0
Tuesday 14 May 2024 22:02

مسلم و پسماندہ طبقوں کو ووٹنگ سے محروم رکھنے کی کوشش غیر جمہوری ہے، جماعت اسلامی ہند

مسلم و پسماندہ طبقوں کو ووٹنگ سے محروم رکھنے کی کوشش غیر جمہوری ہے، جماعت اسلامی ہند
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر ملک معتصم خان نے میڈیا کو جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ حالیہ انتخابات کے دوران مسلمانوں اور دیگر پسماندہ طبقات کو ووٹنگ کے دوران پریشان کرنے اور ووٹ ڈالنے سے روکنے کے لئے ماحول بنانا، انتہائی مذموم عمل ہے. انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ایسی کسی بھی سرگرمی کی سخت مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ اترپردیش کے سنبھل ضلع میں، کم سے کم چار گاؤں کے لوگوں نے شکایت کی کہ ریاستی پولیس نے پولنگ بوتھوں پر بلا کسی معقول وجہ اور اشتعال انگیزی کے لاٹھی چارج کیا جس کے نتیجے میں سینکڑوں ووٹرز زخمی ہوئے۔ اسی طرح فرخ آباد پارلیمانی حلقہ کے علی گنج اور اونلا پارلیمانی حلقہ میں بہت سے اہل ووٹروں کو مبینہ طور پر ووٹ ڈالنے سے روکا گیا۔ نیز قنوج پارلیمانی حلقہ کے رسول آباد حلقے میں بوگس ووٹنگ کی بھی خبریں مل رہی ہیں۔

ملک معتصم نے مزید کہا کہ بے گناہ ووٹروں پر پولیس کی یہ پُرتشدد کارروائی ایک شہری کو اس کے انتخابی عمل میں آزادانہ بنیادی جمہوری حق سے محروم رکھنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک جمہوری ملک میں ضروری ہوتا ہے کہ ہر شہری کو چاہے وہ کسی بھی مذہب و عقیدے کا پیروکار ہو، اس کی حوصلہ افزائی کی جائے اور انہیں پوری سہولت فراہم کی جائے تاکہ وہ بغیر کسی خوف و خطر اور رکاوٹ کے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ مگر مذکورہ واقعات سے ایک پریشان کن رجحان کی نشاندہی ہوتی ہے اور اشارہ ملتا ہے کہ مسلمانوں اور دیگر پسماندہ طبقات کو منظم طریقے سے ووٹنگ کے حق سے محروم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہند الیکشن کمیشن آف انڈیا سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ ان مذکورہ واقعات کی تحقیقات کرے اور فوری اصلاحی اقدامات کرکے اس بات کو یقینی بنائے کہ آئندہ انتخابی مراحل میں ایسے واقعات کا اعادہ نہ ہو۔
خبر کا کوڈ : 1135044
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش