریعے اختتام پذیر ہو جائے گی۔ یاد رہے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے بروز جمعہ 10 مئی بھاری اکثریت سے چارٹر کے آرٹیکل 14 کے تحت اقوام متحدہ میں فلسطین کی مستقل رکنیت کے حق میں پیش کردہ قرارداد کو ووٹ دے کر منظور کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1135033
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش